• Fri, 16 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی روز باؤل سیریز میں ٹی ۲۰؍ میچ بھی شامل

Updated: October 16, 2026, 8:01 PM IST | Auckland

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی خاتون ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی روز باؤل سیریز میں اب ٹی ۲۰؍ میچوں کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ اس سیریز میں پہلے صرف یک روزہ میچ کھیلے جاتے تھے۔

Australia And New Zealand Players.Photo:INN
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی خاتون ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی روز باؤل سیریز میں اب ٹی ۲۰؍ میچوں کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔ اس سیریز میں پہلے صرف یک روزہ میچ کھیلے جاتے تھے۔ نیوزی لینڈ کا آسٹریلیا دورہ، جس میں ۳؍ ٹی ۲۰؍ میچ کھیلے جائیں گے اور جس کا آغاز اتوار کو نارتھ سڈنی اوول میں ہوگا، روز باؤل کا پہلا ٹی ۲۰؍ ایڈیشن ہوگا۔ مارچ ۲۰۲۷ء میں جب یہ دونوں ٹیمیں آسٹریلیا میں ہی  ۳؍یک روزہ میچوں کے لیے دوبارہ آمنے سامنے ہوں گی، تو انہیں اس ٹرافی کے لیے ایک بار پھر مقابلہ کرنے کا موقع ملے گا۔۱۹۸۵ء سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی خاتون ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی ایک روزہ سیریز کے فاتح کو یہ ٹرافی دی جاتی رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:سوریہ کمار یادو نے شاہ رخ خان سے منسوب منصوبے میں سرمایہ کاری کی

ایسی روز باؤل سیریز، جس میں دونوں وائٹ بال فارمیٹس (یک روزہ اور ٹی ۲۰) کے میچ شامل ہوں گے، میں ٹرافی اس ٹیم کو ملے گی جو مجموعی طور پر سب سے زیادہ میچ جیتے گی۔ اگر سیریز برابر رہتی ہے تو ٹرافی موجودہ فاتح ٹیم کے پاس ہی رہے گی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) کی چیف کرکٹ آپریشنز افسر اور نیوزی لینڈ کی سابق کھلاڑی کیتھرین کیمبل نے کہاکہ  روز باؤل ایک باوقار ٹرافی ہے، جس کی موجودہ اور سابق کھلاڑیوں کے لیے بہت اہمیت ہے۔ ہمیں ہمیشہ اس سیریز میں کھیلنے پر بہت فخر رہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ آج کل ٹی ۲۰؍ کرکٹ بہت زیادہ کھیلی جا رہی ہے، ایسے میں روز باؤل کو متعلقہ اور اہم بنائے رکھنے اور آسٹریلیا کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا یہ ایک بہترین موقع ہے۔ نیوزی لینڈ کی کپتان میلی کیر روز باؤل کے لیے مقابلہ کرنے کے تعلق سے کافی پُرجوش ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:کارتک آرین اور سری لیلا کی رومانوی میوزیکل فلم ملتوی ، ۲۰۲۷ء میں ریلیز متوقع

کیر نے کہاکہ  ہم سب جانتے ہیں کہ روز باؤل کس چیز کی علامت ہے اور وہائٹ فرنس  (نیوزی لینڈ کی خاتون ٹیم) کی تاریخ میں اس کی کتنی اہمیت ہے۔  انہوں نے کہا کہ برسوں سے کئی عظیم کھلاڑیوں اور ٹیموں نے اس کے لیے جدوجہد کی ہے اور ہم بھی اس تاریخ کا حصہ بننے اور اسے جیتنے کا موقع ملنے پر بہت خوش ہوں گے۔
واضح رہے کہ ۲۰۰۰ء میں نیوزی لینڈ سے روز باؤل دوبارہ جیتنے کے بعد سے آسٹریلیا مسلسل اس ٹرافی پر قبضہ جمائے ہوئے ہے۔ اس ۰۔۳؍ کی جیت کے بعد سے آسٹریلیا نے ۱۸؍سیریز جیتی ہیں، جبکہ  ۰۹۔۲۰۰۸ءمیں ایک سیریز ۲۔۲؍ سے برابر رہی تھی۔ مجموعی طور پر روز باؤل کے لیے کھیلی گئی ۳۱؍ یک روزہ سیریز میں سے آسٹریلیا نے  ۲۶؍جیتی ہیں، نیوزی لینڈ نے ۳؍ جیتی ہیں اور۳؍ سیریز برابر رہی ہیں۔ نارتھ سڈنی میں آئندہ روز باؤل سیریز کے تینوں ٹی ۲۰؍ میچ ۱۸، ۲۰؍ اور ۲۲؍ اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK