Inquilab Logo Happiest Places to Work

بریوس کو چنئی نے زیادہ رقم دے کر سائن کیا تھا : اشون کا دعویٰ

Updated: August 15, 2025, 12:23 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

تجربہ کار اسپنر کا الزام ہےکہ آئی پی ایل ۲۰۲۵ء میں ڈیوالڈ بریوس کو بطور متبادل کھلاڑی سائن کرنے کیلئے چنئی نے انہیں ٹیبل کے نیچے سے ادائیگی کی۔

Chennai Super Kings player R Ashwin. Photo: INN
چنئی سپرکنگز کے کھلاڑی آر اشون۔ تصویر: آئی این این

تجربہ کار ہندوستانی اسپنر روی چندرن اشون نے چونکا دینے والا دعویٰ کیا ہے۔ اشون نے کہا کہ آئی پی ایل ۲۰۲۵ء میں ڈیوالڈ بریوس کو متبادل کھلاڑی کے طور پر سائن کرنے کیلئے چنئی سپرکنگز نے انہیں ٹیبل کے نیچے سے ادائیگی کی تھی۔ زخمی فاسٹ بولر گرج پنیت سنگھ کی جگہ سائن کیے گئے اس نوجوان جنوبی افریقی کرکٹر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ وہ ۲ء۲؍کروڑ روپے میں سی ایس کے میں آئے تھے۔
 اشون نے اپنے یوٹیوب چینل پر دعویٰ کیا کہ بہت ساری فرنچائزز بریوس کو متبادل کے طور پر سائن کرنا چاہتی ہیں۔ تاہم سی ایس کےنے شرط جیت لی۔ سی ایس کے نے سخت گفت و شنید کے بعد زیادہ رقم دے کر کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا۔ اس کے لیے اشون نے دلیل دی کہ اب ڈیوالڈ بریوس کو نیلامی میں ان کی بنیادی قیمت سے زیادہ رقم ملے گی۔
 اشون نے کہا’’ میں آپ سے کچھ کہنا چاہتا ہوں۔ پچھلا آئی پی ایل سیزن سی ایس کے  سے ڈیوالڈ بریوس کے لیے بہت اچھا تھا۔ کچھ ٹیمیں اس کے بارے میں بھی بات کر رہی تھیں۔ ٹیموں میں بریوس کو ان کی قیمت کی وجہ سے شامل نہیں کیا گیا۔ جب بریوس کو متبادل کے طور پر شامل ہونے کا موقع ملا تو ان سے بنیادی قیمت پر دستخط کیے جانے تھے۔ ‘‘اشون نے بتایا کہ لیکن کیا ہوتا ہے کہ آپ ایجنٹ سے بات کرتے ہیں اور کھلاڑی کہتا ہے کہ اگر آپ مجھے زیادہ پیسے دیں تو میں آ جاؤں گا۔
 اشون نے مزید کہا’’ ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ کھلاڑی جانتا ہے کہ اگر اسے اگلے سیزن میں ریلیز کیا جاتا ہے تو اسے اچھی رقم ملے گی۔ تو اس کاآفر یہ تھا کہ اب تم مجھے اچھی رقم دو ورنہ میں اگلے سال مزید رقم لوں گا۔ سی ایس کےاسے ادائیگی کرنے کے لیے تیار تھا، اس لئے وہ  بریوس ٹیم میں آگئے۔
۶؍میچوں میں ۱۸۰؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بنائے
  بتادیں کہ بریوس کو  چنئی سپر کنگز  نے ۱۸؍ اپریل کو آئی پی ایل۲۰۲۵ء سیزن کے وسط میں سائن کیا تھا۔ چنئی ٹورنامنٹ میں اپنے بیٹنگ آرڈر کے ساتھ جدوجہد کر رہا تھا اور اسے نئے کھلاڑیوں کی سخت ضرورت تھی۔ ٹیم نے آیوش مہاترے اور بریوس کو متبادل کے طور پر سائن کیا اور انہیں سیزن کے آخری چند میچوں میں اس کا فائدہ ملا۔ بریوس نے آئی پی ایل۲۰۲۵ء  میں ۶؍میچوں  میں ۲۲۵؍رن بنا کر دھوم مچا دی۔ انہوں نے ۲؍ نصف سنچریاں بنائیں اور۱۸۰؍کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کی۔
اشون توقع کے مطابق کارکردگی نہیں دکھاسکے: بدری ناتھ 
  اس دوران  چنئی سپرکنگز کے سابق کھلاڑی بدری ناتھ نے اشون کے تعلق سے بڑا بیان دیا ہے ۔ چنئی سپر کنگز نے ہندوستان کے تجربہ کار آف اسپنر اشون کو۹ء۷۵؍ کروڑ کی بھاری رقم کے ساتھ ٹیم میں شامل کیا تھالیکن اشون گزشتہ سیزن میں توقع کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے اور اب انہوں نے سی ایس کے  سے الگ ہونے کا ارادہ کر لیا ہے۔ اشون کے بارے میں ایس بدری ناتھ نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا’’میرے مطابق، اشون چنئی کی ٹیم کی ویلیو توبڑھاتے ہیں لیکن ۱۰؍ کروڑ کی نہیں۔ آئی پی ایل میں، آپ کو کسی بھی کھلاڑی کی رقم اور قیمت کو بھی دیکھنا چاہئے۔ وہ اس سطح پر بھی نہیں کھیل  سکے جس کی ہر کسی سے توقع تھی۔ اس لیے میں شروع سے کہہ رہا ہوں کہ اشون کو ریلیز کر دینا چاہیے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK