تیسرے یکروزہ میچ میں ہندوستانی ٹیم کی ۱۳؍رن سے قریبی جیت۔ ہرمن پریت کور نے شاندار ۱۰۲؍رن بنائے۔کرانتی نے ۶؍وکٹ لئے۔
EPAPER
Updated: July 24, 2025, 12:16 PM IST | Agency | Chester-le-Street
تیسرے یکروزہ میچ میں ہندوستانی ٹیم کی ۱۳؍رن سے قریبی جیت۔ ہرمن پریت کور نے شاندار ۱۰۲؍رن بنائے۔کرانتی نے ۶؍وکٹ لئے۔
کپتان ہرمن پریت کور (۱۰۲؍رن) کی شاندار سنچری اننگز اور کرانتی گوڑ (۶؍وکٹ) کی بہترین گیندبازی کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے منگل کو تیسرے یکروزہ میچ میں انگلینڈ کو ۱۳؍رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے ۳؍ میچوں کی سیریز۱۔۲؍ سے اپنے نام کر لی۔
۳۱۹؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ کی خواتین ٹیم کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے صرف۸؍ رن پر اپنے دونوں اوپنرس کے وکٹ گنوا دیئے۔ ٹیمی بیومونٹ (۲؍رن) اور ایمی جونس (۴؍رن) کو کرانتی گوڑ نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد ایما لیمب اور نیٹ شیور برنٹ نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے۱۶۲؍ رن کی شراکت ہوئی۔ جب تک یہ دونوں کھیل رہی تھیں، ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ بآسانی یہ میچ جیت لے گا لیکن۳۱؍ویں اوور میں شری چرنی نے ایما لیمب کو ۸۱؍گیندوں پر۶۸؍ رن پر بولڈ کر کے تیسرا جھٹکا دیا۔پھر ۳۵؍ویں اوور میں دپتی شرما نے سنچری کے قریب پہنچ رہی نیٹ شیور برنٹ کو۹۸؍ رن پر وکٹ کیپر رچا گھوش کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد سوفیہ ڈنکلی اور ایلس ڈیویڈسن رچرڈس نے اننگز سنبھالی مگر ہندوستانی بولرس نے انہیں کریز پر زیادہ دیر ٹکنے نہیں دیا۔ پانچواں وکٹ سوفیہ ڈنکلی (۳۴؍ رن) کی شکل میں گرا جبکہ ایلس ڈیوڈسن رچرڈس (۴۴؍ رن) کو کرانتی گوڑ نے رادھا یادو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ شارلٹ ڈین (۲۱؍رن)، لارین فائلر (صفر) اور لارین بیل (۷؍ رن) کو بھی گوڑ نے آؤٹ کیا۔ ہندوستان نے۴۹ء۵؍ اوور میں انگلینڈ کو ۳۰۵؍ رن پر آل آؤٹ کر کے۱۳؍ رن سے میچ جیت لیا۔ کپتان ہرمن پریت کور کو۸۴؍ گیندوں پر ۱۴؍ چوکوں کی مدد سے بنائی گئی۱۰۲؍ رن کی شاندار سنچری پر ’پلیئر آف دی میچ‘ اور ’پلیئر آف دی سیریز‘ کا اعزاز دیا گیا۔ ہندوستان کی جانب سے کرانتی گوڑ نے ۹ء۵؍ اوورس میں ۵۲؍ رن دے کر۶؍ وکٹ حاصل کئے۔ شری چرنی کو ۲؍ اور دپتی شرما کو ایک وکٹ ملا۔
اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پرتیکا راول اور اسمرتی مندھانا کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے۶۴؍ رن جوڑے۔۱۳؍ویں اوور میں شارلٹ ڈین نے پرتیکا راول (۲۶؍رن) کو آؤٹ کیا۔۱۸؍ویں اوور میں اسمرتی مندھانا (۴۵؍رن) آؤٹ ہوئیں۔اس کے بعد کپتان ہرمن پریت کور نے ہرلین دیول کے ساتھ۸۱؍ رن اور جمائما روڈریگز کے ساتھ ۱۱۰؍رن کی شراکت کی، جس سے ہندوستان کا اسکور ۲۷۲؍رن تک پہنچ گیا۔۴۶؍ویں اوور میں جمائما روڈریگز۴۵؍ گیندوں پر۵۰؍ رن بنا کر فائلر کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔ پانچواں وکٹ ہرمن پریت کور کا تھا، جنہوں نے۸۴؍ گیندوں پر۱۴؍ چوکوں کی مدد سے۱۰۲؍رن بنائے۔ ہندوستان نے۵۰؍ اوورس میں۵؍ وکٹ کے نقصان پر۳۱۸؍ رن بنائے۔ رچا گھوش نے۱۸؍ گیندوں پر۳۸؍ رن اور رادھا یادو ۲؍ رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے لارین بیل، لارین فائلر، شارلٹ ڈین، صوفیہ ایکل اسٹون اور لنسی اسمتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
اس سیریز میں کامیابی سے ہمیں یقیناً اعتماد حاصل ہوگا : ہرمن پریت
انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں جب ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور بلے بازی کے لیے آئیں تو ان کا پہلا رن۱۱؍ ویں گیند پر بنا۔ یہ۱۰۲؍رن کی اننگز کا آغاز تھا، جس نے انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کی سیریز جیتنے کی بنیاد رکھی اور گھر پر ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل پوری دنیا کو ایک مضبوط پیغام بھی دیا۔میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ ’’ہر میچ میں میں بیٹنگ میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنا چاہتی تھی لیکن آج کا میچ ہمارے لیے بہت اہم تھا، منصوبہ یہ تھا کہ کریز پر کچھ وقت گزارا جائے اور پھر دیکھا جائے کہ آگے کیا ہوتا ہے۔ یہ حکمت عملی میرے لیے کار آمد ثابت ہوئی۔ پہلی ۱۰؍ گیندوں پر مجھے رن نہیں ملا لیکن پھر میں خود سے کہہ رہی تھی: `مجھے ہار ماننے کی ضرورت نہیں ہے، بس ٹیم کیلئے رکے رہنا ہے۔ ۸۲؍ گیندوں میں سنچری مکمل کر کے ہرمن پریت نے گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی ۸۷؍ گیندوں کی سنچری کو پیچھے چھوڑ دیا اور خواتین کے ون ڈے میں ہندوستان کے لیے دوسری تیز ترین سنچری بنائی۔ اس سال کے شروع میں اسمرتی مندھانا نے آئرلینڈ کے خلاف۷۰؍ گیندوں میں سنچری بنائی جو کہ ہندوستان کے لیے تیز ترین سنچری ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ۴؍ہزار رن مکمل کرنے والی تیسری ہندوستانی خاتون کھلاڑی بھی بن گئیں۔