۴۲؍سالہ ہندوستانی اسپن گیندباز نے اپنے بین الاقوامی کرکٹ کریئر کا آغاز ۲۰۰۳ء میں کیا تھا۔
EPAPER
Updated: September 05, 2025, 3:22 PM IST | Agency | New Delhi
۴۲؍سالہ ہندوستانی اسپن گیندباز نے اپنے بین الاقوامی کرکٹ کریئر کا آغاز ۲۰۰۳ء میں کیا تھا۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے معروف لیگ اسپنر امیت مشرا نے جمعرات کو کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ ۴۲؍سالہ ہریانہ کے اس گیندباز نے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز ۲۰۰۳ءمیں کیا تھا اور ۲۰۱۷ءتک ہندوستان کی نمائندگی کی۔ امیت مشرا نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے اپنے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا’’میں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔‘‘
ٹیسٹ ڈیبیو میں مشرا کی شاندار کارکردگی
امیت مشرا نے ۲۰۰۸ءمیں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں ۵؍ وکٹیں حاصل کیں اور دوسری اننگز میں بھی ۲؍ وکٹیں لے کر سب کی توجہ اپنی طرف کھینچی۔ امیت نے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ اپریل ۲۰۰۳ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا۔ انہوں نے آخری ون ڈے اکتوبر ۲۰۱۶ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا۔امیت مشرا نے ٹی۲۰؍ڈیبیو ۲۰۱۰ءمیں زمبابوے کے خلاف کیا تھا جبکہ آخری ٹی۲۰؍فروری ۲۰۱۷ء میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ یہی ان کا آخری بین الاقوامی میچ بھی ثابت ہوا۔ مشرا نے اپنا آخری ٹیسٹ ۲۰۱۶ءمیں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔
بین الاقوامی کریئر
امیت مشرا نے ہندوستان کےلئے۲۲؍ ٹیسٹ، ۳۶؍ ون ڈے اور ۱۰؍ٹی۔۲۰؍بین الاقوامی میچ کھیلے۔ ٹیسٹ میں وہ ایک روایتی لیگ بریک گیندباز کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہوں نے اپنے کریئر میں کئی بار ٹیم کو مشکل حالات سے باہر نکالا۔ امیت مشرا نے ۲۲؍ ٹیسٹ میں ۷۶؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ۷۱؍رن دے کر ۵؍ وکٹیں ان کی بہترین بولنگ پرفارمنس رہی۔ ۳۶؍ون ڈے میں انہوں نے ۶۴؍ وکٹیں لیں۔ ۴۸؍رن دے کر ۶؍ وکٹیں ان کی بہترین کارکردگی تھی۔ اس دوران ان کا اکانومی ریٹ ۴ء۷۳؍ کا تھا۔ ٹی۔۲۰؍بین الاقوامی میں انہوں نے ۱۰؍میچوں میں ۱۶؍وکٹیں حاصل کیں۔ ۲۴؍ رن دے کر ۳؍ وکٹیں ان کی بہترین پرفارمنس رہی۔
آئی پی ایل میں اہم کردار
حالانکہ انہوں نے ۲۰۱۷ءکے بعد سے ہندوستان کے لئے کوئی میچ نہیں کھیلا لیکن وہ آئی پی ایل ۲۰۲۴ءتک فعال رہے۔ مشرا نے انڈین پریمیر لیگ(آئی پی ایال) میں اپنی لیگ اسپن گیندبازی سے بلے بازوں کو خوب پریشان کیا اور کئی بار میچ کا رخ موڑدیا۔ آئی پی ایل میں مشرا نے ۱۶۲؍ میچ کھیلے اور ۱۷۴؍وکٹیں حاصل کیں۔ وہ آئی پی ایل کے سب سے کامیاب بولرز میں سے ایک ہیں۔ مشرا نے اپنا آخری آئی پی ایل میچ ۲۰۲۴ء میں راجستھان رائلز کے خلاف کھیلا تھا۔ اتفاق سے ان کا آئی پی ایل ڈیبیو بھی اسی ٹیم کے خلاف ۲۰۰۸ءمیں ہوا تھا۔