Inquilab Logo

چمپئن لیگ: پی ایس جی اور ڈورٹمنڈ اپنے اپنے حریفوں کو شکست دے کر سیمی فائنل میں داخل

Updated: April 18, 2024, 10:12 AM IST | Barcelona

پی ایس جی نے ایمباپے کے ۲؍ گول کی بدولت بارسلونا کو اس کے ہی میدان پر شکست دے کرآخری ۴؍میں جگہ بنالی۔ ڈورٹمنڈ نے ایٹلیٹیکو میڈرڈ کو ۲۔ ۴؍گول سے ہرادیا۔

PSG`s Kylian Mbappe and Dortmund`s Ian Matsen. Photo: INN.
پی ایس جی کے کائلیان ایمباپے اورڈورٹمنڈکے کھلاڑی ایان مات سین۔ تصویر: آئی این این۔

بارسلونا فٹبال کلب کا برا وقت ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔ اس سیزن میں یہ ٹیم ناقص کارکردگی سے باز نہیں آرہی ہے جس کا نقصان اسے یوئیفا چمپئن لیگ سے باہر ہوکر برداشت کرناپڑا ہے۔ منگل کی دیر رات ہونے والے کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے کے میچ میں اسے پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی ) فٹبال کلب نے ایک کے مقابلے ۴؍گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ ۲؍مرحلوں کا مجموعی اسکور ۴؍ کے مقابلے ۶؍گول رہا۔ اس شکست کے بعد بارسلونا کا اس سیزن میں ایک خطاب جیتنے کا خواب بھی ٹوٹ گیا۔ 
میچ کی بات کریں تو پی ایس جی کے کھلاڑیوں نے کیمپ ناؤ میں میزبان فٹبال کلب پر زوردار حملے کئے اور اسے گول کرنے کے مواقع فراہم نہیں کئے۔ حالانکہ بارسلونا نے اچھی شروعات کی تھی اور ۱۲؍ویں منٹ میں پی ایس جی پر ۰۔ ۱؍گول کی برتری حاصل کرلی تھی۔ ۲۹؍ ویں منٹ اس کے کھلاڑی آر آریو کو ریڈ کارڈ ملا اوروہ میچ سے باہر ہوگئے۔ اس کے بعد بارسلونا کی ٹیم نے ۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ میچ کو مکمل کیا اور حریف ٹیم نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ 
۴۰؍ویں منٹ میں عثمان دیمبیلے نے پی ایس جی کی جانب سے برابری اکا گول کیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں بھی پی ایس جی کی ٹیم حاوی رہی۔ ۵۴؍ویں منٹ میں اشرف حکیمی کی مدد سے وتنہا نے مہمان کلب کو ۱۔ ۲؍ گول کی برتری دلائی۔ ۵۶؍ویں منٹ میں بارسلونا کے کوچ ژاوی ہرنانڈیز کو ریڈ کارڈ ملا۔ ۶۱؍ویں منٹ میں کائلیان ایمباپے نے ٹیم کیلئے تیسرا گول کیا اور اسکور ۱۔ ۳؍ کردیا۔ اس گول کے بعد بارسلونا کے حوصلے پست ہوگئے اوراس نے تقریباً ہار مان لی تھی۔ ۸۹؍ویں منٹ میں کائلیان ایمباپے نے پی ایس جی کی جانب سے ایک اور گول کرکے بارسلونا کی شکست یقینی کردی۔ میچ کےا ختتام پر اسکور ۱۔ ۴؍ گول رہا اور بارسلونا کا فٹبال کلب اپنے ہی میدان پر ہار کر باہر ہوگیا۔ 
یوئیفا چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل کے دوسرے مرحلے پر جرمنی کے فٹبال کلب بوروشیا ڈورٹمنڈ نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے اسپین کے مضبوط فٹبال کلب ایٹلیٹیکو میڈرڈ کو ۲۔ ۴؍ گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ اس میچ میں اس نے زبردست کارکردگی کامظاہرہ کیا کیونکہ اس سے قبل پہلے مرحلے میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے میدان پر اسے ۱۔ ۲؍گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ڈورٹمنڈ کے کھلاڑیوں نے اپنے گھریلو میدان پر حریف ٹیم کی اچھی میزبانی کی اور اسے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے ہی باہر کردیا۔ یہ دوسرا اسپینی کلب تھا جو یوئیفا چمپئن لیگ کے کوارٹر فائنل سے باہر ہوگیا۔ 
میچ کی بات کریں تو ڈورٹمنڈ نے شروعات ہی سے ایٹلیٹیکو پر دباؤ ڈالا۔ ۳۴؍ویں منٹ میں میٹ ہملس کی مدد سے جے برانڈٹ نے پہلا گول کیا۔ اس گول کے ۵؍ منٹ بعد ہی بوروشیا ڈورٹمنڈ کی جانب سے ایان مات سین نے دوسرا گول کیا۔ ۳۹؍ویں منٹ میں ہونے والے گول میں ان کی مددایم سبٹزر نے کی۔ فرسٹ ہاف تک میچ کا اسکور ۰۔ ۲؍ رہا۔ 
میچ کے بعد دوسرے ہاف میں ایٹلیٹیکو کو میچ میں لوٹنے کا موقع ملا تھا۔ ۴۹؍ ویں منٹ میں میٹ ہملس نے ایک اون گول کیا اور حریف ٹیم کیلئے گول کا کھاتہ کھول دیا۔ اس سے اسکور ۱۔ ۲؍ہوگیا تھا۔ ۶۴؍ویں منٹ میں ایٹلیٹیکو کی جانب سے دوسرا گول اے کوریا نے کیا اور اسکور ۲۔ ۲؍ گول سے برابر کردیا۔ میچ کے ۷۱؍ ویں منٹ میں ڈورٹمنڈ نے تیسر ا گو ل کرکے اس برابری کو ختم کردیا۔ ایم فُلکرگ نے ایم سبٹزر کی مدد سے گول کرکے اسکور ۲۔ ۳؍ گول کردیا۔ ۷۴؍ویں منٹ میں ایم سبٹزر نے چوتھا گول کرکے ٹیم ۲۔ ۴؍سے کامیابی دلائی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK