Inquilab Logo

ٹائم آؤٹ کے فیصلے سے کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا: انجیلو

Updated: November 08, 2023, 11:45 AM IST | Agency | Mumbai

سری لنکا کے آل راؤنڈر انجیلو میتھیوز نے بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں امپائر کی جانب سے ’ٹائم آؤٹ‘ کے فیصلے کو ’شرم ناک‘ قرار دے دیا۔

Angelo Mathews. Photo: INN
انجیلو میتھیوز۔ تصویر:آئی این این

سری لنکا کے آل راؤنڈر انجیلو میتھیوز نے بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں امپائر کی جانب سے ’ٹائم آؤٹ‘ کے فیصلے کو ’شرم ناک‘ قرار دے دیا۔ سری لنکن بلے باز انجیلو میتھیوز پیرکو میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ’ٹائم آؤٹ‘ ہونے کے معاملے پر بنگلہ دیشی کھلاڑی شکیب الحسن پر برس پڑے۔انہوں نے میچ کے بعد پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے۱۵؍ برسوں کے کریئر میں کبھی کسی ٹیم کو اس قدر گرتے ہوئے نہیں دیکھا، بنگلہ دیش نے جو کیا وہ تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔
 سری لنکا کے بلے باز نے کہا کہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق میرے پاس تیار ہونے کیلئے ۲؍ منٹ تھے اور میں اس دوران گراؤنڈ میں پہنچ گیا تھا لیکن ہیلمٹ خراب تھا، اگر وہ (بنگلہ دیش) جیتنے کے لئے اس قدر گر سکتے ہیں تو یہ غلط ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی حفاظت پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کے دوران کھلاڑیوں کی حفاظت اولین ترجیح ہوتی ہے، کچھ بھی ہو جائے وکٹ کیپر بھی کبھی ہیلمٹ کے بغیر نہیں کھیلتا۔
 انجیلو میتھیوز نے کہا کہ بنگلہ دیش تھا اسی لئے ایسا ہوا، مجھے نہیں لگتا کہ کسی اور ٹیم نے ایسا کیا ہو گا۔سری لنکن کھلاڑی نے ویڈیو ثبوت کی بنیاد پر دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس ویڈیوز ہیں ، ۲؍منٹ مکمل ہونے میں ابھی۵؍ سیکنڈ باقی تھے لیکن اس سے قبل ہی شکیب الحسن نے ’ٹائم آؤٹ‘ کی اپیل کر دی، امپائر چاہتے تو ریویو کر سکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہا کہ اگر میں کھیلتا تو میری ٹیم جیت جاتی لیکن جو ہوا وہ غلط تھا، شکیب کیلئے میرے دل میں کافی عزت تھی جو اب ختم ہو چکی ہے۔دوسری جانب شکیب الحسن نے میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ایک سال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے فیصلے پر کوئی شرمندگی نہیں ہے کیونکہ قانون یہی کہتا ہے اور اگر کسی کو مسئلہ ہے تو آئی سی سی کو اپنے قوانین تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ ہندوستان میں جاری انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ ۲۰۲۳ء میں گزشتہ روز دو بار تاریخ رقم ہوئی، پہلی سری لنکن کھلاڑی انجیلو میتھیوز کرکٹ کی تاریخ میں ٹائم آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے جبکہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو پہلی مرتبہ شکست دی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK