Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلب ورلڈ کپ: الہلال کی مانچسٹر سٹی کیخلاف شاندار فتح

Updated: July 02, 2025, 10:46 AM IST | Orlando, Florida

سعودی کلب نے۳۔۴؍ سے کامیابی حاصل کی، لیونارڈو نے ۲؍ گول کئے۔

Marcos Leonardo put in a brilliant performance for Al Hilal. Photo: INN
مارکوس لیونارڈو نے الہلال کےلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تصویر: آئی این این

سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم الہلال نے کلب ورلڈ کپ میں  شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئےایک بہت بڑا دھماکہ کیا اور انگلینڈ کی مشہور ٹیم مانچسٹر سٹی کو۳ ؍ کے مقابلے ۴؍گول سے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ یہ مقابلہ اضافی وقت تک چلا اور الہلال نے آخری لمحات میں گول کر کے یادگار جیت حاصل کی۔ اسے اب تک کا سب سے بڑا اپ سیٹ مانا جا رہا ہے۔
 میچ کا پورا وقت۲۔۲؍کی برابری پر ختم ہوا۔ اس کے بعد  اضافی وقت کا سہارا لیا گیا اور اس میں برازیلیائی کھلاڑی مارکوس لیونارڈو نے فیصلہ کن گول کر کے الہلال کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ اس جیت کے ساتھ الہلال اب کوارٹر فائنل میں برازیل کی ٹیم فلومیننس سے مقابلہ کرے گی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس بار یورپ سے باہر کی کوئی ٹیم یقینی طور پر سیمی فائنل میں پہنچے گی۔

مانچسٹر سٹی اس میچ سے پہلے شاندار فارم میں تھی۔ ٹیم نے اپنے پچھلے مقابلے میں یووینٹس کو ۲۔۵؍سے شکست دی تھی۔ لیکن الہلال کی ٹیم نے نئے کوچ سیمون اینزاگی کی قیادت میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور پانسہ پلٹ دیا۔میچ کے آغاز میں ہی سٹی نے ۹؍ویں منٹ میں پہلا گول کرکے ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی ۔ راین ایٹ-نوری کی کراس ڈیفلیکشن کے بعد برنارڈو سلوا کے پاس پہنچی اور انہوں نے گول کر دیا۔ اگرچہ الہلال کے کھلاڑیوں نے دعویٰ کیا کہ ایٹ-نوری نے گیند کو ہاتھ سے کنٹرول کیا تھا لیکن ریفری نے گول کو درست قرار دیا۔
میچ کا پہلا ہاف سنسنی خیز رہا جہاں سٹی کو  مزید برتری حاصل کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن الہلال کے گول کیپر یاسین بونو نے شاندار بچاؤ کئے۔ ساوینہو، گنڈوگان اور گواردیول کی کوششوں کو انہوں نے ناکام بنایا۔پہلا ہاف سٹی کے حق میں ایک صفر پر ختم ہوا۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی سٹی کی غلطی سامنے آئی۔ سابق سٹی کھلاڑی جواؤ کینسیلو کے پاس سے ملی گیند پر مارکوس لیونارڈو نے ہیڈر سے گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔ اس کے ۶؍ منٹ بعد ہی برازیلیائی کھلاڑ ی میلکم نے لمبا پاس حاصل کر کے دوسرا گول کر دیا۔گول کھانے کے بعد پیپ گارڈیالو نے ۳؍ تبدیلیاں کیں، جس سے دفاع بہتر ہوا۔ پھر برنارڈو سلوا کے کارنر پر ارلنگ ہالاند نے گول کر کے اسکور ۲۔۲؍کر دیا۔ مانچسٹر سٹی نے یکے بعد دیگرے کئی حملے کئے لیکن بونو نے زبردست بچاؤ کیا۔ یہاں تک کہ ارلنگ ہالاندکے شاٹ پر ایک ڈیفینڈر نے لائن سے گیند کو کلیئر کر دیا۔مقررہ وقت تک اسکور ۲۔۲؍ سے برابری پر ختم ہوا اور اس کے بعد میچ اضافی وقت میں چلاگیا ۔ چوتھے منٹ میں ہی الہلال کے کالیڈو کولیبالی نےشاندار ہیڈر سے گول کر کے ٹیم کو دوبارہ برتری دلائی لیکن سٹی نے بھی جواب دیا اور ریان کے کراس پر فل فوڈین نے شاندار انداز میں گول کر کے سٹی کو دوبارہ برابری پر لاکر کھڑا کر دیا۔لیکن کہانی یہیں ختم نہیں ہوئی۔ آخری لمحات میں مارکوس لیونارڈو نے ایک بار پھر گول کر کے الہلال کو ۳۔۴؍ کی تاریخی جیت دلادی۔اس فتح نے فیفا مقابلوں میں یوروپی کلبوں کے خلاف ایشیائی ٹیموں کے ۲۰؍ میچوں کے بغیر جیت کے سلسلے کو بھی ختم کر دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK