نکہت زرین، لولینا بورگوہین اور جادومنی سنگھ پر ہوں گی نگاہیں۔
EPAPER
Updated: March 30, 2026, 12:21 PM IST
نکہت زرین، لولینا بورگوہین اور جادومنی سنگھ پر ہوں گی نگاہیں۔
ہندوستانی مکے باز پیر سے یہاں شروع ہونے والی ایشیائی چمپئن شپ میں عمدہ کارکردگی دکھا کر آنے والے مصروف سیزن میں ہر موقع کا بھرپور فائدہ اٹھانے اور سال کے آخر میں ہونے والے کثیر کھیلوں کے ٹورنامنٹ کیلئے براہِ راست کوٹہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس چمپئن شپ کے ذریعے نئے مصروف سیزن کا آغاز ہوگا جس میں جولائی اگست میں گلاسگو میں کامن ویلتھ گیمز، ستمبر۔ اکتوبر میں جاپان میں ایشیائی کھیل اور ازبکستان میں ورلڈ باکسنگ کپ فائنلز ہونے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے مکے بازوں کو کامن ویلتھ گیمز اور ایشیائی کھیلوں کیلئے براہِ راست کوالیفائی کرنے کا موقع ملے گا۔
ہندوستانی ٹیم گزشتہ ۱۵؍ دنوں سے منگولیا میں ہے اور منگولیا، چین، اردن اور تھائی لینڈ کے مکے بازوں کے ساتھ مشق کر رہی ہے۔ خواتین کے زمرے میں ہندوستانی چیلنج کی قیادت اولمپک میڈلسٹ لولینا بورگوہین (۷۵؍کلوگرام)، ۲؍ بار کی ورلڈ چمپئن نکہت زرین (۵۱؍کلوگرام)، موجودہ ورلڈ چمپئن میناکشی ہڈا (۴۸؍کلوگرام) اور جیسمین لمبوریا (۵۷؍کلوگرام) کریں گی۔ لولینا نے فروری میں اسپین میں باکسیم انٹرنیشنل جیتا تھا۔ وہیں نکہت، میناکشی اور جیسمین نومبر کے بعد اپنا پہلا ٹورنامنٹ کھیلیں گی۔
یہ بھی پڑھئے: سبالینکا نے میامی ٹائٹل جیت کر سن شائن ڈبل مکمل کر لیا
ہندوستان کی خواتین ٹیم کے ہیڈ کوچ سینٹیاگو نیوا نے کہا’’ایشیائی چمپئن شپ ایک سخت امتحان ہوگی۔ ہمیں معلوم ہے کہ گزشتہ ایک دہائی میں ایشیائی باکسنگ کا معیار کافی بہتر ہوا ہے اور دنیا کی کئی مضبوط ترین ٹیمیں ایشیا سے ہیں۔ ہماری تاریخ بتاتی ہے کہ ہم تمغے جیت سکتے ہیں۔ ہماری نظریں کئی تمغوں پر ہیں جس کیلئے ہمارے مکے بازوں کا فائنل میں پہنچنا ضروری ہے۔ ‘‘
دوسری جانب ہندوستانی مردوں کی ٹیم گزشتہ سال ورلڈ چمپئن شپ میں ملنے والی ناکامی کا غم دور کرنا چاہے گی جہاں ۱۲؍ سال میں پہلی بار ایک بھی ہندوستانی مرد مکے باز تمغہ نہیں جیت سکا تھا۔ ہندوستان کے کوچنگ ڈھانچے میں بھی تبدیلی آئی ہے اور تیسری بار سی اے کٹپا ہیڈ کوچ کے طور پر واپس آئے ہیں۔ ہندوستانی مردوں کی ٹیم کی امیدوں کا دارومدار ورلڈ کپ میڈلسٹ جادومنی سنگھ (۵۵؍کلوگرام) اور سچن سواچ (۶۰؍ کلوگرام) پر ہوگا۔
ہندوستانی ٹیم:خواتین:میناکشی (۴۸؍ کلوگرام)، نکہت زرین (۵۱؍کلوگرام)، پریتی پوار (۵۴؍ کلوگرام)، جیسمین لمبوریا (۵۷؍کلوگرام)، پریا (۶۰؍کلوگرام)، انکوشیتا بورو (۶۵؍ کلوگرام)، اروندھتی چودھری (۷۰؍کلوگرام)، لولینا بورگوہین (۷۵؍کلوگرام)، پوجا رانی (۸۰؍ کلوگرام)، الفیہ ترنم (۸۰؍پلس کلوگرام)۔
مرد:وشوناتھ سریش (۵۰؍کلوگرام)، جادومنی سنگھ (۵۵؍ کلوگرام)، سچن (۶۰؍ کلوگرام)، آدتیہ پرتاپ یادو (۶۵؍ کلوگرام)، دیپک (۷۰؍ کلو گرام)، آکاش (۷۵؍کلوگرام)، انکوش (۸۰؍ کلوگرام)، لوکیش (۸۵؍ کلوگرام)، ہرش چودھری (۹۰؍ کلوگرام)، نریندر بیروال (۹۰؍پلس کلو گرام)۔