کپتان پیٹ کمنز کی خطرناک گیندبازی،۶؍بلے بازوں کو پویلین کاراستہ دکھایا،جنوبی افریقہ کیلئے سب سے زیادہ۴۵؍رن بیڈنگھم نے بنائے۔
EPAPER
Updated: June 13, 2025, 4:07 PM IST | Agency | London
کپتان پیٹ کمنز کی خطرناک گیندبازی،۶؍بلے بازوں کو پویلین کاراستہ دکھایا،جنوبی افریقہ کیلئے سب سے زیادہ۴۵؍رن بیڈنگھم نے بنائے۔
آسٹریلیائی کپتان پیٹ کمنز نے جمعرات کو اپنی خطرناک گیندبازی سے لارڈس کے تاریخی میدان پر کھیلے جا رہے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن( ڈبلیو ٹی سی) کے دوسرے دن اپنی قاتلانہ گیندبازی سے تاریخ رقم کردی۔ آسٹریلیائی کپتان نے۶؍ وکٹیں حاصل کیں اور جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز صرف ۱۳۸؍رنوں پر سمیٹ کر اپنی ٹیم کو ۷۴؍رنوں کی اہم برتری دلائی۔ جنوبی افریقی ٹیم کی جانب سے ڈیوڈ بیڈنگھم نے سب سے زیادہ ۴۵؍ رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم ۵۷ء۱؍ اوور میں آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان ٹیمبا باوما نے ۳۶؍ رنوں کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کنگارو گیند بازوں کے سامنے ٹھہر نہیں سکا۔
پیٹ کمنز نے ۱۸ء۱؍ اوور میں ۶؍ وکٹیں لے کر اپنے ٹیسٹ کریئر میں ۳۰۰؍وکٹیں بھی مکمل کیں۔ وہ ۱۹۸۲ءکے بعد لارڈس میں ۵؍ وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ بولر کپتان بن گئے، جن کا نام اب `آنرز بورڈ میں درج ہوگا۔ اس کے علاوہ پیٹ کمنز ۳۰۰؍ٹیسٹ وکٹیں لینے والے آسٹریلیا کے آٹھویں بولر ہیں۔ کپتان کمنز کو مچل اسٹارک (۴۱؍پر۲) اور جوش ہیزل ووڈ (۲۷؍پر ایک وکٹ) کا بھی شاندار تعاون حاصل رہا۔
دوپہر کے بعد جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے پوری طرح ہتھیار ڈال دئیے۔ کمنز نے کائل ورنن کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا اور پھر مارکو جانسن کو کیچ آؤٹ کر کے ٹیم کو مسلسل جھٹکا دیا۔ کمنز نے اپنی اننگز کی پانچویں وکٹ ڈیوڈ بیڈنگھم کو وکٹ کے پیچھے کیچ کروا کر حاصل کی۔ اس کے بعد کیشو مہاراج رن آؤٹ ہوئے اور آخر کار کمنز نے ربادا کو ڈیپ مڈ وکٹ پر کیچ کروا کر اپنی چھٹی وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقہ نے ۱۸؍ رنوں کے اندر آخری ۵؍ وکٹیں گنوائیں اور آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں ۷۴؍ رنوں کی برتری حاصل ہوگئی۔
بیڈنگھم اور باوما نے اننگز کو سنبھالا
جنوبی افریقہ نے پہلے دن ہی صرف ۴۳؍ رن پر ۴؍ وکٹیں گنوا دئیے تھے اور ٹیم مشکل میں دکھائی دے رہی تھی۔ دوسرے دن باوما اور بیڈنگھم نے پانچویں وکٹ کیلئے۶۴؍ رنوں کی اہم شراکت داری کی۔ پہلے سیشن کے اختتام تک جنوبی افریقی ٹیم نےصرف ایک وکٹ گنوا ئی تھی۔ باوما نے ۲۴؍ویں اوور میں اسٹارک کے اوور میں ۲؍ چوکے لگا کر ٹیم کے اسکور کو ۵۰؍ کے قریب پہنچا دیا۔ بیڈنگھم نے ۲۷؍ویں اوور میں اسٹارک کے خلاف دن کا پہلا چوکا مارا۔ اگلے اوور میں جوش ہیزل ووڈ کی اِن سوئنگ گیند پر کپتان باوما کو ایل بی ڈبلیو دیا گیا لیکن انہوں نے ریویو لے لیا۔ ری پلے میں بلے سے لگ کر پیڈ پر لگی تھی اور الٹرا ایج پر اسپائک بھی نظر آیا جس سے وہ بچ گئے۔ باوما اور بیڈنگھم نے ۳۴؍ویں اوور میں ٹیم کیلئے نصف سنچری شراکت مکمل کی۔ تاہم اس کے بعد کپتان پیٹ کمنز نے باوما کو شاندار گیند پر آؤٹ کیا۔ مارنس لبوشین نے کوور میں باوما کا شاندار کیچ لیا۔ باوما نے ۸۴؍ گیندوں میں ۳۶؍رن بنائے جس میں ۴؍ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اس کے بعد کائل وارن میدان میں آئے اور بیڈنگھم کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔ لیکن پوری ٹیم ۱۳۸؍ رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔
آسٹریلیا کی دوسری اننگز بھی لڑکھڑائی
پہلی اننگز میں ۲۱۲؍رن بناکر جنوبی افریقہ کو ۱۳۸؍رنوں پر ڈھیر کرنے کے باوجود کنگارو ٹیم نے دوسری اننگز میں بھی خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ خبر لکھے جانے تک آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں ۱۱۳؍رنوں پر اپنی ۷؍وکٹیں گنوا دی تھیں اور اس کی مجموعی برتری۱۸۷؍رن تھی۔ الیکس کیری (۲۸) اورمچل اسٹارک(۹)کریز پر تھے۔