Inquilab Logo Happiest Places to Work

آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو ۳؍ وکٹ سے شکست دے دی

Updated: July 28, 2025, 1:36 PM IST | Agency | Mumbai

سیریز میں ۰۔۴؍ کی برتری حاصل کرلی۔کیمرون گرین اور جوش انگلس کی نصف سنچری۔ گلین کے ۴۷؍رن۔

Glenn Maxwell. Photo: INN
گلین میکسویل۔ تصویر: آئی این این

کیمرون  گرین (۵۵؍ رن)، جوش انگلس(۵۵؍رن) اور گلین میکسویل (۴۷؍رن) کی شاندار اننگز کی  بدولت آسٹریلیا نے چوتھے ٹی۲۰؍ میچ میں ویسٹ انڈیز کو چار گیندیں باقی رہتے  ہوئے ۳؍ وکٹ  سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ۵؍ میچوں کی  سیریز میں ۰۔۴؍ سے برتری حاصل کر لی ہے۔
  ۲۰۶؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا  کی شروعات انتہائی خراب رہی اور پہلے ہی اوور میں کپتان مشیل  مارش بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد جوش انگلِس اور گلین میکسویل نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں نے دوسرے وکٹ کے لیے۶۵؍ رن کی شراکت قائم کی۔ ساتویں اوور میں روماریو شیفرڈ نے ۳۰؍ گیندوں پر۵۱؍ رن بنانے والے جوش  انگلِس کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔
 ۱۱؍ویںاوور میں عقیل حسین نے گلین میکسویل ۱۸؍ گیندوں پر۴۷؍رن  کو آؤٹ کیا اور آسٹریلوی طوفان کو  روک  دیا۔مشیل اووین (۲)  اور کوپر کونولی (صفر ) کے جلدی آؤٹ ہونے سے ویسٹ انڈیز کی جیت کی امیدیں بڑھ گئیں، مگر ایرن ہارڈی نے کیمرون گرین کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لیے ۵۱؍ رن  جوڑ کر آسٹریلیا کو  جیت  سے ہمکنار کیا۔ ایرن ہارڈی ۱۶؍ گیندوں پر ۲۳؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ زیویئر بارٹلیٹ ۹؍ رن پر رن آؤٹ  ہوئے۔ آسٹریلیا نے ۱۹ء۲؍ اوور میں ۷؍ وکٹ  کے نقصان پر۲۰۶؍ رن بنا کر میچ ۳؍ وکٹ  سے جیت لیا۔ کیمرون گرین نے ۳۵؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۵۵؍ رن بنائے۔  ویسٹ انڈیز کی جانب سےجیڈیا بلیڈز نے۳؍ وکٹ حاصل  کئے  جبکہ جیسن ہولڈر، روماریو شیفرڈ اور عقیل حسین نے ایک  ایک  بلے بازکو آؤٹ کیا۔  
 اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ  انڈیز ٹیم کے اوپنرس برینڈن کنگ اور کپتان شائی ہوپ نے اچھی شروعات کی۔  دوسرے اوور میں زیویئر بارٹلیٹ      نے برینڈن کنگ (۱۸؍رن)  کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو پہلی کامیابی دلائی۔ دوسرا  وکٹ شائی  ہوپ (۱۰؍ رن) کو بھی  بارٹلیٹ نے ہی پویلین بھیجا۔ روسٹن چیز  بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد شرفین ردرفورڈ نے۱۵؍ گیندوں پر ۳۱؍ رن بناکر آؤٹ ہو گئے۔
 ایک  وقت صرف۶۷؍ رن پر      ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے  ۴؍ کھلاڑی  آؤٹ  ہو گئے تھے۔ ایسے  میں روومن پاویل نے شیمرون ہتمائر کے ساتھ ۵؍ویں وکٹ کے  لیے ۴۳؍ رن کی  شراکت  کی۔ ہتمائر ۱۶؍رن اور پاویل ۲۸؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ  روماریو شیفرڈ نے۲۸؍رن  جبکہ جیسن ہولڈر نے۲۶؍ رن کا تعاون دیا۔ ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں۹؍ وکٹ  کے نقصان پر ۲۰۵؍  رن بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے ایڈم زمپا نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ ایرن ہارڈی،  زیویئر بارٹلیٹ اور شان ایبٹ نے۲۔۲؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK