Inquilab Logo Happiest Places to Work

بین ڈکٹ کی ہندوستان کے خلاف شاندار سنچری

Updated: June 25, 2025, 1:15 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

تینڈولکر۔اینڈرسن ٹرافی کے پہلے میچ کی دوسری اننگز میں انگلینڈ کے بلے باز بین اور کراولی نےہندوستانی گیندبازوں کا جم کر مقابلہ کیا،دونوں نے پہلے وکٹ کیلئے ۱۸۸؍رن جوڑے۔

England batsman Ben Duckett hit 21 fours and a six in his 149-run innings against India. Photo: PTI
انگلینڈ کے بلے باز بین ڈکٹ ہندوستان کے خلاف۱۴۹؍رنوں کی اننگز میں ۲۱؍چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ تصویر: پی ٹی آئی

 ہیڈنگلے میں اینڈرسن۔ تینڈولکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ کے آخری دن، منگل کو انگلینڈ نے ۳۷۱؍رنوں کے ہدف کے جواب میں بین ڈکٹ (۱۴۹) کی شاندار سنچری کی بدولت اپنا پلڑا بھاری رکھا۔ تاہم، شاردول ٹھاکر نے لگاتار ۲؍ گیندوں پر ڈکٹ اور ہیری بروک (صفر) کو آؤٹ کر کے ٹیم انڈیا کی میچ میں واپسی کی امید جگائی۔ چائے کے وقفے تک انگلینڈ کی ٹیم نے چوتھی اننگز میں ۵۸ء۳؍اوور میں ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر ۲۶۹؍رن بنا لئے تھے اور اسے جیت کے لئے مزید ۱۰۲؍رن درکار تھے۔ جو روٹ ۱۴؍ اور بین اسٹوکس ۱۴؍رن بنا کر کھیل رہے تھے۔ 
  اس سے پہلےانگلینڈ نے لنچ تک ۳۰؍اوور میں بغیر کسی نقصان کے ۱۱۷؍رن بنائے تھے اور اس وقت تک تقریباً ۳ء۸۹؍ کے اوسط سے رن جوڑے تھے۔ لیکن لنچ کے بعد کھیل شروع ہونے کے بعد ڈکٹ اور کراولی (۶۵) نے تیزی سے رن بنانا شروع کیا۔ دونوں نے تقریباً ۶ء۱۳؍کے اوسط سے رن بنائے اور ٹیم کا اسکور ۴۱؍ اوور میں ۱۸۱؍ تک پہنچا دیا۔ اس کے بعد بارش کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا اور یہ ہندوستانی ٹیم کے لئے راحت کا باعث رہی۔ 
 پرسدھ کرشنا نے ۴۳؍ویں اوور میں کراولی کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ ڈکٹ اور کراولی نے پہلی وکٹ کیلئے۱۸۸؍رنوں کی شراکت قائم کی، جو ہندوستان کے خلاف چوتھی اننگز میں سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے۔ ہیڈنگلے میں یہ پہلی وکٹ کے لئے بھی سب سے بڑی شراکت ہے اور انگلینڈ کے لئے دوسری سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ ہے۔ ڈکٹ نے اپنی اننگز میں ۲۱؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ انہوں نے رویندر جڈیجہ کو خاص طور پر نشانہ بنایا اور ریورس سویپ سے مسلسل رن بٹورے۔ 
 ڈکٹ ۲۰۱۰ءکے بعد چوتھی اننگز میں سنچری بنانے والے انگلینڈ کے پہلے اوپنر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ کارنامہ السٹر کک نے بنگلہ دیش کے خلاف میرپور میں انجام دیا تھا۔ پچھلے ۳۰؍ برسوں میں ہیڈنگلے ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں ۵۰؍یا اس سے زیادہ رن بنانے والے وہ دوسرے انگلش اوپنر بن گئے۔ پہلی اننگز میں ڈکٹ نے ۶۲؍رنوں کی کارآمد اننگز کھیلی تھی، جس میں ۹؍ چوکے شامل تھےاور پھر دوسری اننگز میں انہوں نے جسپریت بمراہ اور محمد سراج کے ابتدائی چیلنج کو بے اثر کر دیا۔ 
 یشسوی نے ڈکٹ کا کیچ چھوڑا
 ہندوستانی ٹیم کو جب وکٹ کی سخت ضرورت تھی تو یشسوی جیسوال نے ایک بار پھر کیچ چھوڑ دیا، جو ٹیم کو بہت مہنگا پڑا۔ ۱۴۹؍ رن بنانے والے ڈکٹ جب ۹۷؍ رن پر کھیل رہے تھے، تب یشسوی نے انہیں زندگی دے دی۔ انہوں نے بھی اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔ یاد رہے کہ پہلی اننگز میں بھی یشسوی نے کئی کیچ چھوڑے تھے۔ 
 بارش سے متاثرہ دوسرے سیشن میں پرسدھ کرشنا کے ۲؍ ابتدائی وکٹ لینے کے بعد، شاردول ٹھاکر نے لگاتار ۲؍ گیندوں پر خطرناک بین ڈکٹ (۱۴۹) اور ہیری بروک (صفر) کو آؤٹ کر کے انڈیا کی واپسی کروائی۔ کرشنا نے زیک کراولی (۶۵) اور اولی پوپ (۸) کو پویلین بھیجا۔ جب دن میں دوسری بار بارش ہوئی اور جلدی چائے کا وقفہ لینا پڑا، اس وقت جو روٹ اور بین اسٹوکس کریز پر موجود تھے۔ انگلینڈ کو آخری سیشن میں جیت کے لئے مزید ۱۰۲؍رن درکار تھے جبکہ ٹیم انڈیا کو ہموار پچ پر مزید۶؍ وکٹوں کی ضرورت تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK