Inquilab Logo

روہت اورجڈیجہ کی سنچری، پہلا دن ٹیم انڈیا کا رہا

Updated: February 16, 2024, 12:29 PM IST | Agency | New Delhi

انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے پانچ وکٹ پر۳۲۶؍رن بنا لئے۔

Rohit Sharma has provided a strong foundation for the team by scoring a brilliant century. Photo: PTI
روہت شرما نے شاندار سنچری بناکر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کردی ہے۔ تصویر : پی ٹی آئی

کپتان روہت شرما اور رویندرجڈیجہ نے جمعرات کو انگلینڈ کے خلاف تیسرے بین الاقوامی کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن سنچری بنا کر ٹیم کو نہ صرف ابتدائی جھٹکوں سے بچایا، بلکہ بڑے اسکور کی طرف گامزن کردیا۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے پانچ وکٹ پر۳۲۶؍رن بنا لیے تھے۔ روہت(۱۳۱) اور جڈیجہ( ناٹ آؤٹ ۱۱۰؍) نے چوتھے وکٹ کے لیے۲۰۴؍رن کی شراکت قائم کی، جو انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کی طرف سے چوتھے وکٹ کے لیے تیسری سب سے بڑی شراکت ہے۔ ان دونوں کے علاوہ اپنا پہلا ٹسٹ کھیلنے والے سرفراز خان نے بھی نصف سنچری بنائی۔ اسٹمپ تک نائٹ واچ مین کلدیپ یادو (۱؍رن)اور جڈیجہ کریز پر مرجود تھے۔ 
روہت کے نام کئی ریکارڈ
  گزشتہ دو ٹیسٹ میچوں میں رہنے والے روہت نے ایسے وقت میں سنچری بنائی، جب ٹیم کو ان کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ 
 روہت نے نرنجن شاہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ۱۹۶؍ گیندوں میں ۱۴؍ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ۱۳۱؍رن بنائے۔ یہ روہت کی بطور کپتان تیسری اور کل ۱۱؍ویں ٹیسٹ سنچری ہے، اس کے علاوہ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ایک ہزار ٹیسٹ رن بھی مکمل کیے۔ ۲۰۱۹ء سےعالمی ٹیسٹ چمپئن روہت سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کے معاملے میں سرفہرست ہیں۔ اب تک وہ ۸؍سنچری اور اتنی ہی نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ روہت نے تقریباً۲۱۸؍ دنوں کے بعد ٹیسٹ میں سنچری بنائی ہے۔ انہوں نے اپنی آخری سنچری۱۳؍ جولائی ۲۰۲۳ءکو ویسٹ انڈیز کے خلاف بنائی تھی۔ اپنی اننگ میں تین چھکوں کے ساتھ، روہت نے ٹسٹ میں چھکے لگانے کے معاملے میں سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ دھونی کے نام ٹسٹ میں ۷۸؍ چھکے ہیں، جب کہ ہندوستانیوں میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ وریندر سہواگ کے نام ہے۔ سہواگ نے ٹیسٹ میں کل۹۰؍ چھکے لگائے ہیں۔ 
 ایک وکٹ ہندوستان کے تین بلے باز یشسوی جیسوال(۱۰)، شبھمن گل(صفر) اور رجت پاٹیدار(۵) محض ۳۳؍رن پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ ایسے میں جڈیجہ نے کپتان روہت کے ساتھ مورچہ سنبھالااور اپنے ٹسٹ کریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی۔ 
سرفرازنے رنگ جمایا
سرفراز کو دیکھ کر کسی وقت بھی ایسا نہیں لگاکہ وہ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کی اور میدان کے چاروں طرف شاٹس لگا کر مختلف شاٹس لگانے کی کی اپنی مہارت کی شاندار مثال پیش کی۔ انہوں اسپنر ٹام ہارٹلے کی گیندپر چھکا لگا کر صرف۴۸؍ گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ وہ اپنے پہلے ٹسٹ میں تیز ترین نصف سنچری لگانے والے دوسرے بلےباز ہیں۔ ان سے قبل ہاردک پانڈیا نے بھی اپنے پہلے ٹسٹ میں ۴۸؍گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔ جب ایسا لگ رہا تھا کہ سرفراز بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہو جائیں گے، لیکن جڈیجہ کے ساتھ غلطی کی وجہ سے انہیں رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹنا پڑا۔ سرفراز کے رن آؤٹ ہونے کے بعد کپتان روہت شرما ڈریسنگ روم میں کافی ناراض نظر آئے۔ 
 جمعرات کو یہاں ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ٹیم میں کل چار تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز اور دھرو ٹیسٹ میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سراج اور جڈیجہ بھی ٹیم میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ راج کوٹ کی پچ بلے بازی کے لیے بہت اچھی لگ رہی ہے۔ پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں ہماری ٹیم کے کئی کھلاڑیوں نے وقتاً فوقتاً اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اگلے تین ٹیسٹ بھی دلچسپ ہونے جا رہے ہیں۔ 
انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے۔ اس سیریز میں جس طرح سے ہم پرفارم کر رہے ہیں میں اس سے بہت خوش ہوں۔ دوسرے ٹیسٹ کے بعد ہمارے پاس کچھ وقت تھا تاکہ ہم آرام کر سکیں اور دوبارہ اچھی طرح واپس آسکیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK