Inquilab Logo

لیونل میسی کے بغیر ارجنٹائنا کی شاندارکامیابی

Updated: September 14, 2023, 9:15 AM IST | Lapaz

ورلڈ کپ کوالیفائر میں ارجنٹائنا نے بولیویا کو اس کی ہی سرزمین پر ۰۔۳؍گول سے شکست دے کر پورے ۳؍پوائنٹ حاصل کئے

Argentine Player Enzo. Photo:INN
ارجنٹائنا کے کھلاڑی اینزو۔(تصویر:آئی این این)

ورلڈ کپ۲۰۲۶ء کے جنوبی امریکن کوالیفائنگ میچ میں عالمی چمپئن ارجنٹائنا نے بولیویا کو۰۔۳؍گول سے شکست دے کر لا پاز کی بلندی پر بنائے گئے اسٹیڈیم کے نامساعد حالات اور اسٹار اسٹرائیکر لیونل میسی کی عدم موجودگی کے باوجود فتح کی مہم جاری رکھی۔   یہ ارجنٹائنا کی مسلسل دوسری فتح ہے۔انہوں نے پہلے ہاف میں ۲؍ گول کر کے اپنی جیت کو یقینی بنایا۔ ادھر ارجنٹائنا کا کام اس وقت آسان ہو گیا جب بولیویا کے روبرٹو فرنانڈیز کو۳۹؍ویں منٹ میں ریڈ کارڈ مل گیا۔ میسی تھکاوٹ کی وجہ سے اس میچ میں نہیں کھیل سکے تھے۔ ان کی غیر موجودگی میں تجربہ کار اینجل ڈی ماریا نے ٹیم کی قیادت کی۔اینزو فرنانڈیز نے ۳۱؍ ویں منٹ میں ڈی ماریا کی کوشش سے پہلا گول کیا۔ نکولس ٹیگلیافیکو نے۴۲؍ویں منٹ میں دوسرا اور نیکو گونزالیز نے۸۳؍ویں منٹ میں تیسرا گول کر کے ارجنٹائنا کی آسان فتح کو یقینی بنایا۔ یوروگوئے کے پاس ارجنٹائنا کے ساتھ برابری کا موقع تھا لیکن ان کی ٹیم ایکواڈور سے۱۔۲؍گول سے ہار گئی۔ 
دوسری طرف یورو کوالیفائر ۲۰۲۴ء کے پہلے میچ میں شکست کے بعد اٹلی نے دوسرا مقابلہ یوکرین سے جیت لیاہے۔ اٹلی کی ٹیم نے اس مقابلے میں اچھی کارکردگی پیش اور اسے ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دے کر پورے ۳؍پوائنٹس لئے   ۔ یورو کپ ۲۰۲۴ء کے کوالیفائر میچ میںمنگل کی دیر رات بلجیم کی مضبوط ٹیم نے کمزور ایسٹونیاکو ۰۔۵؍ گول سے روند کر ٹیبل پر اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔ بلجیم کے کھلاڑیوں نے ایسٹونیا سے صلہ رحمی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
 میڈرڈ میں اسپین کی مضبوط ٹیم نے قبرص کو یورو کوالیفائر ۲۰۲۴ء کے میچ میں منگل کو ۰۔۶؍ گول سے روند کر پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ اسپین کی جانب سے نوجوان کھلاڑی فارین ٹوریس نے ۲؍گول کئے اور وہ اس میچ کے ہیرو رہے۔یورو کوالیفائر ۲۰۲۴ء کے میچ میں آسٹریا نے سویڈین جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر ٹیبل میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔ آسٹریا نے سویڈن کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے روند کر پورے ۳؍  پوائنٹس حاصل کرلئے۔ زیورخ (ایجنسی):یوروکپ کوالیفائر ۲۰۲۴ء کے میچ میں منگل کی دیر رات سوئزر لینڈ نے اینڈورا کی ٹیم کو ۰۔۳؍گول سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹ حاصل کئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK