انڈیااتحاد کے لیڈروں کی چائے پارٹی کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس ،مودی ، شاہ اور گیانیش کمار کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم۔
اپوزیشن کی مشترکہ پریس کانگریس میں تمام اہم اپوزیشن لیڈروں کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوستان میں جمہوریت کی بحالی تک اپوزیشن کی لڑائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور انتخابی نظام کو تباہ کر دیا گیا ہے ۔ راہل نے وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھ لینا چا ہئے کہ ہندوستان کے آئین کو تباہ کر کے بچ نکلنا آسان نہیں ہوگا۔انڈیا بلاک کے لیڈروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کیلئے منعقدہ چائے پارٹی اور حکمت عملی طے کرنے کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں مل کر جمہوریت کی بحالی اور ملک میں حقیقی جمہوری نظام قائم کرنے کیلئے جدوجہد کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ الگ الگ احتجاج نہیں ہیں، بلکہ ان سب کا ایک ہی مقصد ہے اور وہ ہندوستان میں جمہوریت کو بحال کرنا ہے۔
راہل گاندھی نے جنتر منتر پر احتجاج کی اجازت اور جمہوری اظہار کے مواقع محدود کرنے پر بھی اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جنتر منتر کو اب جمہوری جذبات کے اظہار کیلئے استعمال نہیں کیا جا سکتا، لیکن اپوزیشن اس سوچ کو چیلنج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یہ نہ سمجھے کہ ہندوستان کے عوام اپنی آواز کیلئےجدوجہد نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کل کے احتجاج میں صرف سیاسی جماعتوں کے نمائندے ہی نہیں، بلکہ ملک کے عام شہریوں کے جذبات بھی شامل تھے۔ راہل نےاحتجاج میں شامل تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔