Updated: October 18, 2025, 12:59 PM IST
|
Agency
| Sydney
کیمرون گرین زخمی ہونے کی وجہ سے ہندوستان کے خلاف یکروزہ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ آسٹریلیا نے ان کی جگہ مارنس لابوشین کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
آسٹریلیائی کھلاڑی کیمرون گرین۔ تصویر: آئی این این
کیمرون گرین زخمی ہونے کی وجہ سے ہندوستان کے خلاف یکروزہ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ آسٹریلیا نے ان کی جگہ مارنس لابوشین کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے جمعہ کو بتایا کہ گرین پٹھوں میں کھچاؤ کے سبب ون ڈے سیریز سے باہر ہونا پڑا۔ لابوشین شیلڈ میچ مکمل کرنے کے بعد سنیچرکی رات ایڈیلیڈ سے پرتھ کے لئے روانہ ہوں گے تاکہ اتوار کو ہونے والے پہلے ون ڈے سے قبل ٹیم کے ساتھ شامل ہو سکیں۔ گرین نے حال ہی میں واپسی کی تھی۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی۔۲۰؍دورہ چھوڑ دیا تھا اور پچھلے ہفتے پرتھ میں ویسٹرن آسٹریلیا کی جانب سے نیو ساؤتھ ویلز کے خلاف شیلڈ میچ کھیلا تھا۔ وہ میچ میں ۸؍ اوور گیندبازی کرنے والے تھے لیکن صرف ۴؍ اوور ہی کرسکے اور ایک وکٹ حاصل کی کیونکہ کرکٹ آسٹریلیا کے میڈیکل اسٹاف نے انہیں مسلسل دنوں میں بولنگ کرنے کی اجازت نہیں دی۔ ویسٹرن آسٹریلیا اپنی پہلی اننگز میں زیادہ دیر تک نہیں کھیل سکی، اس لئے ۴؍ اوور کے اسپیل کے درمیان انہیں کافی آرام کا وقت نہیں ملا۔گرین اب ایک مختصر ری ہیب (بحالی) کے عمل سے گزریں گے اور امید ہے کہ وہ ۱۱؍دن بعد ڈبلیو اے سی اے میں شروع ہونے والے ویسٹرن آسٹریلیا کے اگلے شیلڈ میچ میں کھیلنے اور گیندبازی کے لئے دستیاب ہوں گے۔
آسٹریلیا کے لئے یہ چوٹ تشویش کا باعث ہے کیونکہ ٹیم ایشیز سے پہلے گرین کے مکمل طور پر فٹ ہو کر بغیر کسی پابندی کے گیندبازی کی امید کر رہی تھی۔ ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کی فٹنس پر بھی شبہ برقرار ہے۔ انہوں نے اس ہفتے کہا تھا کہ ۲۱؍نومبر کو پرتھ میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کھیلنے کا امکان کم ہے۔