۱۳۴؍ رن کا آسان ہدف حاصل کرنے میں پاکستان کو کافی جدوجہد کرنی پڑی، سری لنکا اب تک سپر فورکے اپنے دونوں میچ ہار چکا ہے۔
EPAPER
Updated: September 25, 2025, 1:41 PM IST | Agency | Mumbai
۱۳۴؍ رن کا آسان ہدف حاصل کرنے میں پاکستان کو کافی جدوجہد کرنی پڑی، سری لنکا اب تک سپر فورکے اپنے دونوں میچ ہار چکا ہے۔
گیند بازوں کی متاثر کن کارکردگی کے بعد پاکستان نے نچلی صف کے بلے بازوں حسین طلعت (۳۲؍ ناٹ آؤٹ) اور محمد نواز(۳۸؍ ناٹ آؤٹ )کی محتاط اننگز کی بدولت ایشیا کپ کے سپر فور میچ میں سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے۱۸؍ اوور میں پانچ وکٹ کے نقصان پر۱۳۸؍ رن بناکر ہدف حاصل کیا۔ سری لنکا کی طرف سے تھکشانا، ہسارنگا نے ۲-۲؍ وکٹیں جبکہ چمیرا کوایک وکٹ ملی۔ چھوٹے ہدف کا تعاقب کرنے اتری پاکستانی ٹیم کو کافی جدوجہد کرنی پڑی اور اس کے سلامی بلے باز جلدی ہی پویلین لوٹ گئے ۔ پاور پلے کا آخری اوور ڈال رہے مہیش تیکشانا نے کرو یا مرو کے میچ میں فخر زمان(۱۷) اور صاحبزادہ فرحان(۲۴)کو کیچ آؤٹ کراکر پاکستان کو زبردست جھٹکا دیا۔ وانیندو ہسارنگا نے مڈ آف پر ایک ہاتھ سے شاندار کیچ پکڑا۔ پاور پلے کے بعد پاکستان کا اسکور۲؍ وکٹوں پر ۴۸؍ رن تھا۔
چھوٹے ہدف کا تعاقب کررہی پاکستانی کی ٹیم ابھی سنبھل ہی نہیں پائی تھی کہ ساتواں اوور کررہے وانیندو ہسارنگا کو پہلے ہی اوور میں وکٹ مل گیا ۔ انہوں نے صائم ایوب کو۲؍ رن پر آؤٹ کرکے واپس پویلین بھیج دیا۔ ہسارنگا نے صائم کا وکٹ لے کر ابرار کے اسٹائل میں جشن منایا۔ واضح رہے ابرار نے بھی ہسارنگا کا وکٹ لے کر ان کے اسٹائل میں خوشی ظاہر کی تھی۔
پاکستان کو ساتویں اووَر میں پھر ہسارنگا نے ایک اور دھچکا دیا ۔ انہوں نے اووَر کی پہلی ہی گیند پر پاکستان کے کپتان سلمان علی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکیا۔ سلمان صرف پانچ رن ہی بناسکے۔ دشمنتھا چمیرا نے۱۲؍ویں اوور کی پہلی گیند پر محمد حارث کو بولڈ کیا۔ حارث ۱۳؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چمیرا نے پہلا وکٹ حاصل کیا۔پاکستان نے۱۵؍ویں اوور میں ۱۰۰؍ رن کا ہندسہ عبور کر لیا۔ محمد نواز نے نووان تھشارا کے اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کے اسکور کو۱۰۰؍ کے پار پہنچایا۔
اس سے قبل پاکستان نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں سری لنکا پر دباؤ بنایا ۔ اس میچ میں پاکستان کی گیند بازی اور فیلڈنگ دونوں بہتر رہی ۔ پاکستانی گیندبازوں نے سری لنکا کو کبھی دباؤ سے نہیں نکلنے دیا ۔ پاور پلے میں تین وکٹیں لینے سے مدد ملی اور حسین طلعت نے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں لے کر سری لنکا کو بڑا دھچکا پہنچایا۔ شاہین آفریدی نے ۲۸؍ رن کے عوض تین جبکہ حارث رؤف اور حسین طلعت نے۲-۲؍ وکٹیں حاصل کیں ۔ کامیندو مینڈس نے مشکل وقت میں شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور میں اضافے کو ممکن بنایا، انہوں نے۴۴؍ گیندوں پر۵۰؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی ۔
کپتان چریتھ اسالانکا۲۰؍ ، کوسال پریرا اور ہسارنگا۱۵،۱۵؍ رن اور پاتھم نیسانکا۸؍رن بنا کر آؤٹ ہوئے، کوسال مینڈس اور داسن شناکا کھاتہ بھی کھول نہ سکے، چمیکا کرونا رتنے ۱۷؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے۳؍، حسین طلعت اور حارث رؤف نے۲،۲ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسپنر ابرار احمد کےحصے میں ایک وکٹ آ یا۔ خیال رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف میچ کے لیے اپنے ۱۱؍ کھلاڑیوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔