• Sat, 18 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’وکٹ کیپنگ میں خامیوں کو بلے بازی سے دور کردیا‘‘

Updated: October 18, 2025, 1:19 PM IST | Agency | Visakhapatnam

آسٹریلیائی کپتان الیسیا ہیلی کی بنگلہ دیش کیخلاف شاندار سنچری، میچ ۱۰؍وکٹوں سے جیت لیا۔

Australian captain Alyssa Healy. Photo: INN
آسٹریلیائی کپتان ایلیسا ہیلی۔ تصویر: آئی این این
آسٹریلیائی کپتان ایلیسا ہیلی نے اعتراف کیا کہ وکٹ کے پیچھے ان کی کارکردگی قدرےکمزور تھی لیکن اپنی شاندار بلے بازی سے انہوں نے جمعرات کو یہاں بنگلہ دیش کیخلاف خواتین ورلڈ کپ میچ میں اپنی ٹیم کو ۱۰؍ وکٹوں کی شاندار فتح دلائی۔واضح رہے کہ ایلیسا ہیلی نے محض ۷۷؍گیندوں پر ۲۰؍ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست ۱۱۳؍ رن بنائے، جس کی بدولت آسٹریلیا نے ۱۹۹؍ رنوں کا ہدف صرف ۵ء۲۴؍اوور میں حاصل کر لیا۔ ان کی اوپننگ پارٹنر فیبی لچفیلڈ نے بھی ۸۴؍رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے  ۲۰۲؍رنز بنائے۔
اپنی ساتویں ون ڈے سنچری بنانے کے بعد ایلیسا ہیلی نے کہا’’میں شاید وکٹ کے پیچھے تھوڑی کمزور تھی، جو بھی تھا، میں نے بلے بازی سے اس کی تلافی کرنے کی زیادہ سے زیادہ کوشش کی۔ مجھے چیلنج پسند ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا ’’بنگلہ دیشی بلے بازوں کو آؤٹ کرنا مشکل ثابت ہوا۔ ہم نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی۔‘‘ 
لچفیلڈ کے بارے میں ایلیسا نے کہا’’وہ مجھ پر سے دباؤ کافی کم کر دیتی ہیں۔ جب دباؤ کم ہوتا ہے تو یہ شاندار ہوتا ہے۔ امید ہے کہ اس سے ہم دونوں کو ورلڈ کپ کے آخری مرحلے میں اعتماد ملے گا۔‘‘ایلیسا نے الینا کنگ کی بھی تعریف کی جنہیں بنگلہ دیش کی اننگز کے دوران ۱۸؍ رن دے کر ۲؍ وکٹیں لینے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا’’وہ کئی بار سب کو تھوڑا بے وقوف بنا دیتی ہیں۔ انہیں حاوی ہوتے دیکھنا شاندار تھا۔‘‘
وہیںبنگلہ دیش کی کپتان نگار سلطانہ نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم بڑی شراکتیں قائم نہیں کر سکی۔ سلطانہ نے کہا’’ہم نے بہت اچھی شروعات کی۔ پاور پلے میں ایک وکٹ گری۔ اس کے بعد شراکتیں بنانے میں جدوجہد کرنی پڑی۔ ان حالات میں ہمیں اور رن بنانے چاہیے تھے۔ ایک بیٹنگ یونٹ کے طور پر ہم مسلسل اچھی کارکردگی نہیں دکھا پائے اور اسی کا ہمیں نقصان ہوا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا’’۲؍ سٹرائیک گیند بازوں کی کمی محسوس ہوئی۔ ہمارے گیندبازوں کیلئےیہ برا دن تھا۔ وہ اچھی کارکردگی کر رہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم اس سے بہتر ہیں۔‘‘ سری لنکا کے خلاف اگلے میچ کے بارے میں سلطانہ نے کہا’’ہمیں یہاں سے سیکھنا ہوگا۔ پچھلے ۲؍ میچوں میں کئی مثبت باتیں رہی ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK