Updated: January 15, 2026, 3:30 PM IST
|
Agency
| Hobart
آخری اوور میں صرف ۲ ؍ رن دے کر ہوبارٹ ہری کینز کےجبڑےسے یقینی فتح چھین لی ،شروعات کی ۴؍ گیندوں پر کوئی رن نہیں دیا۔
برسبین ہیٹ کے گیند باز زمان خان نے میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا۔ تصویر: آئی این این
آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کے ۳۵؍ویں میچ میں پاکستان کے با لر زمان خان نے اپنی تباہ کن بالنگ اور مضبوط اعصاب کی بدولت ہوبارٹ ہری کینز کے جبڑے سے یقینی فتح چھین لی۔ زمان خان نے آخری اوور میں صرف۲؍رنز دے کر اپنی ٹیم برسبین ہیٹ کو ہارے ہوئے میچ میں فتح دلا دی۔ہوبارٹ کے بیلریو اوول میں کھیلے گئے اس میچ میں ہری کینز کو جیت کیلئے آخری ۶؍ گیندوں پر صرف ۶؍ رنز درکار تھے جو کہ ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں ایک انتہائی آسان ہدف سمجھا جاتا ہے۔ کریز پر نکھل چودھری اور کپتان ناتھن ایلس موجود تھے، لیکن زمان خان نے اپنی یارکرز اور سلو گیندوں سے دونوں ہی بلے بازوں کو بے بس کر دیا۔
زمان نے نپی تلی بالنگ سے بلے بازوں کو باندھے رکھا اور لگاتار ڈاٹ گیندیں کر کے دباؤ بڑھایا۔ شدید دباؤ کے نتیجے میں نکھل چودھری آخری لمحات میں ایک سلو گیند پر مائیکل نیسر کو کیچ تھما بیٹھے۔ آخری گیند پر جب ۵؍ رنز درکار تھے، زمان نے ایسی نپی تلی گیند کی کہ نیا بلے باز صرف ایک ہی رن بنا سکا اور اس طرح سے اپنی ٹیم برسبین کو تقریباً ہارا ہوا میچ جتادیا۔
زمان خان نے اپنے چار اوورز کے اسپیل کا اختتام ۲۹؍ رنز کے عوض ایک وکٹ کے ساتھ کیا، لیکن ان کا آخری اوور میچ کا پانسہ پلٹنے والا ثابت ہوا۔برسبین کے دیگر بالرز میں زیویئر بارٹلیٹ ۳؍وکٹیں لے کر سب سے کامیاب رہے۔میتھیو کوہن مین نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔مارنس لیبوشین اور مائیکل نیسر نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کیا۔ اس سے قبل برسبین ہیٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ۱۶۰؍ رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں ہوبارٹ ہری کینز کی ٹیم زمان خان کے آخری اوور کے حصار میں آکر مقررہ رنز بنانے میں ناکام رہی۔