آئی پی ایل کے اپنے آخری لیگ میچ میں چنئی نے ۸۳؍رن سے کامیابی حاصل کی۔ نور اور انشول نے ۳۔۳؍ وکٹ لئے۔
EPAPER
Updated: May 26, 2025, 12:46 PM IST | Agency | Ahmedabad
آئی پی ایل کے اپنے آخری لیگ میچ میں چنئی نے ۸۳؍رن سے کامیابی حاصل کی۔ نور اور انشول نے ۳۔۳؍ وکٹ لئے۔
چنئی سپر کنگز (سی ایس کے)نے اتوار کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں اپنے آخری آئی پی ایل۲۰۲۵ء میچ میں گجرات ٹائٹنس کو۱۴۷؍رن پر ڈھیر کرکے میچ ۸۳؍رن سے جیت لیا۔آئی پی ایل میں یہ گجرات کی اب تک کی یہ سب سے بڑی شکست تھی۔ چنئی نے پہلے ۲۰؍ اوور میں ۵؍وکٹ پر ۲۳۰؍ رن بنائے، جواب میں گجرات کی ٹیم ۱۸ء۳؍ اوو ر میں ۱۴۷؍ رن ہی بناسکی۔ گجرات کیلئے سب سے زیادہ ۴۱؍رن سائی سدرشن نے بنائے۔ ان کے بعد سب سے زیادہ اسکور ارشد خان کا تھا جنہو ںنے ۲۰؍ رن کا تعاون دیا۔ کپتان شبھمن گل ۱۳؍ رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ایم شاہ رخ خان نے ۱۹؍رن کا تعاون کیا۔ راہل تیوتیا نے ۱۴؍ رن بنائے۔ چنئی کے نور احمد اور انشول کمبوج نے ۳۔۳؍ وکٹ لئے اور اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔
اس سے قبل ڈیوالڈ بریوس (۵۷؍رن) اور ڈیون کونوے (۵۲؍رن) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت چنئی سپر کنگز نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۶۷؍ویں میچ میں اتوار کو گجرات ٹائٹنس کی ٹیم کے سامنے۲۳۱؍ رن کا بڑا ہدف رکھا تھا۔
اتوارکو چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے آتے ہوئے چنئی کے اوپنرس ڈیون کونوے اور آیوش مہاترے نے پہلے وکٹ کیلئے۴۴؍رن جوڑے۔ چوتھے اوور میں پرسدھ کرشنا نے آیوش مہاترے کو۱۷؍گیندوں پر۳۴؍ رن پر آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد ارول پٹیل بیٹنگ کیلئے آئے اور ڈیون کونوے کے ساتھ دوسرے وکٹ کیلئے۶۳؍رن جوڑے۔۱۰؍ویں اوور میں سائی کشور نے ارول پٹیل کو۱۹؍ گیندوں پر ۳۷؍ رن پر آؤٹ کیا۔ شاہ رخ خان نے شیوم دوبے(۱۷؍رن) کا وکٹ لیا۔۱۴؍ویں اوور میں راشد خان نے ڈیون کونوے کو آؤٹ کر کے چنئی کو چوتھا جھٹکا دیا۔ ڈیون کونوے نے۳۵؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۵۲؍ رن بنائے۔ چنئی سپر کنگز نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۵؍ وکٹ کے نقصان پر۲۳۰؍ رن بنائے۔ پرسدھ کرشنا نے۲۰؍ویں اوور کی آخری گیند پر ڈیولڈ بریوس کو بولڈ کیا۔ ڈیولڈ بریوس نے۲۳؍ گیندوں پر ۵؍ چھکوں اور ۴؍ چوکوں کی مدد سے ۵۷؍ رن بنائے۔ رویندر جڈیجا ۱۸؍ گیندوں پر ۲۱؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
گجرات ٹائٹنس کی ٹیم کی جانب سے پرسدھ کرشنا نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ اسپنر راشد خان، سائی کشور اور شاہ رخ خان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔