• Wed, 09 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چھوٹی عمر میں بڑا کارنامہ، ۹؍سالہ فاتح فوزان نے بلیک بیلٹ حاصل کیا

Updated: September 09, 2026, 10:50 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Neral

نیرل کےقریب دامت گاؤں کے طالب علم نے مارشل آرٹس کے میدان میں شاندار کامیابی حاصل کرکے گاؤں کا نام روشن کردیا۔

Winner Fauzan Naje (center), who earned a black belt by demonstrating outstanding performance, can be seen here. Photo: INN
شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلیک بیلٹ حاصل کرنے والے فاتح فوزان نجے(درمیان میں)کو دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

محنت اور کم عمری میں غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیرل کے قریب دامت گاؤں کے ۹ سالہ طالب علم فاتح فوزان نجے نے مارشل آرٹس کے میدان میں شاندار کامیابی حاصل کرکے اپنے گاؤں کا نام روشن کر دیا۔عالمی سطح پر معتبر تنظیم کمورا شوکوکائی انٹرنیشنل کے زیر اہتمام منعقدہ بلیک بیلٹ امتحان میں مہاراشٹر کی مختلف شاخوں سے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ ان میں سب سے کم عمر فاتح فوزان نجے نے اپنی بے مثال صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلیک بیلٹ حاصل کیا۔اس کم عمری میں حاصل ہونے والی یہ کامیابی نہ صرف فاتح کی محنت اور لگن کا ثبوت ہے بلکہ دامت جیسے چھوٹے سے گاؤں کے لئے بھی باعث فخر بن گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:کلیان: بیکری مالکان کو متبادل ایندھن استعمال کرنے کیلئے ایک ماہ کی مہلت

دامت گاؤں کے طالب علم فاتح فوزان نجے نے  حال ہی میں کلیان میں منعقدہ بلیک بیلٹ امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کر کے نہ صرف اپنے والدین بلکہ پورے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ مہاراشٹر بھر سے ۵۰۰ ؍ سے زائد طلباء و طالبات نے اس اہم امتحان میں شرکت کی۔ تاہم فاتح ان تمام امیدواروں میں سب سے کم عمر طالب علم تھے۔ صرف ۹ ؍سال کی عمر میں بلیک بیلٹ حاصل کرنا ان کی محنت، لگن، مستقل مزاجی اور نظم و ضبط کا روشن ثبوت ہے۔فاتح فوزان کی کامیابی کی ایک نمایاں خصوصیت یہ بھی ہے کہ ان کے کوچ کوئی اور نہیں بلکہ ان کے والد فوزان نجے خود ہیں۔ 

والد کی نگرانی میں تربیت

فاتح نے کم عمری ہی سے اپنے والد کی نگرانی میں کراٹے کی باقاعدہ تربیت شروع کی اور روزانہ کی مشق، مسلسل محنت اور بھرپور عزم کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو نکھارا۔ بالآخر اسی محنت کا نتیجہ بلیک بیلٹ امتحان میں شاندار کامیابی کی صورت میں سامنے آیا۔

یہ بھی پڑھئے:کون ہیں آکرتی چودھری جنہیں افسران بالا کی تنخواہ کاٹ کر ۵؍ لاکھ روپے معاوضہ کا عدالت نے حکم دیا

فاتح کی کامیابی اس حقیقت کی ایک روشن مثال ہے کہ اگر بچوں کو کم عمری سے ہی مناسب تربیت اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے تو وہ غیر معمولی کارنامے انجام دے سکتے ہیں۔فاتح فوزان نجے کی اس کامیابی کو علاقے کیلئے اس اعتبار سے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ ایک چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھنے والے کم عمر طالب علم نے ریاست بھر کے سیکڑوں امیدواروں کے درمیان اپنی صلاحیت کا لوہا منواتے ہوئے بلیک بیلٹ حاصل کیا ہے۔ ان کی کامیابی نہ صرف دیگر بچوں کیلئے حوصلہ افزا مثال ہے بلکہ والدین اور تربیت کاروں کیلئے بھی اس بات کا پیغام ہے کہ صلاحیت کو صحیح سمت اور مسلسل محنت مل جائے تو عمر اور وسائل کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتے۔

یہ بھی پڑھئے:امریکہ، جنوبی کوریا اور جاپان نے ۵؍ روزہ مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کیا

مشکل حالات کا حوصلے کے ساتھ مقابلہ!

اپنے بیٹے کی کامیابی کے حوالے سے نمائندۂ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے فوزان نجے نے کہا کہ دامت جیسے چھوٹے سے گاؤں میں قائم آئرن فِسٹ کراٹے اکیڈمی کا مقصد بچوں کو محض فائٹنگ یا مقابلوں کیلئے تیار کرنا نہیں بلکہ انہیں زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیاب ہونے کیلئے ذہنی و جسمانی طور پرمضبوط بنانا ہے۔ اکیڈمی میں بچوں کو نظم و ضبط، جسمانی فٹنس، ذہنی مضبوطی، سیلف ڈیفنس، احترام،برداشت، ذمہ داری اور مشکل حالات کا حوصلے کے ساتھ سامنا کرنے کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحیح رہنمائی اور مسلسل محنت کے ذریعے کم عمر بچے بھی اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر قومی سطح پر اپنی شناخت قائم کر سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK