Updated: December 05, 2025, 3:14 PM IST
|
Agency
| Lucknow
سید مشتاق علی ٹرافی کے میچ میںسنجوسیمسن کی ٹیم نے ممبئی کو۱۵؍ رنوں سے شکست دی ،شرف ا لدین کی بھی آل راؤنڈ کارکردگی۔
کے ایم آصف نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۵؍وکٹیں حاصل کیں۔ تصویر:آئی این این
کپتان سنجو سیمسن(۴۶)، وشنو ونود (ناٹ آؤٹ۴۳) اور شرف الدین (ناٹ آؤٹ۳۵؍ اور ایک وکٹ) کے بعد کے ایم آصف (۵؍ وکٹیں) کی قیادت میں گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت کیرالا نے سید مشتاق علی ٹرافی کے ایلیٹ گروپ اے میچ میں جمعرات کو چمپئن ممبئی کو۱۵؍رن سے شکست دی ۔یہ ممبئی کی اس سیزن میں پہلی شکست ہے۔ ۱۷۹؍رن کے ہدف کے تعاقب میں اترنے والی ممبئی کی شروعات خراب رہی اور پہلے ہی اووَر میں آیوش مہاترے (۳؍ رن ) کا وکٹ گرگیا۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے سرفراز خان اور اجنکیا رہانے کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن بنائے۔اجنکیا رہانے نے ۱۸؍گیندوں میں ۵؍ چوکوں کی مدد سے۳۲؍ رن بنائے۔
پچھلے میچ میں اپنی پہلی ٹی۲۰؍سنچری بنانے والے سرفراز خان نے ۴۰؍ گیندوں پر۵۲؍ رن بنائے اور اپنا فارم برقرار رکھا۔سوریہ کمار یادَو نے۲۵؍ گیندوں میں۳۲؍ رن، شِیوم دوبے۱۱؍ رن اور سائی ر اج پٹیل۱۳؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایک موقع پر۱۷ء۱؍اوور میں پٹیل پانچویں بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے، اس وقت ممبئی کا اسکور۱۴۸؍ رن تھا۔کے ایم آصف نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کیا اور ممبئی نے صرف۱۵؍ رن مزید بنا کر اپنی باقی پانچ وکٹیں گنوا دیں۔کیرالا کیلئے کے ایم آصف نے۲۴؍ رن دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔وگنیش پوتھر کو دو وکٹیں ملیں۔
سنجو سیمسن کی متاثر کن بلے بازی
اس سے پہلے کیرالا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ۲۰؍ اوورز میں ۵؍ وکٹوں پر ۱۷۸؍رن کا اسکور بنایا۔سنجو سیمسن اور روہن کنومل کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کیلئے ۴۲؍ رن کی شراکت قائم کی۔ چوتھے اوور میں شمس مولانی نے روہن کنومل(۲؍ رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ کیرالا کا دوسرا وکٹ سنجو سیمسن کی صورت میں گرا۔ سیمسن نے۲۸؍ گیندوں پر۸؍چوکوں اور ایک سکسر کی مدد سے۴۶؍رن بنائے۔ مجموعی طور پر، انہوں نے ٹورنامنٹ میں پانچ اننگز میں ۱۴۱ء۵۹؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۱۶۰؍رن اسکور کیے ہیں۔
وشنو ونود نے درمیان میں جدوجہد کرتے ہوئے۴۰؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۴۳؍ رن بنائے جبکہ شرف الدین نے ۱۵؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ۳۵؍ رن اسکور کئے۔ممبئی کی جانب سے شاردل ٹھاکر، اتھروو انکولیکر، سائی ر اج پٹیل، شمس ملانی اور شِیوم دوبے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
آسام نے ودربھ کو ہرایا
ایک اور میچ میں آسام نے ودربھ کو۵۸؍ رن سے شکست دی۔ آسام نے پہلےبے بازی کرتے ہوئے ۷؍وکٹوں پر۱۷۵؍ رن بنائے۔ عبدالعزیز قریشی نے ۵۷؍ اور نہار ڈیکا نے۵۲؍ رن بنائے۔ سمیت گھادیگاؤںکر اور ساحل جین ۱۲-۱۲؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آکاش سین گپتا نے ۷؍ گیندوں میں ناٹ آؤٹ۱۳؍ رن بنائے ۔ ودربھ کی جانب سے یش ٹھاکر نے تین، درشن نالکانڈے نے دو وکٹیں حاصل کیں ۔ ناچیکت بھوٹے اور ہرش دوبے نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
جواب میں مختار حسین اور آکاش سین گپتا (تین-تین وکٹیں) کی قیادت میں آسام کے گیندبازوں نے ودربھ کی پوری ٹیم کو ۱۷ء۵؍ اوورزمیں ۱۱۷؍ رن پر آؤٹ کر کے میچ اپنے نام کیا۔دھرو شوری نے ۳۶؍، کپتان ہرش دوبے نے ۲۳؍ اور یش راٹھوڑ نے ۲۰؍ رن کا تعاون کیا۔ باقی بلے باز دہائی کے ہندسوں تک بھی نہیں پہنچ سکے۔
اتر پردیش کیلئے سمیر رضوی کی شاندار بلے بازی
اتر پردیش نے پلیئرآف دی میچ سمیر رضوی (۴۲؍ گیندوں میں ۷۰؍ رن)کی شاندار اننگز کی بدولت چندی گڑھ کو۴۰؍ رن سے شکست دی۔اتر پردیش نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ۲۰؍ اوورز میں ۷؍ وکٹوں پر۲۱۲؍ رن کا شاندار اسکور بنایا۔ مادھَو کوشک نے ۴۱؍ گیندوں میں۶۷؍، سدھارتھ یادو نے۱۲؍ گیندوں میں ۲۸؍ اور رنکو سنگھ نے ۱۰؍ گیندوں میں ۲۴؍ رن بنائے۔چندی گڑھ کی جانب سے سندیپ شرما نے ۲۶؍ رن دے کر۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بلے بازی کیلئے اترنے والی چندی گڑھ مقر رہ۲۰؍اوورز میں صرف ۸؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۷۲؍رن ہی بنا سکی اور میچ۴۰؍ رن سے ہار گئی۔چندی گڑھ کی جانب سے منن ووہرا نے۳۵؍ گیندوں میں۶۱؍، نکھل ٹھاکر۳۲؍، ارمیت لبانا (ناٹ آؤٹ۳۰)، چراغ ویر(۱۲)، نکھل شرما۱۱؍ اور گورَو پوری نے۱۰؍ رن کا تعاون دیا۔ اتر پردیش کی جانب سے بھوونیشور کمار نے تین اور وپرج نگم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔