موجودہ ہندوستانی کپتان شبھمن گِل سابق کپتان سنیل گاوسکر کے۱۹۷۱ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں۷۷۴؍ رن بنانے کے ہندوستانی ریکارڈ کو توڑ سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: July 07, 2025, 12:54 PM IST | Agency | New Delhi
موجودہ ہندوستانی کپتان شبھمن گِل سابق کپتان سنیل گاوسکر کے۱۹۷۱ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں۷۷۴؍ رن بنانے کے ہندوستانی ریکارڈ کو توڑ سکتے ہیں۔
موجودہ ہندوستانی کپتان شبھمن گِل سابق کپتان سنیل گاوسکر کے۱۹۷۱ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں۷۷۴؍ رن بنانے کے ہندوستانی ریکارڈ کو توڑ سکتے ہیں۔ گاوسکر نے ۱۹۷۱ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں ۴؍ میچوں میں۷۷۴؍ رن بنائے تھے اور ان کا یہ ریکارڈ آج تک قائم ہے۔ کوئی بھی ہندوستانی کھلاڑی اس ریکارڈ کو توڑ نہیں سکا۔ دوسرے نمبر پر بھی گاوسکر ہی ہیں جنہوں نے ۷۹۔۱۹۷۸ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف گھریلو سیریز میں ۶؍ میچوں میں۷۳۲؍ رن بنائے تھے۔ تیسرے نمبر پر موجودہ اوپنر یشسوی جیسوال ہیں جنہوں نے ۲۴۔۲۰۲۳ءمیں انگلینڈ کے خلاف گھریلو سیریز میں ۵؍ میچوں میں۷۱۲؍ رن بنائے تھے۔
ہندوستان کی رن مشین وراٹ کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف ۱۵۔۲۰۱۴ء کی سیریز میں ۴؍ میچوں میں ۶۹۲؍ رن بنائے تھے۔ گِل نے ایجبسٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف کل۴۳۰؍ رن بنائے ہیں، جو ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رن ہیں ، پہلے نمبر پر گراہم گوچ ہیں جنہوں نے۱۹۹۰ء میں ہندوستان کے خلاف ۴۵۶؍ رن بنائے تھے۔
گِل نے اس انگلینڈ کے دورے پر پہلے ۲؍ ٹیسٹ میں۵۸۵؍ رن بنائے ہیں، جو سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رن ہیں۔ پہلے نمبر پر گریم اسمتھ ہیں جنہوں نے ۲۰۰۳ء میں انگلینڈ میں۶۲۱؍ رن بنائے تھے۔ گِل اب بطور کپتان پہلے دو ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں، انہوں نے کوہلی کے ۴۴۹؍ رن کو پیچھے چھوڑ دیا۔
گِل دوسرے بلے باز ہیں جنہوں نے دو بار ٹیسٹ میں۱۵۰؍ سے زائد رن بنائے ہیں، ان سے پہلے یہ کارنامہ۱۹۸۰ء میں ایلن بارڈر نے پاکستان کے خلاف لاہور میں ناٹ آؤٹ۱۵۰؍ اور۱۵۳؍ رن بنا کر کیا تھا۔
گِل ان ۹؍ بلے بازوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ایک ٹیسٹ میں سنچری اور ڈبل سنچری بنائی ہے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں میں گِل سے پہلے گاوسکر نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ دو ہندوستانی کپتانوں نے گِل سے پہلے ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنائی تھی۔ گاوسکر نے۱۹۷۸ء میں ایڈن گارڈنس میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ۱۰۷؍رن اور ناٹ آؤٹ ۱۸۲؍ رن بنائے تھے جبکہ وراٹ کوہلی نے۲۰۱۴ء میں ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف۱۱۵؍ اور۱۴۱؍ رن بنائے تھے۔گِل دوسرے ہندوستانی بلے باز ہیں جنہوں نے انگلینڈ میں ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچری بنائی ہے۔ اس سے پہلے ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں رشبھ پنت نے یہ کارنامہ دیا تھا۔
موجودہ ہندوستانی کپتان کے پاس گاوسکر کا ۵۴؍ سال پرانا ریکارڈ توڑنے کا اس سیریز میں موقع ہے۔ جو کام سچن تینڈولکر، راہل دراوڑاور وراٹ کوہلی جیسے عظیم بلے باز نہیں کر سکے، وہ کام موجودہ سیریز میں گِل کر سکتے ہیں۔ گِل سیریز میں جس فارم میں کھیل رہے ہیں، اسے دیکھتے ہوئے وہ آسٹریلیا کے عظیم ڈان بریڈمین کا ایک سیریز میں۹۷۴؍ رن کا عالمی ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ سیریز میں باقی ۳؍ میچوں میں انہیں یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے ۳۹۰؍ رن کی ضرورت ہے۔خیال رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ابھی ۳؍ ٹیسٹ میچ باقی ہیں۔