Updated: March 29, 2026, 7:06 PM IST
| Miami
آرینا سبالینکا نے ورلڈ نمبر۴؍ کوکو گوف کے خلاف ۲۔۶، ۶۔۴، ۳۔۶؍سے شاندار کامیابی حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ ۲۰۲۲ء میں ایگا سواتیک کے بعد سن شائن ڈبل (انڈین ویلز اور میامی اوپن کے ٹائٹل ایک ہی سال میں جیتنا) مکمل کرنے والی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔
آرینا سبالینکا۔ تصویر:ایکس
آرینا سبالینکا نے ورلڈ نمبر۴؍ کوکو گوف کے خلاف ۲۔۶، ۶۔۴، ۳۔۶؍سے شاندار کامیابی حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ ۲۰۲۲ء میں ایگا سواتیک کے بعد سن شائن ڈبل (انڈین ویلز اور میامی اوپن کے ٹائٹل ایک ہی سال میں جیتنا) مکمل کرنے والی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی دنیا کی صرف پانچویں خاتون کھلاڑی ہیں، ان سے قبل سٹیفی گراف، کم کلسٹرز، وکٹوریہ ازارینکا اور سواتیک یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں جذباتی نظر آنے والی سبالینکا نے کہاکہ ’’یہ میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔ میرا مقصد ہمیشہ تاریخ میں اپنا نام درج کرانا رہا ہے اور میں نے آج وہی کیا۔ یہ سن کر بہت عجیب لگتا ہے، مجھے نہیں معلوم میں نے یہ کیسے کر دکھایا، لیکن اس وقت مجھے خود پر بہت فخر ہے اور میں اس خوبصورت ٹرافی کے ساتھ بے حد خوش ہوں۔‘‘
اس جیت کے ساتھ سبالینکا نے ڈبلیو ٹی اے ٹور لیول پر گوف کے خلاف اپنا ریکارڈ۶۔۷؍ کر لیا ہے اور اپنے میامی اوپن ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع بھی کیا ہے۔ وہ۲۰۱۹ء اور ۲۰۲۱ء میں ایشلے بارٹی کے بعد اس ایونٹ میں مسلسل دو بار ٹائٹل جیتنے والی پہلی کھلاڑی ہیں، جبکہ ۲۰۱۳ء سے۲۰۱۵ء تک سیرینا ولیمز کے بعد لگاتار برسوں میں ایسا کرنے والی پہلی پلیئر بن گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:رنویر اور شاہ رخ نے وہ کارنامہ انجام دیا جو سلمان عید کے موقع پر انجام نہیں دے سکے
ٹرافی کی تقریب کے دوران سبالینکا نے اپنی حریف کوکو گوف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’کوکو، تم تقریر کرنے میں بہت ماہر ہو۔ تم ایک حقیقی فائٹر ہو اور تمہاری وجہ سے مجھے ایک بہتر کھلاڑی بننے میں مدد ملی۔ مجھے ہماری رقابت پسند ہے، تم کمال کی ہو اور امید ہے کہ ہم مستقبل میں مزید ایسے میچ کھیلیں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:کوہلی آئی پی ایل میں ۴؍ہزار رن بنانے والے پہلے کھلاڑی بنے
یہ سبالینکا کے کیریئر کا۲۴؍واں ڈبلیو ٹی اے سنگلز ٹائٹل اور مجموعی طور پر۳۰؍واں ٹائٹل ہے، جس میں چھ ڈبلز ٹائٹل بھی شامل ہیں۔ ان کے اعزازات میں چار گرینڈ سلیم سنگلز اور ۱۱؍ ڈبلیو ٹی اے ۱۰۰۰؍ سنگلز ٹائٹل شامل ہیں۔ وہ اب تک ورلڈ نمبر وَن کی پوزیشن پر ۸۳؍ ہفتے گزار چکی ہیں، جس میں ان کا حالیہ تسلسل ۷۵؍ ہفتوں تک پہنچ چکا ہے۔ فائنل میچ ۲؍ گھنٹے اور۹؍ منٹ تک جاری رہا، جو سبالینکا کے لیے اس ہفتے کا سب سے مشکل امتحان ثابت ہوا۔ پیر کے روز وہ مسلسل ۷۶؍ ویں ہفتے ٹاپ پوزیشن پر برقرار رہ کر سواتیک کا طویل ترین ریکارڈ توڑ دیں گی اور ایشلے بارٹی (۱۱۴؍ ہفتے) کے بعد نمبر وَن پر سب سے طویل عرصہ گزارنے والی کھلاڑی بن جائیں گی۔ اب وہ کلے کورٹ سیزن کا آغاز بطور ورلڈ نمبر وَن کریں گی۔