Updated: October 21, 2025, 1:42 PM IST
|
Agency
| Indore
ورلڈ کپ کے اہم میچ میں شکست کے بعد مندھانا نےکہا ’’مجھے لگتا ہے کہ ہم سب نے غلط شاٹ کا انتخاب کیا جو بہتر ہو سکتا تھا، تاہم، یہ مجھ سے شروع ہوا، اس لیے میں اس کی ذمہ داری لیتی ہوں۔‘‘
ہندوستانی اسٹار بلے باز اسمرتی مندھانا۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی اوپنر اسمرتی مندھانا نے کہا کہ وہ خود خواتین کرکٹ ورلڈ کپ میں انگلینڈ سے ہندوستان کی قریبی شکست کی ذمہ دار ہیں۔ میچ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مندھانا نے کہا کہ ’’سب نے دیکھا کہ تباہی ہوئی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم سب نے غلط شاٹ سلیکشن کیے جو بہتر ہو سکتا تھا، تاہم، یہ مجھ سے شروع ہوا، اس لیے میں اس کی ذمہ داری لیتی ہوں۔ ہمیں صرف ۶؍ رن فی اوور کی شرح سے اسکور کرنا تھا، ہم میچ کو مزید گہرائی تک لے جا سکتے تھے۔ میں اس شکست کی ذمہ داری لیتی ہوں کیونکہ وکٹ گرنے کا آغاز مجھ سے ہوا۔‘‘
اتوار کی رات، ہندوستانی خواتین کی ٹیم کی انگلینڈ کے ۸/۲۸۸؍ کے اسکور کے تعاقب میں ۷؍ وکٹوں کے ساتھ اور فی اووَر ۶؍ رن کی شرح سے فتح کی جانب پیشقدمی جاری تھی لیکن بائیں ہاتھ کی بلے باز مندھانا ایلس کیپسی کے ہاتھوں ڈیپ میں کیچ ہو گئیں جس سے اس کی ٹیم کی رفتار میں خلل پڑا۔ آخری لمحات میں امنجوت کور اور اسنیہ رانا کی جدوجہد کے باوجود، لنسی اسمتھ نے اپنی شاندار گیندبازی سے اس بات کو یقینی بنایا کہ انگلینڈ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی تیسری ٹیم بن گئی، اور ہندوستان کو ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے کے لیے کافی محنت کرنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ’’ میزبان ٹیم کو اب سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اپنے بقیہ دونوں گروپ میچ جیتنے ہوں گے۔ جمعرات کو نیوزی لینڈ کے خلاف ان کا اگلا میچ تقریباً کوارٹر فائنل جیسا ہے۔ مندھانا نے کہا کہ بلاشبہ، اگلا میچ ٹاپ فور میں جگہ بنانے کے لحاظ سے تقریباً کوارٹر فائنل جیسا ہو گا اور آپ آسان دنوں کے لیے کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ ہم کہاں بہتر کر سکتے تھے، جہاں ہم سے غلطیاں ہوئیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا’’ہم سب یہ جانتے ہیں، اور ہاں، جیسا کہ میں نے کہا، اگر آپ کوئی کھیل کھیل رہے ہیں، تو آپ کے اچھے اور برے دن آتے ہیں۔ بات یہ ہے کہ آپ ان برے دنوں سے کیسے نمٹتے ہیں اور آگے بڑھتے ہیں ۔‘‘
واضح رہےکہ ویمنس ون ڈے ورلڈ کپ میں میزبان ہندوستان کو مسلسل تیسرے میچ میں ہار کا سامنا کرنا پڑا ۔اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں انگلینڈ نے ٹیم کو۴؍ رن سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی انگلش ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ بھی ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔انگلینڈ نے ۸؍وکٹوں کے نقصان پر۲۸۸؍ رن بنائے، سابق کپتان ہیتھر نائٹ نے ۱۰۹؍ رن کی اننگ کھیلی ۔ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کے ۴۱؍ اوورز میں۳؍وکٹوں کے نقصان پر۲۳۴؍رن تھے لیکن یہاں سے ہندوستان نے اگلے۴؍ اوورز میں۳؍ وکٹ گنوا دیے اور ٹیم۵۰؍ اوورز میں ۲۸۴؍ رن ہی بنا سکی۔