Inquilab Logo

چنئی سپر کنگز نے گجرات ٹائٹنس کو۶۳؍ رن سے مات دی

Updated: March 27, 2024, 10:17 PM IST | Chennai

شیوم دوبے کی ۵۱؍رن کی نصف سنچری اور راچن رویندرا و رتوراج گائیکواڑ کی۴۶۔۴۶؍ رن کی شاندار اننگز اور پھر گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت چنئی سپر کنگز نے منگل کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتویں میچ میں گجرات ٹائٹنس کو۶۳؍ رن سے شکست دے دی

Shiva
شیوم دوبے۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

شیوم دوبے کی ۵۱؍رن کی نصف سنچری اور راچن رویندرا و رتوراج گائیکواڑ کی۴۶۔۴۶؍ رن کی شاندار اننگز اور پھر گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت چنئی سپر کنگز نے منگل کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے ساتویں میچ میں گجرات ٹائٹنس کو۶۳؍ رن  سے شکست دے دی، اس جیت کے ساتھ ہی چنئی سپر کنگز کی ٹیم ٹیبل میں ٹاپ پر برقرار ہے۔
۲۰۷؍رن کے بڑے ہدف کے تعاقب میں گجرات کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے۵۵؍ رن کے اسکور پر اپنی ۳؍ وکٹ گنوا دیئے۔ کپتان شبھمن گل ۸؍ رن، ردھیمان ساہا۲۱؍  اور وجے شنکر۱۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد سائی سدرشن نے ڈیوڈ ملر کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ملر۲۱؍  اور سدرشن ۳۷؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ عظمت اللہ عمرزئی۱۱؍ اور راشد خان ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ راہل تیوتیا نے ۶؍ رن بنائے۔ امیش یادو ۱۰؍ اور اسپینسر جانسن ۵؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ گجرات کی ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹ  پر ۱۴۳؍ رن ہی بناسکی۔چنئی سپر کنگز کی جانب سے دیپک چاہر، مستفیض الرحمان اور تشار دیشپانڈے نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ ڈیرل مشیل  اور میتھیشا پاتھیرانا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل چنئی سپر کنگز نے گجرات ٹائٹنس کو جیت  کیلئے ۲۰۷؍ رن کا ہدف دیا تھا۔منگل کو یہاں ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم چیپاک میں گجرات  کے کپتان گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے  آئے چنئی سپر کنگز کے کپتان روتوراج گائیکواڑ اور راچن رویندرا کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ لے کر۶۲؍ رن جوڑتے ہوئے ٹیم کیلئے  اچھی شروعات کی۔ پہلے وکٹ کے طور پر راچن رویندرا کو راشد نے ساہا کے ہاتھوں اسٹمپ کروا کر پویلین بھیجا۔ راچن نے ۲۰؍ گیندوں پر۶؍چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۴۶؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ اجنکیا رہانے۱۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ رتوراج گائیکواڑ نے۳۶؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے۴۶؍ رن بنائے۔ شیوم دوبے نے ۲۳؍ گیندوں میں دو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے۵۱؍ رن  کو تعاون دیا۔ سمیر رضوی چھ گیندوں پر ۱۴؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ڈیرل مشیل  آخری گیند پر ۲۴؍ رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔ رویندر جڈیجا ۷؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ چنئی نے مقررہ۲۰؍ اوور میں ۶؍ وکٹ پر ۲۰۶؍ رن بنائے۔ چنئی نے اپنی اننگز میں۱۱؍  چھکے لگائے۔گجرات ٹائٹنس کی جانب سے راشد خان نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK