Inquilab Logo

ارجنٹائنا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے۸؍ویں بار ’بیلون ڈی اور‘ اپنے نام کرلیا

Updated: November 01, 2023, 11:27 AM IST | Agency | Paris

لیونل میسی کو ارجنٹائنا کی جانب سے فیفا ورلڈکپ جیتنے اور کلب سیزن میں پیرس سینٹ جرمین کی جانب سے۲؍ ٹرافیز جیتنے پر ’بیلون ڈی اور‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

Lionel Messi Won The Ballon D`or. Photo: INN
لیونل میسی نے بیلن ڈی اور جیت لیا۔ تصویر:آئی این این

فرانس کے شہر پیرس میں منعقدہ۶۷؍ویں ’بیلون ڈی اور‘ کی تقریب میں لیونل میسی نے ریکارڈ۸؍ویں بار دنیائے فٹبال کا سب سے بڑا انفرادی ایوارڈ بیلون ڈی اور اپنے نام کیا، اس دوڑ میں ناروے کے ارلنگ ہالینڈ دوسرے جبکہ فرانسیسی کھلاڑی کائلیان ایمباپے تیسرے نمبر پر رہے۔
 لیونل میسی کو ارجنٹائنا کی جانب سے فیفا ورلڈکپ جیتنے اور کلب سیزن میں پیرس سینٹ جرمین کی جانب سے۲؍ ٹرافیز جیتنے پر ’بیلون ڈی اور‘ کے اعزاز سے نوازا گیا، جس کے ساتھ ہی وہ سب سے زیادہ ۸؍’بیلون ڈی اور‘ ایوارڈس اپنے نام کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں ، ان کے حریف کرسٹیانو رونالڈو۵؍ بیلون ڈی اور‘ ایوارڈس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
 معروف سابق فٹبالر ڈیوڈ بیکہم نے لیونل میسی کو اس انعام کی ٹرافی دی، اس موقع پر میسی نے اپنی فیملی کا شکریہ ادا کیا اور اپنے اس اعزاز کو ارجنٹائنا کے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے نام کیا۔ میزبان ڈورگبا نے ’بیلون ڈی اور‘ کی دوڑ میں شامل کھلاڑیوں کے حوالے سے میسی کا مؤقف دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ ’’ایمباپے اور ارلنگ دونوں کا سال انتہائی شاندار رہا اور میں آنے والے برسوں میں ان دونوں کو ’بیلون ڈی اور‘ کے ساتھ دیکھ رہا ہوں۔‘‘
 بیلون ڈی اور کی تقریب میں دنیائے فٹبال میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو ایوارڈس دئیے جاتے ہیں جن میں یہ اہم اعزازات شامل ہیں۔
سال کے بہترین گول کیپر کا اعزاز ارجنٹائنا کے ایمی مارٹینز نے اپنے نام کیا۔ سال میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے گول کیپر کو یاشن ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔ ایمی مارٹینیز کی بہترین کارکردگی نے ارجنٹائنا کو فیفا ورلڈ کپ جتانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
 سال کے بہترین نوجوان کھلاڑی کا کوپا ایوارڈ انگلینڈ اور ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی جوڈ بیلنگہم کے نام رہا۔ وہ رواں سیزن ہی ریئل میڈرڈ کے لئے سائن ہوئے ہیں جہاں وہ ٹیم کے لیے بہترین کھیل پیش کررہے ہیں ۔ کوپا ٹرافی اس بہترین نوجوان کھلاڑی کو دی جاتی ہے جس کی عمر ۲۱؍سال سے کم ہو۔سال کے بہترین اسٹرائیکر کا گرڈ مولر ایوارڈ مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے ارلنگ ہالینڈ نے اپنے نام کیا۔ گزشتہ کلب سیزن میں ارلنگ ہالینڈ کی جانب سے اسکور کئے جانے والے ریکارڈ۵۲؍ گولز نے مانچسٹر سٹی کوچمپئن لیگ، پریمیر لیگ اور ایف اے کپ (ٹریبل) جتانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
  یہ ایوارڈ برازیل اور  ریئل میڈرڈ کے ونیشیئش جونیئر نے اپنے نام کیا۔ برازیلی فٹبالر کے نام سے منسوب سوکریٹس ایوارڈ انسانی حقوق کے حوالے سے آواز اٹھانے والے کھلاڑی کو سراہنے کے لیے دیا جاتا ہے۔
  مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے مسلسل دوسری بار سال کی بہترین کلب ٹیم ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ مانچسٹر سٹی کلب سیزن۲۳۔۲۰۲۳ء میں ٹریبل جیتنے کا اعزاز حاصل کرچکی ہے جبکہ بیلون ڈی اور کی دوڑ میں شامل ٹاپ۱۰؍ کھلاڑیوں میں مانچسٹر سٹی کے۵؍ کھلاڑیوں کے نام شامل تھے۔ خواتین کی بہترین کلب فٹبال ٹیم بارسلونا رہی۔
  سال کے بہترین مرد فٹبالر کا اعزاز جہاں لیونل میسی نے حاصل کیا وہیں سال کی بہترین خاتون فٹبالر کا ’بیلون ڈی اور‘ ہسپانوی کھلاڑی ایتینا بونمتی کے نام رہا۔ لیونل میسی کی طرح وہ بھی اسپین کی جانب سے کھیلتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ جیت چکی ہیں جبکہ وہ فٹبال کلب بارسلونا سے بھی منسلک ہیں جہاں انہوں نے سال بھر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔فرانس اور  ریئل میڈرڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے کریم بینزیما نے گزشتہ سال بیلون ڈی اور جیتا تھا جبکہ اس سال وہ بیلون ڈی اور کی دوڑ میں ۱۶؍ ویں نمبر پر رہے۔لیونل میسی نے فٹبال کی دنیا کے سب سے بڑے انفرادی ایوارڈ ۸؍ویں بار اپنے نام کیا اس سے قبل کوئی بھی فٹبالر اتنی بار یہ اعزاز حاصل نہیں کرپایا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK