Updated: October 25, 2025, 1:54 PM IST
|
Agency
| Indore
اب تک اپنی شاندار کارکردگی سے کرکٹ شائقین کو محظوظ کرنے والے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سنیچر کو یہاں ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے میچ میں جب ایک دوسرے کا سامنا کریں گے تو ان کا ہدف سیمی فائنل سے قبل اپنی جیت کی رفتار کو برقرار رکھنا ہوگا۔
آسٹریلیائی خواتین ٹیم کی کپتان الیسا ہیلی۔ تصویر: آئی این این
اب تک اپنی شاندار کارکردگی سے کرکٹ شائقین کو محظوظ کرنے والے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سنیچر کو یہاں ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے میچ میں جب ایک دوسرے کا سامنا کریں گے تو ان کا ہدف سیمی فائنل سے قبل اپنی جیت کی رفتار کو برقرار رکھنا ہوگا۔ آسٹریلیا کو امید ہوگی کہ ان کی کپتان الیسا ہیلی فٹ ہو کر اس میچ میں کھیلنے کیلئے تیار ہوں گی۔ کپتان، اوپننگ بلے باز اور وکٹ کیپر کا کردار نبھانے والی ہیلی کو بدھ کو انگلینڈ کے خلاف میچ سے پہلے مشق کے دوران پنڈلی میں چوٹ لگ گئی تھی۔ تاہلیا میک گرا کی کپتانی میں ۷؍بار کی چمپئن ٹیم نے اس میچ میں بڑی جیت حاصل کی تھی۔
جنوبی افریقہ نے پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں ۱۰؍وکٹوں کی کراری شکست کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے لگاتار ۵؍ میچ جیت کر مخالف ٹیموں کے پاس واضح پیغام پہنچا دیا ہے۔ ایسے میں ۳۵؍ سالہ ہیلی کی فٹنس اس چیلنج سے نمٹنے کے لئےاور بھی اہم ہو جاتی ہے کیونکہ وہ ٹورنامنٹ میں بلے سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ہیلی نے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے خلاف لگاتار میچوں میں سنچریاں بنائیں، جس کی وجہ سے وہ ۲؍ میچ کم کھیلنے کے باوجود ہندوستان کی ا سمرتی مندھانا اور پرتیکا راول کے بعد موجودہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف ہیلی کی عدم موجودگی کی وجہ سے بیٹنگ آرڈر میں کافی تبدیلی کرنی پڑی لیکن انابیل سدرلینڈ اور ایشلے گارڈنر کے درمیان ۱۸۰؍رن کی ناقابل شکست شراکت کی مدد سے آسٹریلیا نے یہ میچ آسانی سے جیتا۔ آسٹریلیا کی بیٹنگ میں جس طرح کی گہرائی ہے اور جس طرح سے ان کے پاس تیز اور اسپن گیند بازوں کی بھرمار ہے، اسے دیکھتے ہوئے جنوبی افریقہ کو اسے ہرانے کےلئے اضافی کوششیں کرنی ہوں گی۔
جنوبی افریقہ کی کپتان لارا وولوورٹ آسٹریلوی بیٹنگ کی گہرائی سے بخوبی واقف ہوں گی اور انہیں اپنی تیز گیند باز مارزان کیپ سے یادگار کارکردگی کی امید ہوگی۔کیپ نے اب تک ۶؍وکٹیں لے کر اور ۲؍ نصف سنچریاں بنا کر اپنی آل راؤنڈر کی ذمہ داری بخوبی نبھائی ہے۔ لیکن اوپنر وولوورٹ، تازمین برٹس اور ٹاپ آرڈر کی بلے باز سنے لوس کی تگڑی کو زیادہ رن بنانے ہوں گے کیونکہ جنوبی افریقہ کی بیٹنگ میں آسٹریلیا کی طرح گہرائی نہیں ہے۔