Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشیائی باکسنگ چمپئن شپ: نکہت اور لولینا کو کانسے کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا

Updated: April 07, 2026, 1:05 PM IST | Agency | New Delhi

سیمی فائنل میں ہندوستانی مکے بازوں کی ملی جلی کارکردگی،پریتی پوار،پریہ اور اروندھتی چودھری نے فائنل میں قدم رکھا، چاندی کا تمغہ یقینی۔

Nikhat Zareen.Photo:INN
نکہت زرین۔تصویر:آئی این این
 منگولیا کے شہر اولان بتار میں جاری ایشیائی باکسنگ چمپئن شپ ۲۰۲۶ء میں  ہندوستانی  خواتین باکسرز نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ پریتی پوار، پریہ اور اروندھتی چودھری نے اپنے اپنے سیمی فائنل مقابلے جیت کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جبکہ تجربہ کار مکے باز نکہت زرین اور لولینا بورگوہین کو کانسہ کے تمغے  پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔
۵۴؍ کلوگرام زمرے میں پریتی پوار نے پیرس اولمپکس کی کانسے کی تمغہ یافتہ جنوبی کوریا کی ای جی اِم کو واضح برتری کے ساتھ شکست دی۔ انہوں نے تینوں راؤنڈز میں غلبہ برقرار رکھتے ہوئے متفقہ فیصلے سے ۵۔صفرکی کامیابی حاصل کی۔ اب سونے کے تمغے کے لئے ان کا مقابلہ چینی تائپے کی ہوانگ شیاو وین سے ہوگا، جو ۳؍ مرتبہ عالمی چمپئن رہ چکی ہیں اور ٹوکیو ۲۰۲۰ء اولمپکس کی کانسے تمغہ  فاتح  بھی ہیں۔دیگر مقابلوں میں پریہ (۶۰؍کلوگرام) اور اروندھتی چودھری (۷۰؍ کلوگرام) نے بھی اپنے اپنے سیمی فائنل آسانی سے جیت کر فائنل میں جگہ پکی کی۔ پریہ نے منگولیا کی نامون مونخور کو ۵۔صفرسے شکست دی اور اب فائنل میں ان کا مقابلہ شمالی کوریا کی اُن گیونگ وون سے ہوگا۔ اروندھتی نے ازبکستان کی اویشا توئیرووا کو ۴۔ایک سے ہرا کر سب کو متاثر کیا اور اب وہ قزاخستان کی باکیت سیدیش کے خلاف سونے کے تمغے کے لئے مقابلہ کریں گی۔
 
 
ہندوستانی  باکسنگ فیڈریشن کے انتخابی اصولوں کے مطابق، جو باکسرز اس چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچتے ہیں، انہیں دولتِ مشترکہ کھیلوں اور ایشیائی کھیلوں کیلئے براہِ راست کوالیفائی کر لیا جاتا ہے۔
دوسری جانب سابق عالمی چمپئن نکہت زرین (۵۱؍کلوگرام)، اولمپک تمغہ یافتہ لولینا بورگوہین (۷۵؍کلوگرام) اور اولمپین پوجا رانی (۸۰؍کلوگرام) اپنے اپنے سیمی فائنل مقابلے یکطرفہ انداز میں ۵۔صفرسے ہار گئیں اور انہیں کانسےکے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔
 
 
نکہت زرین کو چین کی وو یو کے ہاتھوں شکست ہوئی جبکہ لولینا کو ازبکستان کی عزیزہ زوکیروا نے ہرایا۔ پوجا رانی کو قزاخستان کی نادیژدا ریابیتس کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عزیزہ اور ریابیتس دونوں عالمی چمپئن شپ کی تمغہ یافتہ باکسرز ہیں۔مزید برآں۶۵؍کلوگرام زمرے کے سیمی فائنل میں انکوشیتا بورو کو چینی تائپے کی نین چن چن کے ہاتھوں ۳۔صفرسے شکست ہوئی، جو پیرس ۲۰۲۴ءکی  برونز میڈل فاتح رہ چکی ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK