Inquilab Logo

چراغ-ساتوک فرنچ اوپن بیڈمنٹن فائنل میں، لکشیا سین باہر

Updated: March 10, 2024, 8:30 PM IST | Paris

ہندوستان کے ساتوک سائراج رینکی ریڈی-چراغ شیٹی کی سرکردہ بیڈمنٹن جوڑی نے فرنچ اوپن ۲۰۲۴ء کے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کے سیو سیونگ جے اورکانگ من ہیوک کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے

Satwik And Chirag Shetty. photo: INN
ساتوک اور چراغ شیٹی۔ (تصویر:آئی این این)

ہندوستان کے ساتوک سائراج  رینکی  ریڈی-چراغ شیٹی کی سرکردہ  بیڈمنٹن جوڑی نے فرنچ اوپن ۲۰۲۴ء کے سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کے سیو سیونگ جے اورکانگ من ہیوک کو شکست دے کر فائنل میں  جگہ بنا لی  ہے جبکہ لکشیا سین سنگلز میچ ہارنے کے بعد باہر ہو گئے ہیں۔سنیچر کو کھیلے جانے والے  میچ میں، دنیا کی نمبر ایک بیڈمنٹن جوڑی   ریڈی اور شیٹی نے موجودہ عالمی چمپئن سیو سیونگ جے اور کانگ من ہیوک کو ۱۳۔۲۱، ۱۶۔۲۱؍ کے اسکور سے ہرا کر سی جی ای این کے تیسرے فائنل میں رسائی کی۔
پہلا گیم شاندار طریقے سے جیتنے کے بعد،  ریڈی اور چراغ شیٹی نے دوسرے گیم میں بھی برتری حاصل کی تاہم، کانگ من ہیوک اور سیو سیونگ جے  کو کھیل کے ہاف ٹائم کے بعد جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ لیکن ابتدائی برتری نے ہندوستانی جوڑی کو ۴۰؍ منٹ میں میچ جیتنے میں مدد دی۔ فائنل میں ہندوستانی جوڑی کا مقابلہ چائنیز تائپے کے لی زی ہوئی اور یانگ پو ہوان سے ہوگا۔مردوں کے سنگلز کے سیمی فائنل میں ۱۹؍ویں رینک کے لکشیا سین کو۷۵؍ منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں دنیا کے نمبر۸؍ تھائی لینڈ کے کنلاوت وٹیڈسارن سے ۲۱۔۱۹، ۱۳۔۲۱، ۱۱۔۲۱؍سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
۔۔۔
ہندوستانی ٹیم کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں نمبروَن 
انگلینڈ کےخلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی سے ہندوستان کو فائدہ۔ ٹیسٹ کے ساتھ کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں ٹیم انڈیا نے نمبروَن کی پوزیشن حاصل کرلی۔ آسٹریلیا کو ٹاپ سے ہٹا دیا 
انگلینڈ کے خلاف ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں۱۔۴؍ سے جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پر پہنچ گئی ہے۔ اس دوران ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کو نمبر وَن  رینکنگ سے ہٹا دیا۔ خیال رہے کہ حیدرآباد ٹیسٹ میں شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم نے سیریز میں زبردست واپسی کی اور انگلینڈ کو ہر شعبے میں شکست دی۔
 ہندوستان  نے  وائیزاگ، راجکوٹ، رانچی اور دھرم شالہ میں کھیلے جانے والے میچوں میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور سیریز جیت لی۔ آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں۱۲۲؍ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن بھی حاصل کی۔ آسٹریلیا۱۱۷؍ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ۱۱۱؍ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ کرائسٹ چرچ میں دوسرے نیوزی لینڈ-آسٹریلیا ٹیسٹ کا نتیجہ کچھ بھی ہو، ہندوستان سرفہرست رہے گا۔ہندوستان کا تینوں فارمیٹس میں ٹاپ رینکنگ پر پہنچنا کرکٹ میں ان کی مسلسل  کامیابی  کو ظاہر کرتا ہے۔ ون ڈے رینکنگ میں ہندوستان۱۲۱؍ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا۱۱۸؍ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اس میں بھی ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کو پیچھے کررہی ہے۔
ٹی ۲۰؍ میں ہندوستان۲۶۶؍ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے جبکہ انگلینڈ ۲۵۶؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان ستمبر ۲۰۲۳ء سے جنوری۲۰۲۴ء تک تمام فارمیٹس میں سرفہرست رہا، لیکن جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز۱۔۱؍ سے ڈرا کرنے کے بعد ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں دوسرے نمبر پر چلا گیا۔ ہندوستان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کی اسٹینڈنگ ٹیبل میں بھی سرفہرست ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK