• Fri, 14 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلہ دیش پریمیر لیگ میں نیلامی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا

Updated: November 14, 2025, 1:40 PM IST | Agency | Dhaka

۲۰۱۲ء اور۲۰۱۳ء میں نیلامی کا نظام نافذ تھا جبکہ بعد کے۹؍ ایڈیشنوں میں ڈرافٹ فارمیٹ اپنایا گیا تھا۔

The current edition of BPL will be the 12th. Photo: INN
بی پی ایل کا اب جو ایڈیشن ہوگا وہ ۱۲؍ واں ہوگا۔ تصویر:آئی این این
بی پی ایل گورننگ کونسل نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ ۱۲؍ سال کے وقفے کے بعد بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) میں کھلاڑیوں کی نیلامی کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔ بی پی ایل کے ابتدائی ۲؍ ایڈیشن(۲۰۱۲ء اور۲۰۱۳ء ) میں کھلاڑیوں کی نیلامی کا نظام نافذ تھا جبکہ بعد کے۹ ؍ ایڈیشنوں میں ڈرافٹ فار میٹ اپنایا گیا تھا ۔ نیلامی۲۳؍ نومبر کو شہر کے ایک ہوٹل میں ہوگی، جہاں پانچ فرنچائزز ڈھاکہ کیپیٹلز، چٹاگانگ رائلز، راجشاہی واریئرز، رنگپور رائیڈرز اور سلہٹ ٹائٹنز ،فرنچائز پر مبنی ٹی ۲۰؍ لیگ کے ۱۲؍ویں ایڈیشن کیلئے اپنی ٹیمیں تشکیل دینے میں حصہ لیں گی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ بی سی بی اور بی پی ایل گورننگ کونسل کے زیر  اہتمام اس سال کی نیلامی ایک نئے فرنچائز ملکیت سائیکل کے آغاز کی علامت ہوگی جس میں بین الاقوامی ٹی۲۰؍ فرنچائز معیارات کے مطابق ایک شفاف اور از سر نو تشکیل شدہ بولی کے عمل کا آغاز کیا جائے گا۔
نئے نظام کے تحت، مقامی کھلاڑیوں کو ۶؍ زمروں میں اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو ۵؍ زمروں میں تقسیم کیا جائے گا۔ مقامی کرکٹرز کیلئے چوٹی کے اے زمرے کی بنیادی قیمت۵۰؍ لاکھ بنگلہ  دیشی ٹکا ہوگی اور بولی میں ہر اضافہ پانچ لاکھ ٹکا کا ہوگا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کیلئے اعلیٰ ترین زمرہ ۳۵؍ ہزار امریکی ڈالر سے شروع ہوگاجس میں ہر بولی  پر۵؍ ہزار ڈالر کا اضافہ ہوگا۔
ہر فرنچائز کو نیلامی سے قبل ۲؍بنگلہ دیشی کھلاڑیوں (اے اور بی زمرے سے) اور ایک یا ۲؍ غیر ملکی کھلاڑیوں سے براہِ راست معاہدہ کرنے کی اجازت ہوگی جو بی پی ایل گورننگ کونسل کی منظوری سے مشروط ہوگا ۔نیلامی دو مراحل میں ہوگی ۔ پہلے مرحلے میں مقامی کھلاڑیوں کی نیلامی، اس کے بعد غیر ملکی کھلاڑیوں کی۔ ہر فرنچائز کو نیلامی سے کم از کم۱۱؍ مقامی کھلاڑی خریدنے ہوں گے، جبکہ ٹیم میں زیادہ سے زیادہ۱۵؍ مقامی کھلاڑی شامل کئے جا سکیں گے ۔ براہِ راست معاہدہ شدہ کھلاڑی نیلامی کے اس عمل سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ہر ٹیم کیلئے مقامی کھلاڑیوں کا بجٹ ۴ء۵؍ کروڑ بنگلہ دیشی ٹکا مقرر کیا گیا ہے جس میں براہِ راست معاہدہ شدہ کھلاڑیوں کو دی جانے والی رقم شامل نہیں ہوگی ۔ٹیمیں اپنی مرضی کے مطابق جتنے چاہیں غیر ملکی کھلاڑی رجسٹر کر سکتی ہیں، تاہم کسی بھی میچ میں پلیئنگ الیون میں صرف ۲؍ سے۴؍ غیر ملکی کھلاڑی شامل ہو سکیں گے۔ ہر ٹیم کیلئے یہ لازمی ہوگا کہ وہ نیلامی کے ذریعے کم از کم دو غیر ملکی کھلاڑی خریدے ۔غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ بجٹ فی ٹیم۳؍ لاکھ ۵۰؍ ہزار امریکی ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK