• Mon, 19 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آسٹریلیائی کھلاڑی کسی رعایت پر یقین نہیں رکھتے: سابق گیندباز رانا نوید الحسن

Updated: January 19, 2026, 3:38 PM IST | Agency | Sydney

بابراعظم کواووَر کی آخری گیند پرسنگل لینے سے منع کرنے کے اسٹیو اسمتھ کے فیصلے پر رانا نویدالحسن نے آسٹریلیائی کرکٹرو ں کی تعریف کی اورکہا کہ ان میں کسی بڑے نام کارعب نہیں۔

The issue of Steve Smith not giving a single run to Babar Azam has intensified. Picture: INN
اسٹیو اسمتھ کی جانب سے بابر اعظم کو سنگل رن نہ دینے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ تصویر: آئی این این
بگ بیش لیگ(بی بی ایل)کے دوران اسٹیو اسمتھ کی جانب سے بابر اعظم کو سنگل رن نہ دینے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے ۔ اس حساس موضوع پر پاکستان کے سابق کرکٹر نے خاموشی توڑی ہےاور موجودہ پاکستانی کھلاڑیوں کو نصیحت کی ہے۔ رانا نوید الحسن نے آسٹریلیائی کرکٹ کلچر کے حوالے سے اپنے تجربات کی روشنی میں اہم انکشافات کیے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں رانا نوید الحسن نے کہا کہ بگ بیش لیگ میں طویل عرصہ کھیلنے کے تجربے نے مجھے یہ سکھایا کہ آسٹریلوی کرکٹرز انتہائی صاف گو اور پروفیشنل ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں کھلاڑیوں کے دلوں میں کسی بڑے نام کا کوئی خوف یا غیر ضروری رعب نہیں ہوتا بلکہ وہ صرف کارکردگی اور صلاحیت پر یقین رکھتے ہیں ۔ رانا نوید الحسن نے سڈنی سکسرز اور سڈنی تھنڈر کے میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا ’’جب آپ انٹرنیشنل اسٹارز کے ساتھ کھیلتے ہیں تو آپ کو آپ کے امپیکٹ(اثر) کے لحاظ سے پرکھا جاتا ہے۔اسٹیو اسمتھ نے بابر اعظم کو اسٹرائیک نہ دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ آپ کو (بطور ٹی ٹوینٹی پلیئر) کس نظر سے دیکھتے ہیں۔‘‘
سابق پاکستانی فاسٹ بالر نے پاکستان کے اسٹار بیٹرز کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ دورِ حاضر کی جدید ٹی ٹوینٹی کرکٹ بدل چکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کو اس فارمیٹ میں اپنی اہلیت اور کھیل کے انداز پر دوبارہ سنجیدگی سے سوچنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرتے ہوئے اسٹیو اسمتھ نے ایک اوور کی آخری گیند پر بابر اعظم  کے شاٹ پر رن لینے سے انکار کر دیا تھاکیونکہ وہ اس سے پہلے کچھ گیندڈاٹ کرچکے تھے جس پر بابر نے ناگواری کا اظہار کیا تھا۔ آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اس قدر غصے میں تھے کہ انہوں نے باؤنڈری لائن پر اپنا بلہ مار کر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا ۔ جس اووَر کی آخری گیند پر اسمتھ نے بابرکو سنگل رن لینے سے منع کیا تھا ، اسکے اگلے اوور میںاسمتھ نے ۳۲؍ رن بنائے تھے۔اسمتھ نے اس میچ میں۴۲؍ گیندوں میں ۱۰۰؍ رن بنائے تھےجبکہ بابراعظم نے  ۳۹؍ گیندوں میں ۴۷؍ رن بنائے تھے ۔ واضح رہےکہ اس معاملے میںبابراعظم کے اظہار برہمی پر تنقید کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK