Inquilab Logo Happiest Places to Work

جانبداری کے الزامات بے بنیاد، ہماری کامیابیاں محنت کا نتیجہ ہیں: لیونل میسی

Updated: July 16, 2026, 10:06 PM IST | New York

ارجنٹائناکے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں ارجنٹائنا کے حق میں مبینہ جانبداری اور فکسنگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی کامیابیاں کسی کی مہربانی نہیں بلکہ مسلسل محنت اور بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہیں۔

Argentine Players.Photo:X
ارجنٹائنا کے کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

 ارجنٹائناکے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں ارجنٹائنا کے حق میں مبینہ جانبداری اور فکسنگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کی کامیابیاں کسی کی مہربانی نہیں بلکہ مسلسل محنت اور بہترین کارکردگی کا نتیجہ ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:میسی نے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں کامیابی شائقین کے نام کر دی


انگلینڈ کو سیمی فائنل میں ۱۔۲؍ سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیونل میسی سے ارجنٹائنا کے حق میں فیفا کی مبینہ جانبداری کے بارے میں سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ’’ہم گزشتہ چار سال سے دنیا کی بہترین ٹیموں میں شامل ہیں، اب یہ بات لوگوں کو پسند آئے یا نہ آئے۔‘‘  انہوں نے کہا’’ہم نے جو کچھ حاصل کیا ہے وہ اتفاق نہیں بلکہ مسلسل محنت اور عمدہ کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ کسی نے ہمیں کچھ نہیں دیا، ہمیں کوئی مفت میں کچھ نہیں دیتا۔‘‘ 
 لیونل میسی نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی کو لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ’’ڈیاگو آج ہوتے تو بہت خوش ہوتے۔ آج کا دن ان کے لیے بھی خاص ہے اور یہ کامیابی ہم انہیں خراجِ عقیدت کے طور پر پیش کرتے ہیں۔‘‘  انہوں نے۱۹۸۶ء کے ورلڈ کپ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میراڈونا نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارجنٹائنا کو ناقابلِ فراموش فتح دلائی تھی اور آج کی کامیابی بھی اسی جذبے کا تسلسل ہے۔ واضح رہے کہ ارجنٹائنا نے سیمی فائنل میں انگلینڈ  کو ۱۔۲؍گول  سے شکست دے کر فیفا ورلڈ  کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل میں جگہ بنائی ہے، جہاں اس کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔ 
اسکالونی نے ارجنٹائنا کے لڑنے کے جذبے کو فتح کی بنیاد قرار دیا
 ارجنٹائنا کے ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی نے بدھ کے روز ورلڈ کپ سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف اسٹاپیج ٹائم میں حاصل کی گئی کامیابی کا سہرا دباؤ کے لمحات میں اپنی ٹیم کے غیرمتزلزل عزم اور لڑنے کے جذبے کو دیا۔ انگلینڈ نے ۵۵؍ویں منٹ میں انتھونی گورڈن کے گول کی بدولت برتری حاصل کی تھی، تاہم ۸۵؍ویں منٹ میں اینزو فرنانڈیز نے اسکور برابر کر دیا، جبکہ سات منٹ بعد لاوتارو مارٹینیز نے فیصلہ کن گول کرکے موجودہ عالمی چیمپئن کو اتوار کو اسپین کے خلاف ہونے والے فائنل میں پہنچا دیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں اسکالونی نے کہا’’میرا ماننا ہے کہ یہ ٹیم مشکل حالات میں اپنا بہترین کھیل پیش کرتی ہے۔ ہمارے سامنے ایک سخت چیلنج تھا، ماحول بھی دباؤ سے بھرپور تھا، لیکن ہم نے پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کیا۔‘‘انہوں نے کہا’’جب ایسا محسوس ہو کہ مواقع نہیں بن رہے اور گول نہیں ہو رہے تو صرف کوشش جاری رکھنی چاہیے۔ ٹیم مسلسل لڑتی رہی۔ ہمیں لگا تھا کہ اگر واپس بھی جانا پڑا تو اس اطمینان کے ساتھ جائیں گے کہ ہم نے اپنا سب کچھ میدان میں جھونک دیا۔ لیکن جس انداز میں ہم نے واپسی کی، وہ صرف حکمت عملی کا نتیجہ نہیں تھا۔ دوسرا گول کرتے ہی ہمیں بچپن سے فٹبال سے اپنی محبت کی تمام یادیں تازہ ہو گئیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:۱۳؍ سالہ خواب پوراہوا، وامیقا گبی کی مادھوری دکشت سے ملاقات


اسکالونی نے اپنے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ ورلڈ کپ فائنل میں داخلہ حاصل کرنے کے اس یادگار لمحے سے بھرپور لطف اٹھائیں۔انہوں نے کہا’’ایسے مواقع بار بار نہیں آتے۔ آج جو کچھ ہوا وہ غیر معمولی تھا۔ یہ سیمی فائنل تھا اور کھیل بھی شاندار رہا۔ اب ہمیں آرام بھی کرنا ہے، تیاری بھی کرنی ہے اور اس کامیابی کا جشن بھی منانا ہے، کیونکہ خوشی کے ایسے لمحات کم ہی نصیب ہوتے ہیں۔‘‘اس ورلڈ کپ میں یہ مسلسل چوتھا میچ تھا جس میں ارجنٹائنا نے دوسرے ہاف کے اسٹاپیج ٹائم یا اضافی وقت میں گول کرکے کامیابی حاصل کی۔ کیپ وردے اور سوئزرلینڈ کے خلاف ارجنٹائنا کو اضافی وقت میں کامیابی ملی تھی، جبکہ مصر کے خلاف ٹیم نے اسٹاپیج ٹائم میں گول کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔ اسکالونی نے اپنی ٹیم کی واپسی کا سہرا کھلاڑیوں کی فطری ذہنی مضبوطی کو دیتے ہوئے کپتان لیونل میسی کی بھی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے کہا’’میں اس ٹیم کو اچھی طرح جانتا ہوں، یہ کھلاڑی کبھی ہار نہیں مانتے۔ یہ ایسے ماحول میں پروان چڑھے ہیں جہاں انہیں کسی چیز کا خوف نہیں تھا، اس لیے ان پر کسی قسم کا ذہنی بوجھ بھی نہیں ہوتا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK