کرکٹ میں جیت ہمیشہ اس ٹیم کی ہوتی ہے جو دباؤ ڈالنا اور اس کا سامنا کرنا جانتی ہو اور گزشتہ رات وانکھیڈ ے اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کی جیت اس کی بہترین مثال تھی۔
EPAPER
Updated: March 06, 2026, 5:07 PM IST | Mumbai
کرکٹ میں جیت ہمیشہ اس ٹیم کی ہوتی ہے جو دباؤ ڈالنا اور اس کا سامنا کرنا جانتی ہو اور گزشتہ رات وانکھیڈ ے اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کی جیت اس کی بہترین مثال تھی۔
کرکٹ میں جیت ہمیشہ اس ٹیم کی ہوتی ہے جو دباؤ ڈالنا اور اس کا سامنا کرنا جانتی ہو اور گزشتہ رات وانکھیڈ ے اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کی جیت اس کی بہترین مثال تھی۔ جب انگلینڈ کو آخری ۳؍ اوورز میں ۴۵؍ رنز درکار تھے، تو کپتان سوریا کمار یادو نے جسپریت بمراہ کے آخری اوور پر جوا کھیلا جو کہ فیصلہ کن ثابت ہوا۔
انگلش کوچ برینڈن میکولم نے اسکائی اسپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا، ’’ہمیں مساوات بدلنے کے لیے تین چھکوں کی ضرورت تھی، لیکن ہمارا سامنا دنیا کے بہترین گیند باز سے ہوا جس نے شاندار طریقے سے گیم ختم کر دیا۔ انگلینڈ کی ٹیم، جو اب تک ۲۱؍ چوکے اور ۱۵؍ چھکے لگا چکی تھی، بمراہ کے ۱۸؍ویں اوور میں صرف ۶؍ رنز بنا سکی۔جیکب بیتھل اور سیم کرن، جو ۲۷؍ گیندوں پر ۵۰؍ رنز کی شراکت قائم کر چکے تھے، بمراہ کے یارکرز اور سلو گیندوں کا کوئی جواب نہ دے سکے۔ پلیئر آف دی میچ سنجو سیمسن نے جیت کا سہرا بمراہ کے سر باندھتے ہوئے کہا، ’’جسپریت بمراہ نسلوں میں پیدا ہونے والے گیند باز ہیں۔ اگر وہ ڈیتھ اوورز میں ایسی گیند بازی نہ کرتے تو شاید میں یہاں کھڑا نہ ہوتا۔ یہ ایوارڈ اصل میں ان کا حق ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:خاتون مداح نے سیکڑوں سوڈا کین سے شاہ رخ خان کا پورٹریٹ بنایا
میچ کا سب سے یادگار لمحہ پانچویں اوور کی پہلی گیند تھی جب بمراہ نے ہیری بروک کو اپنی مخصوص سلو ون سے دھوکہ دیا۔ بروک نے گیند ہوا میں اچھالی اور اکشر پٹیل نے پوائنٹ کی جانب پیچھے دوڑتے ہوئے ایک ناقابلِ یقین کیچ پکڑ کر سب کو حیران کر دیا۔ خود ہیری بروک نے مایوسی کے عالم میں کہا کہ ’’یہ میری زندگی میں دیکھے گئے بہترین کیچز میں سے ایک تھا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:ہندوستان کی جیت میں کئی کھلاڑیوں کا مشترکہ کردار
بمراہ نے۴؍ اوورز میں ۳۳؍ رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کیا، لیکن ان کے ۲۴؍ گیندوں کے اسپیل میں انگلینڈ کی جارحانہ ٹیم صرف ۴؍چوکے لگا سکی۔ وہ اس ورلڈ کپ میں ۱۰؍ وکٹیں لے چکے ہیں اور ان کا اکانومی ریٹ (۶۲ء۶) ٹورنامنٹ کے تمام فاسٹ گیند بازوں میں بہترین ہے۔کپتان سوریا کمار یادو نے بمراہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ مشکل وقت میں ٹیم کے لیے کھڑے ہونے والے کھلاڑی ہیں۔ اگرچہ ہندوستانی اسپنرز مہنگے ثابت ہوئے اور ۷؍ اوورز میں۹۹؍ رنز دیے، لیکن عرشدیپ، ہاردک اور بالخصوص بمراہ کی گیند بازی نے۲۵۴؍ رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پیش قدمی روک کر ہندوستان کو فائنل میں پہنچا دیا۔