بین ڈوارشوئس کی شاندار گیندبازی اور کیمرون گرین اورمچ اووین کی نصف سنچریوں کی بدو لت آسٹریلیا فاتح۔
EPAPER
Updated: July 22, 2025, 12:49 PM IST | Agency | Kingston
بین ڈوارشوئس کی شاندار گیندبازی اور کیمرون گرین اورمچ اووین کی نصف سنچریوں کی بدو لت آسٹریلیا فاتح۔
بین ڈوارشوئس کی شاندار گیندبازی (۴؍ وکٹ) کے بعد کیمرون گرین (۵۱) اور مچ اووین (۵۰؍رن) کی نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے پیر کو پہلے ٹی۲۰؍ مقابلے میں ویسٹ انڈیز کو ۷؍ گیندیں باقی رہتے ۳؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے ۵؍ میچوں کی سیریز میں۰۔۱؍ سے برتری حاصل کر لی ہے۔ مشیل اووین کو ان کی شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
۱۹۰؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اسے دوسرے ہی اوور میں جیک فریزر-مکگرک (۲) کی صورت میں پہلا جھٹکا لگا۔ دوسرا وکٹ کپتان مشیل مارش کا۲۴؍ رن (۱۷؍گیندوں) کی صورت میں گرا۔ اس کے بعد جوش انگلس نے ۸؍ گیندوں پر۱۸؍ رن بنائے اور آؤٹ ہو گئے جبکہ گلین میکسویل صرف۱۱؍ رن بنا کر پویلین لوٹے۔
کیمرون گرین اور مشیل اووین نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے ۵؍ویں وکٹ کے لیے ۸۰؍ رن کی اہم شراکت قائم کی۔ ۱۵؍ ویں اوور میں گڈاکیش موتی نے کیمرون گرین کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ گرین نے۲۶؍ گیندوں پر ۵؍ چھکوں اور ۲؍ چوکوں کی مدد سے ۵۱؍ رن بنائے جبکہ مشیل اووین نے۲۷؍ گیندوں پر ۶؍ چھکوں کی مدد سے ۵۰؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ جب اووین۱۷؍ویں اوور میں چھٹے وکٹ کی شکل میں آؤٹ ہوئے تو آسٹریلیا کا اسکور۱۷۵؍ رن تھا۔ کوپر کانلی نے۱۳؍ رن بنائے اور آؤٹ ہو گئے۔ آسٹریلیا نے۱۸ء۵؍ اوور میں ۷؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۹۰؍ رن بنا کر میچ ۳؍ وکٹ سے جیت لیا۔اس میچ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کے مقابلے میں تقریباً دوگنے چھکے لگائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے مجموعی طور پر۹؍ چھکے لگے جبکہ آسٹریلیا کے بلے بازوں نے۱۷؍ چھکے لگائے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے جیسن ہولڈر، گڈاکیش موتی اور الزاری جوزف نے دو، دو وکٹ حاصل کئے جبکہ عقیل حسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز برینڈن کنگ اور کپتان شائی ہوپ نے کیا اور پہلے وکٹ کے لیے۳۲؍ رن کی شراکت کی۔ چوتھے اوور میں کوپر کانلی نے برینڈن کنگ(۱۸؍رن) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد روسٹن چیز نے شائی ہوپ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان دوسرے وکٹ کیلئے۹۱؍ رن کی شراکت ہوئی۔۱۳؍ ویں اوور میں بین ڈوارشوئس نے روسٹن چیز کو آؤٹ کیا۔ چیز نے۳۲؍ گیندوں پر ۹؍چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۶۰؍ رن بنائے۔ ۱۶؍ویں اوور میں مشیل اووین نے شائی ہوپ کو آؤٹ کیا، جنہوں نے۳۹؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۵۵؍ رن اسکور کیے۔ شیمرون ہتمائر نے۱۹؍ گیندوں پر۳۸؍ رن بنائے اور ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوورس میں۸؍ وکٹ کے نقصان پر۱۸۹؍ رن ہی بنا سکی۔ آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈوارشوئس نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ شان ایبٹ، کوپر کانلی، ناتھن ایلس اور مشیل اووین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیا۔