Inquilab Logo Happiest Places to Work

ارجنٹائنا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے قومی ٹیم سے ریٹائر ہونے کا اشارہ دیا!

Updated: August 30, 2025, 1:38 PM IST | Agency | Buenos Aires

آخری میچ وینزویلا کیخلاف عالمی کپ کوالیفائر اپنی سرزمین پر ارجنٹائنا کیلئے کھیلنے کا اعلان کیا، بیوی بچے اور والدین اسٹیڈیم میں موجود رہیں گے۔

Lionel Messi. Picture: INN
لیونل میسی۔ تصویر: آئی این این

 ارجنٹائنا کے اسٹار فٹ بال کھلای لیونل میسی نے اپنے ملک کے مداحوں کے جذبات کو بھڑکا دیا جب انہوں نے اعلان کیا کہ وینزویلا کے خلاف ان کا آئندہ میچ ارجنٹائنا کی سرزمین پر ان کا آخری باضابطہ میچ ہوگا۔ یہ اعلان ۲۰۲۶ء کے ورلڈ کپ کے آغاز سے چند ماہ قبل آیا ہے۔ ارجنٹائنا کی قومی ٹیم کے کپتان نے تصدیق کی ہے کہ ۴؍ ستمبر کو بیونس آئرس میں مونومنٹل اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کوالیفائر کے تحت وینزویلا کے خلاف میچ ان کا ملک میں آخری باضابطہ مقابلہ ہوگا۔ اس کے بعد، عالمی چمپئن اور ان کے ساتھی کوالیفائرز کا آخری میچ ارجنٹائنا سے باہر ایکواڈور کے خلاف کھیلیں گے۔
  اس اعلان کے باوجود میسی نے قومی ٹیم کی جرسی بیرون ملک یا ملک کے اندر دوستانہ میچوں میں پہننے کے امکان کو کھلا رکھا ہے۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے ابھی تک بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
  انٹر میامی کو امریکن/میکسیکن لیگ کپ کے فائنل میں پہنچانے کے بعد، میسی نے’ایپل ٹی وی‘ کیساتھ ایک انٹرویو میں کہا’’وینزویلا کے خلاف میچ ایک خاص لمحہ ہوگا، یہ کوالیفائر میچ میرے ملک کے مداحوں کے درمیان میراآخری میچ ہوگا۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں قومی ٹیم کیساتھ دوستانہ میچوں یا دیگر مقابلوں میں کھیلنا جاری رکھوں گا یا نہیں۔‘‘
  ۳۹؍سالہ اس لیجنڈ کو ارجنٹائنا کے مداحوں کی طرف سے ایک غیر معمولی الوداعی تقریب ملے گی کیونکہ میسی نے بتایا کہ ان کا خاندان اس تاریخی لمحے کو ان کے ساتھ شیئر کرنے کیلئے اسٹیڈیم میں موجود ہوگا’’ میری بیوی، بچے، میرے والدین اور بھائی بہن میرے ساتھ ہوں گے۔ ہم سب مل کر اس ماحول کا تجربہ کریں گے اور اس کے بعد مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہوگا۔میں اپنے مداحوں ،پرستاروں اور گھر والوں کے سامنے کھینا چاہتا ہوں اور اس میچ کو جو ہوسکتا ہے کہ ارجنٹائنا میں ملک کےلئے  میرا آخری میچ ہو اسے یادگار بنانا چاہتا ہوں۔‘‘ 
 میسی کا ارجنٹائنا کے ساتھ ۲؍ دہائیوں پر محیط کریئر ۲۰۲۲ء کے قطر ورلڈ کپ کا خطاب جیتنے کے ساتھ اپنے عروج پر پہنچا، اس سے قبل وہ ۲؍ بار کوپا امریکہ کا ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں۔ اپنے بین الاقوامی کریئر میں انہوں نے ۱۹۳؍ میچوں میں ۱۱۲؍گول کئے، جس سے وہ اپنے ملک کی تاریخ کے بہترین گول اسکورر بن گئے۔ان کا مقصد فیفا ورلڈ کپ خطاب کا دفاع کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK