ایشیا کپ کے لیگ میچ میں بنگلہ دیش نے افغان ٹیم کو ۸۹؍رن سے مات دی۔ مہدی حسن اور نجم الحسین نے سنچری بنائی
EPAPER
Updated: September 04, 2023, 9:48 PM IST | Lahore
ایشیا کپ کے لیگ میچ میں بنگلہ دیش نے افغان ٹیم کو ۸۹؍رن سے مات دی۔ مہدی حسن اور نجم الحسین نے سنچری بنائی
مہدی حسن معراج (۱۱۲؍ رن) اور نجم الحسین شانتو (۱۰۴؍رن) کے بعد تسکین احمد (۴۴/۴) کی جارح گیندبازی کی بدولت بنگلہ دیش نے اتوار کو ایشیا کپ کے کرو یا مرو گروپ بی کے میچ میں افغانستان کو۸۹؍ رن سے شکست دی۔ بنگلہ دیش نے معراج اور شانتو کی سنچریوں کی بدولت۵۰؍ اوورس میں ۳۳۴؍ رن بنائے۔ تسکین اور شریف اسلام (۳۶/۳) کی بولنگ کے سامنے افغانستان کی پوری ٹیم۴۴ء۳؍ اوورس میں۲۴۵؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان کی جانب سے ابراہیم زادران نے۷۴؍ گیندوں پر۱۰؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۷۵؍ رن بنائے لیکن ان کی جنگی کوشش افغانوں کی فتح پر مہر لگانے کیلئے ناکافی ثابت ہوئی۔ پہلے میچ میں سری لنکا سے شکست کے بعد بنگلہ دیش نے اس جیت کے ساتھ سپر فور میں پہنچنے کی اپنی امیدیں زندہ رکھیں۔ اگر میزبان سری لنکا منگل کو افغانستان کے خلاف جیت جاتا ہے تو وہ بنگلہ دیش کے ساتھ سپر فور میں داخل ہو جائے گا۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور معراج نے محمد نعیم کے ساتھ مل کر پہلے ہی اوور میں برتری حاصل کی۔ معراج اور نعیم نے پہلے وکٹ کے لئے ۱۰؍ اوورس میں۶۰؍ رن بنائے تاہم افغانستان نے میچ میں ۴؍ گیندوں کے اندر ۲؍ وکٹ لے کر میچ میں واپسی کی۔ مجیب الرحمان نے نعیم (۳۲؍ گیندوں پر ۲۸؍ رن) کو آؤٹ کر کے شراکت کو توڑا جبکہ گلبدین نائب نے توحید ہردئے کو صفر رن پر پویلین بھیج دیا۔نعیم اور ہردئے کے وکٹ تاہم بنگلہ دیش کو بیک فٹ پر نہ ڈال سکیں۔ اس کے بعد معراج اور شانتو نے اپنی سنچریاں مکمل کیں اور۱۹۵؍ رن کی زبردست شراکت کی۔ معراج ۱۱۹؍گیندوں پر ۷؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۱۱۲؍ رن بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے، جبکہ شانتو نے۴۵؍ ویں اوور میں رن آؤٹ ہونے سے قبل۱۰۵؍ گیندوں پر ۹؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے ۱۰۴؍ رن بنائے۔
مشفق الرحیم (۱۵؍گیندوں پر ۲۵؍رن ) اور شکیب الحسن (۱۸؍ گیندوںپر ناٹ آؤٹ ۳۲؍ رن) نے جارحانہ بلے بازی سے بنگلہ دیشی اننگز کا مضبوط خاتمہ کیا۔ شمیم حسین نے ۶؍ گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے ۱۱؍ رن بنائے۔افغانستان کی جانب سے مجیب نے۱۰؍ اوورس میں۶۲؍ رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا جبکہ نائب نے ۸؍ اوورس میں ۵۸؍ رن دے کر کامیابی حاصل کی۔ فضل الحق فاروقی افغان ٹیم کے مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے، انہوں نے ۶؍ اوورس میں ۵۳؍ رن دئیے۔