Inquilab Logo Happiest Places to Work

مراکش کے ساتھ ڈرا کے بعد اینسیلوٹی نے برازیل کی حمایت کی

Updated: June 14, 2026, 7:04 PM IST | New Jersey

برازیل کے ہیڈ کوچ کارلو اینسیلوٹی نے اپنے کھلاڑیوں پر تنقید کرنے سے انکار کر دیا، جب ورلڈ کپ کے گروپ سی میں برازیل کا پہلا میچ مراکش کے خلاف ۱۔۱؍گول سے ڈرا رہا۔

Carlo Ancelotti.Photo:X
کارلو اینسیلوٹی۔ تصویر:ایکس

برازیل کے ہیڈ کوچ کارلو اینسیلوٹی نے اپنے کھلاڑیوں پر تنقید کرنے سے انکار کر دیا، جب ورلڈ کپ کے گروپ سی میں برازیل کا پہلا میچ مراکش کے خلاف  ۱۔۱؍گول سے ڈرا رہا۔ سنیچر کو نیو جرسی میں کھیلے جانے والے  میچ کے پہلے آدھے گھنٹے میں پانچ بار کی ورلڈ چیمپئن ٹیم فارم میں نظر نہیں آئی اور مراکش نے اسماعیل سیباری کے گول کے ذریعے برتری حاصل کر لی۔  ریئل  میڈرڈ کے فارورڈ وینیسیئس جونیئر نے ۳۲؍ ویں منٹ میں برابری کا گول کیا اور دوسرے ہاف میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برازیل کے پاس جیت کا گول کرنے کے کئی مواقع تھے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں اینسیلوٹی نے کہا کہ ’’میرے خیال میں ہمیں اس بات پر دوبارہ غور کرنا ہوگا کہ ہم نے میچ میں کیا کیا۔ ہم نے اچھا نہیں کھیلا۔ ہم غیر متوازن تھے اور کئی بار گیند پر اپنا کنٹرول کھو بیٹھے۔ دوسرے ہاف میں ہم نے تھوڑا بہتر کھیل دکھایا، لیکن ہمیں ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔ یہ پہلا میچ تھا اور ہم یہ امید نہیں کر سکتے کہ ٹیم شروع سے ہی بالکل پرفیکٹ کھیلے گی۔ ہمیں دیکھنا ہوگا اور آگے بڑھتے ہوئے بہتری لانی ہوگی۔ صرف پہلے میچ کی بنیاد پر ورلڈ کپ نہیں جیتا جاتا۔‘‘
اینسیلوٹی نے ہاف ٹائم (میچ کے وسط) میں دو تبدیلیاں کیں، رائٹ بیک پوزیشن پر روجر ایبانیز کی جگہ ڈینیلو کو اور مڈ فیلڈ میں کاسیمیرو کی جگہ فیبینہو کو میدان میں اتارا۔ ان تبدیلیوں سے برازیل کی ٹیم سنبھلتی ہوئی دکھائی دی اور جیسے جیسے مراکش کے کھلاڑی تھکنے لگے، برازیل نے کھیل پر اپنا کنٹرول مضبوط کرنا شروع کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے:ہیٹی کو شکست دے کر اسکاٹ لینڈ نے ۳۶؍ برس بعد فیفاورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کی


اینسیلوٹی نے اس بات کو مسترد کر دیا کہ اس نتیجے کا اثر ہیٹی اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف ہونے والے اگلے دو گروپ اسٹیج میچوں سے پہلے ٹیم کے حوصلے پر پڑ سکتا ہے۔ اطالوی کوچ اینسیلوٹی نے کہا کہ ’’ہمیں پورا بھروسہ ہے۔ فٹبال میں سب کچھ ہمیشہ پرفیکٹ نہیں ہوتا۔ جب چیزیں آپ کے حق میں نہ ہوں، تو آپ کو تنقید قبول کرنی ہوتی ہے اور بہتر کرنے کی کوشش کرنی ہوتی ہے۔ ہم یہی کریں گے۔ پورے ٹورنامنٹ کے دوران ہم اسی اصول پر قائم رہیں گے۔ آغاز میں یہ ایک مشکل میچ تھا۔ ٹیم گھبرائی ہوئی تھی اور ہم گیند پر اپنا قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے۔ دوسرا ہاف تھوڑا بہتر تھا، لیکن پھر بھی یہ مشکل تھا اور مجھے یقین ہے کہ ہم اگلے میچ میں بہتر کھیلیں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:پرنیت مورے تنازع: مہاراشٹر حکومت سخت، ویڈیوز کی جانچ کا حکم دیا


اینسیلوٹی نے نوعمر فارورڈ اینڈرک کو میدان میں نہ اتارنے کے اپنے فیصلے پر بات کرنے سے انکار کر دیا، اینڈرک متبادل کھلاڑی کے طور پر بینچ پر ہی بیٹھے رہے۔ لیکن انہوں نے وینیسیئس کی تعریف کی، جنہیں انہوں نے ریئل میڈرڈ کے کوچ رہتے ہوئے مینیج کیا تھا۔ ۶۷؍ سالہ کوچ نے کہا کہ ’’وینیسیئس نے اچھا کھیلا۔ وہ کافی خطرناک ثابت ہوئے اور ان میں ایک شاندار ورلڈ کپ کھیلنے کی پوری صلاحیت موجود ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK