Updated: April 22, 2026, 5:01 PM IST
| London
برائٹن نے پریمیئر لیگ میں چیلسی کو شکست دیتے ہوئے ۰۔۳؍گول سے شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ اس جیت سے جہاں برائٹن کی یورپی ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے کی امیدیں مضبوط ہو گئی ہیں، وہیں مشکلات کا شکار مہمان ٹیم کے ہیڈ کوچ لیام روسینیور کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔
چیلسی اوربرائٹن کے میچ کی تصویر:آئی این این
برائٹن نے پریمیئر لیگ میں چیلسی کو شکست دیتے ہوئے ۰۔۳؍گول سے شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ اس جیت سے جہاں برائٹن کی یورپی ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے کی امیدیں مضبوط ہو گئی ہیں، وہیں مشکلات کا شکار مہمان ٹیم کے ہیڈ کوچ لیام روسینیور کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔
فرڈی قادیوگلو، جیک ہنشیل ووڈ اور ڈینی ویلبیک کے گولز کی بدولت برائٹن ٹیبل پر چھٹے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ وہیں، چیلسی ۱۹۱۲ء کے بعد پہلی بار مسلسل پانچ لیگ میچ بغیر کوئی گول کیے ہار گئی ہے۔میچ کے آغاز سے ہی برائٹن نے چیلسی پر مکمل دباؤ بنائے رکھا۔ کاؤرو میتوما نے ابتدائی دو منٹ میں ہی گول کرنے کا موقع پیدا کیا جسے رابرٹ سانچیز نے ناکام بنا دیا۔ تاہم، تیسرے منٹ میں برائٹن کو ملنے والے کارنر پر جوریل ہاٹو کی ناقص کلیئرنس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قادیوگلو نے والی شاٹ کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
میزبان ٹیم کو گول کرنے کے مسلسل مواقع ملتے رہے۔ ہنشیل ووڈ کی ایک کوشش کو گول لائن سے کلیئر کیا گیا جبکہ جارجینیو روٹر کا شاٹ گول پوسٹ کے اوپر سے نکل گیا۔ آخر کار ۵۶؍ویں منٹ میں روٹر کے پاس پر ہنشیل ووڈ نے برائٹن کے لیے دوسرا گول داغ دیا۔
یہ بھی پڑھئے:سیامی کھیر ۱۲؍سال بعد سیف علی خان کے ساتھ کام کریں گی
پورے میچ میں چیلسی کی حالت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ ابتدائی ۴۰؍ منٹ میں گول کرنے کی صرف ایک کوشش کر سکی۔ دوسرے ہاف میں جب رومیو لاویا کا شاٹ گول سے باہر گیا تو مایوس شائقین نے طنزیہ طور پر’ہم نے شاٹ لگایا ہے‘ کے نعرے بلند کیے، جو جلد ہی کوچ روسینیور کے خلاف غصے میں بدل گئے۔
یہ بھی پڑھئے:ممبئی اور چنئی کے بڑے مقابلے سے قبل دھونی اور ول جیکس کی واپسی یقینی
میچ کے اختتامی لمحات میں برائٹن نے اپنا غلبہ برقرار رکھا اور متبادل کھلاڑیوں کے بہترین تال میل کے نتیجے میں میکسیم ڈی کوئپر کے پاس پر ڈینی ویلبیک نے زوردار شاٹ کے ذریعے سیزن کا اپنا ۱۳؍واں گول مکمل کیا۔ شاندار فارم میں چل رہی سیگلز ٹیم کے لیے یہ ایک یادگار رات ثابت ہوئی، جو چیلسی کو پیچھے چھوڑ کر چھٹے مقام پر پہنچ گئی؛ جبکہ دوسری جانب بلیوز کے لیے چیمپئن لیگ کے لیے کوالیفائی کرنا مزید مشکل دکھائی دے رہا ہے، اور اس راؤنڈ کے تمام میچ مکمل ہونے کے بعد وہ درجہ بندی کے نچلے حصے میں بھی جاسکتے ہیں۔