Updated: May 07, 2026, 7:08 PM IST
| Mumbai
آئندہ جنوری میں ہونے والی بارڈر گاوسکر ٹرافی ٹیسٹ سیریز سے قبل آسٹریلیا کے ممکنہ کھلاڑیوں کو ۱۲؍ مہینوں میں دوسری بار ہندوستان کا دورہ کرنے کا موقع ملے گا، جب آسٹریلیا اے ٹیم ستمبر اور اکتوبر میں پڈوچیری میں انڈیا اے کے خلاف دو چار روزہ اور تین ۵۰؍ اوور میچ کھیلے گی۔
آسٹریلین کھلاڑی۔ تصویر:ایکس
آئندہ جنوری میں ہونے والی بارڈر گاوسکر ٹرافی ٹیسٹ سیریز سے قبل آسٹریلیا کے ممکنہ کھلاڑیوں کو ۱۲؍ مہینوں میں دوسری بار ہندوستان کا دورہ کرنے کا موقع ملے گا، جب آسٹریلیا اے ٹیم ستمبر اور اکتوبر میں پڈوچیری میں انڈیا اے کے خلاف دو چار روزہ اور تین ۵۰؍ اوور میچ کھیلے گی۔
بی سی سی آئی کی جانب سے جاری پروگرام کے مطابق آسٹریلیا اے ویمن ٹیم بھی ستمبر میں موہالی اور دھرم شالا میں دو ٹی۲۰، تین ۵۰؍ اوور اور ایک چار روزہ میچ کھیلے گی، جبکہ آسٹریلیا انڈر۱۹؍ مرد ٹیم راجکوٹ اور احمد آباد میں تین ۵۰؍اوور اور دو چار روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ آسٹریلیا اے مرد ٹیم کا یہ دورہ سب سے اہم مانا جا رہا ہے کیونکہ آسٹریلیا کو ۲۱؍ جنوری سے ناگپور میں شروع ہونے والی پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔
آسٹریلیا اے ٹیم نے گزشتہ برس بھی ستمبر-اکتوبر میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا، جس میں سیم کونسٹاس، نیتھن میک سوینی، ٹاڈ مرفی اور کوپر کونولی جیسے ممکنہ ٹیسٹ کھلاڑیوں کو لکھنؤ میں دو چار روزہ میچ کھیلنے کا موقع ملا تھا۔ کونسٹاس نے پہلے میچ میں سنچری بنائی تھی جبکہ کیمپ بیل کیلاوے نے ۸۸؍ اور کونولی نے ۷۰؍ رنز اسکور کیے تھے۔ میک سوینی نے ۷۴؍ اور ناٹ آؤٹ۸۵؍ رنز کی اننگز کھیل کر شاندار کارکردگی دکھائی تھی، اگرچہ ٹیم کو پانچ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس میچ میں ہندوستان کے تیز گیندباز محمد سراج نے تین وکٹ حاصل کیے تھے جبکہ تجربہ کار بلے باز کے ایل راہل نے ۴۱۲؍ رنز کے ہدف کے تعاقب میں ناٹ آؤٹ ۱۷۶؍رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا اے ٹیم ۲۲؍ سے ۲۵؍ ستمبر اور پھر ۲۹؍ستمبر سے ۲؍ اکتوبر تک پڈوچیری میں چار روزہ میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد۶، ۹؍ اور ۱۱؍ اکتوبر کو اسی مقام پر تین ۵۰؍ اوور میچ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھئے:انجلینا جولی کو بریڈ پٹ کے خلاف چیٹو میراول کیس میں بڑی عدالتی کامیابی
ادھر آسٹریلیا اے ویمن ٹیم ۲۰۱۸ء کے بعد پہلی بار ہندوستان میں ملٹی فارمیٹ سیریز کھیلے گی۔ ٹیم ۱۲؍ اور۱۵؍ ستمبر کو موہالی میں دو ٹی۲۰؍میچ کھیلے گی، اس کے بعد۱۷، ۲۰؍ اور ۲۳؍ ستمبر کو دھرم شالا میں تین ۵۰؍ اوور مقابلے ہوں گے۔ پھر ۲۹؍ ستمبر سے ۲؍ اکتوبر تک دھرم شالا میں چار روزہ میچ کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے:امریکی ویزا پالیسیاں ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت پر اثر انداز نہیں ہونی چاہئیں:ایران
آسٹریلیا انڈر۱۹؍ مرد ٹیم موجودہ انڈر۱۹؍ عالمی چیمپئن ہندوستان سے مقابلہ کرے گی۔ تین ۵۰؍ اوور میچ ۱۸،۲۱؍ اور ۲۳؍ستمبر کو راجکوٹ میں ہوں گے جبکہ چار روزہ میچ ۲۷؍ ستمبر سے راجکوٹ اور ۵؍ اکتوبر سے احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔ ہندوستان کے ۱۵؍ سالہ باصلاحیت کھلاڑی ویبھَو سوریہ ونشی اس سیریز کے لیے عمر کے اعتبار سے اہل رہیں گے۔ انہوں نے۲۰۲۴ء میں آسٹریلیا کے گزشتہ انڈر۱۹؍ دورۂ ہندوستان کے دوران چنئی میں کھیلے گئے پہلے یوتھ ٹیسٹ میں ۱۳؍ برس کی عمر میں ۶۲؍ گیندوں پر۱۰۴؍ رنز بنا کر سب کی توجہ حاصل کی تھی۔