• Mon, 19 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلہ دیش کا آئی سی سی سے اپنا گروپ تبدیل کرنے کا مطالبہ

Updated: January 19, 2026, 3:51 PM IST | Agency | New Delhi

آئرلینڈ کے تمام میچ کولمبو میں ہیںاور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ چاہتا ہےکہ آئرلینڈ اس کے ساتھ گروپ بدل لے تاکہ اسے ہندوستان نہ آنا پڑے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این
ہندوستان اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں۷؍فروری سے شروع ہونے والے آئی سی سی مینس ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سلسلے میں جاری تنازع تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔بنگلہ دیش ہندوستان میں کھیلنے کیلئے تیار نہیں ہےاوراس نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہےکہ آئر لینڈ سے اس کاگروپ تبدیل کردیاجائے ۔بہر حال آئر لینڈ نے بھی واضح کردیا ہےکہ اسے یقین دلایا گیا ہےکہ عالمی کپ کے اس کے شیڈول میںکوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
آئی سی سی کے ساتھ سنیچر کو ہوئی ایک میٹنگ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے تجویز پیش کی تھی کہ بنگلہ دیش اور آئرلینڈ آپس میں گروپ بدل لیںتاکہ بنگلہ دیش کے میچ  سری لنکا میں ہوں۔ بورڈ نے دلیل دی کہ اس سے لاجسٹک تبدیلیاں کم سے کم ہوں گی۔ تاہم کرکٹ آئرلینڈ نے بنگلہ دیش کے ساتھ گروپ تبدیل کرنے کی تجویز کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے جس کے بعد بی سی بی کے لیے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔ اس دوران کرکٹ آئرلینڈ نے واضح کیا ہے کہ اس کی ٹیم کا شیڈول جوں کا توں رہے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ ٹیم اپنے سبھی گروپ اسٹیج میچ سری لنکا کی راجدھانی کولمبو میں کھیلے گی۔
کرکٹ آئرلینڈ کے ایک اہلکار نے ’کرک بز‘ کو بتایا کہ ہمیں آئی سی سی کی طرف سے واضح یقین دہانی ملی ہے کہ ہم اصل شیڈول سے نہیں ہٹیں گے۔ ہم یقینی طور پر سری لنکا میں ہی گروپ اسٹیج میچ کھیلیں گے ۔ اس بیان سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی امیدوں کو براہ راست دھچکا لگا ہے۔بنگلہ دیشی حکومت نے ٹیم، مداح، میڈیا اور معاون عملے کی حفاظت کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا ہے۔ اسی وجہ سے بنگلہ دیشی بورڈ نے آئی سی سی سے بنگلہ دیش کے میچ سری لنکا منتقل کرنے اور آئرلینڈ کے ساتھ گروپ بدلنے پر غور کرنے کی درخواست کی ہے۔ بی سی بی کا خیال ہے کہ یہ صرف گروپ سویپ سے ہی ممکن ہوسکتا ہے لیکن آئرلینڈ کے انکار کے بعد یہ راستہ بھی بند ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK