• Wed, 09 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: بیکری مالکان کو متبادل ایندھن استعمال کرنے کیلئے ایک ماہ کی مہلت

Updated: September 09, 2026, 10:46 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | kalyan

لکڑی کی بھٹی کیخلاف کارروائی کے بعد مالکان کی ڈپٹی میونسپل کمشنر سے ملاقات،کمرشیل اور پی این جی گیس پر سبسڈی کا مطالبہ۔

Bakery owners after meeting the Deputy Municipal Commissioner at the DMC headquarters. Photo: INN
بیکری مالکان کے ڈی ایم سی کے صدر دفتر میںڈپٹی میونسپل کمشنر سے ملاقات کے بعد۔ تصویر: آئی این این

کلیان اور ڈومبیولی میں بیکری کاروبار سے وابستہ سیکڑوں خاندانوں اور ہزاروں کارکنوں کے روزگار پر اثرانداز ہونے والی لکڑی کی بھٹی کیخلاف میونسپل انتظامیہ کی کارروائی کے بعد بیکری مالکان نے منگل کو انتظامیہ سے ملاقات کرکے اپنے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔بیکری مالکان نے انتظامیہ سے فوری کارروائی کے بجائے متبادل ایندھن کا انتظام کرنے کے لئے مہلت اور مالی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

منگل کو بیکری مالکان کے وفد نے کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی) کے ڈپٹی میونسپل کمشنر رام داس کوکرے سے ملاقات کی۔تفصیلی گفتگو کے بعد ڈپٹی کمشنر نے بیکری مالکان کو ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت دی کہ اس مدت کے اندر لکڑی کی بھٹی کا استعمال مکمل طور پر بند کرکے کمرشل گیس سلنڈر یا پی این جی گیس کا انتظام کیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: انٹاپ ہل کےٹیکسی ڈرائیور کے حافظ بیٹے نے ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل کیا

ملاقات کے دوران کلیان بیکری اسوسی ایشن کے صدر ممتاز انصاری نے انتظامیہ کی توجہ کمرشل گیس سلنڈروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ مہنگی گیس کے استعمال سے بیکری کاروبارپر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔انہوں نے حکومت اور میونسپل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بیکری مالکان کو پی این جی گیس فراہم کرنے کیلئے سبسڈی دی جائے تاکہ وہ ماحولیاتی اور انتظامی ضوابط پر عمل کرتے ہوئے اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ کے ڈی ایم سی انتظامیہ نے لکڑی کی بھٹی استعمال کرنے والی بیکریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد بیکری پر چھاپے مارے تھے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لکڑی کی بھٹی کے استعمال کے خلاف بیکری مالکان کو پہلے ہی نوٹس جاری کرکے متبادل ایندھن اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔کلیان اور ڈومبیولی میں ۱۰۰؍ سے زائد بیکریاں قائم ہیں جن سے تقریباً ۱۰؍ سے ۱۲ ؍ ہزار کارکنوں کا روزگار وابستہ ہے۔ ڈپٹی میونسپل کمشنر رام داس کوکرے سے ہونے والی ملاقات میں سنگم بیکری کے مہندر جناردن پاٹھک، راجو جوشی، گرو مہاتر، سنیل بھائی پڈیال، جنید بھائی، دانش تانکی، جعفر شیخ، سمیر شیخ، نور محمد شیخ سمیت بڑی تعداد میں بیکری مالکان موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK