• Sun, 26 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آسٹریلیائی خواتین ٹیم کی نیوزی لینڈ پر لگاتار۱۶؍ویں فتح

Updated: October 03, 2025, 12:35 PM IST | Inquilab News Network | Indore

ویمنز ورلڈ کپ میں کنگارو ٹیم نے کیوی ٹیم کو ۸۹؍رنوں سے شکست دی۔ایشلے گارڈنر کی شاندار سنچری۔نیوزی لینڈ کی سوفی ڈوائین کی سنچری رائیگاں۔

Australia women`s team put in an all-round performance against New Zealand. Photo: PTI
آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تصویر:پی ٹی آئی

۷؍ بار کی چمپئن آسٹریلیا نے آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کے اپنے ابتدائی میچ میںنیوزی لینڈ کو ۸۹؍رنوں سے شکست دے دی۔ اس کامیابی کی اسٹار پلیئر آف دی میچ ایشلے گارڈنر رہیں جنہوں نے ۱۱۵؍ رنوں کی جارحانہ سنچری بنائی۔۲۰۱۷ءکے بعد سے نیوزی لینڈ کے خلاف یہ آسٹریلیا کی مسلسل۱۶؍ویں جیت ہے۔ ورلڈ کپ میں بھی آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو لگاتار چوتھی بار ہرایا ہے۔
  آسٹریلیا نے ۴۹ء۳؍ اوور میں تمام وکٹوں کے نقصان پر ۳۲۶؍رن بنائے، جو ورلڈ کپ میں اس کا تیسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ ایک وقت میں ۱۲۸؍رنوں پر ۵؍ وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلیائی ٹیم مشکل میں تھی لیکن چھٹے نمبر پر آنے والی ۲۸؍ سالہ ایشلے گارڈنر نے ایک سرے کو ایسے تھام لیا کہ نہ صرف اپنی سنچری (۱۱۵) مکمل کی بلکہ ٹیم کو بھی ایک بڑا ہدف دینے کے قابل بنا دیا۔ گارڈنر نے لوور آرڈر میں تاہیلا میک گرا (۲۶) اور کم گارتھ (۳۸) کے ساتھ مختصر مگر اہم شراکتیں کیں۔ یہ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔  یہ گارڈنر کی دوسری ون ڈے سنچری تھی۔ انہوں نے گیند کو صفائی سے ہٹ کیا اور جب بھی نیوزی لینڈ نے غلطی کی، باؤنڈری لگائی۔ تاہوہو اور امیلیا کیر نیوزی لینڈ کی بہترین گیند باز تھیں۔ تاہوہو نے ۳؍ وکٹ اور امیلیا کیر نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔
   یہاں ہولکر اسٹیڈیم میں ہدف کا تعاقب کرنے والی نیوزی لینڈ کی اننگز کی شروعات خراب رہی۔ بغیر کھاتہ کھولے ۲؍ وکٹیں گنوانے کے باوجود کپتان سوفی ڈیوائن (۱۱۲) نے چیلنج سنبھالے رکھا۔ یہ ون ڈے میں دوسرا موقع ہے جب نیوزی لینڈ کی دونوں اوپنرز بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئیں۔ ۲؍ مواقع پر زندگی ملنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، ڈیوائن نے اپنی نویں ون ڈے اور ورلڈ کپ کی تیسری سنچری مکمل کی۔ڈیوائن نے بروک ہالیڈے (۲۸) اور میڈی گرین (۲۰) کے ساتھ بالترتیب ۵۲؍اور ۳۷؍رنوں کی شراکتیں کیں۔ اس کے بعد انہوں نے اسابیل گیز (۲۸) کے ساتھ تیزی سے ۵۴؍رن جوڑے۔ ڈیوائن کو ۶۲؍ اور ۹۲؍کے انفرادی اسکور پر زندگی ملی تھی۔
  اننگز کے ۴۳؍ویں اوور کی پہلی گیند پر سوفی ڈیوائن اینابیل سدرلینڈ کی گیند پر بڑا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہو گئیں۔  انہوںنے ۱۱۲؍گیندوں پر ۱۲؍چوکوں اور ۳؍چھکوں کی مدد سے ۱۱۱؍رن بنائے۔نیوزی لینڈ کی بلے بازوں نے ابتدائی ۲۵؍اوور میں ۱۰۰؍ ڈاٹ گیندیں کھیلی تھیں۔ صوفی ڈیوائن کے آؤٹ ہونے کے بعد باقی وکٹیں بھی جلد ہی بکھر گئیں اور پوری ٹیم ۴۳ء۲؍ اوور میں ۲۳۷؍ رن بنا سکی۔آسٹریلیا کی جانب سے سوفی مولینو اور اینابیل سدرلینڈ نے۳۔۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ الانا کنگ کو ۲؍وکٹ ملے۔

سوفی کی بلے بازی سے پریشان تھی:ایلیسا
آسٹریلیائی کپتان ایلیسا ہیلی نے  میچ کے بعد اعتراف کیا کہ  اتنے بڑے ہدف کے باوجود جب نیوزی لینڈ کی کپتان سوفی ڈیوائن (۱۱۱) کریز پر ڈٹی ہوئی تھیں، تو وہ پریشان ہوگئی تھیں۔ شروع میں وکٹیں گنوانے کے باوجود ڈیوائن ایک سرے پر ڈٹی رہیں، لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی نیوزی لینڈ کی امیدیں دم توڑ گئیں جبکہ آسٹریلوی کیمپ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
  میچ کے بعد ہیلی اپنی ٹیم کی کارکردگی پر کہا’’لڑکیوں کو کریز پر ڈٹے رہنے کا کریڈٹ جاتا ہے۔ ہم نے آخر میں اپنی لینتھ پر گیند ڈالی اور اپنا کام مکمل کیا۔ ہم بیچ میں جدوجہد کر رہے تھے، اس کے باوجود ۳۰۰؍سے زیادہ رن بنائے۔‘‘
ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا:سوفی ڈیوائن
 دریں اثناء نیوزی لینڈ کی کپتان نے میچ کے بعد کہا کہ  نتیجہ ہمارے حق میں نہیں رہا مگر ٹیم کی کوشش پر فخر ہے۔ میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں۔ کچھ سال پہلے ہم شاید ہار مان لیتے۔ نتیجہ ہمارے حق میں نہ ہونے کے باوجود ہمیں اپنے کھیل پر فخر ہے۔ اس ورلڈ کپ میں ابھی لمبا راستہ طے کرنا ہے۔ وہیںپلیئر آف دی میچ قرار دی جانے والی ایشلے گارڈنر نے کہا’’جب میں کریز پر اتری تو میرے پاس ایک واضح منصوبہ تھا۔ میں زیادہ سے زیادہ رن بنانا چاہتی تھی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK