Updated: October 05, 2026, 10:00 PM IST
| Lisbon
کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال کی قومی ٹیم سے عارضی دوری کے بعد ان کے مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں، تاہم کوچ جارج جیسز نے اسٹار فٹبالر کی واپسی کا دروازہ کھلا رکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ رونالڈو اب بھی ٹیم کیلئے اہم ہیں اور قومی ٹیم میں واپسی یا رخصتی کا حتمی فیصلہ خود رونالڈو ہی کریں گے۔
جارج جیسز اورکرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر: ایکس
پرتگال کے فٹبال کوچ جارج جیسز نے واضح کیا ہے کہ نامور اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اگر چاہیں تو وہ دوبارہ قومی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں اور ان کی واپسی کا فیصلہ خود انہی کے ہاتھ میں ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ۴۱؍سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے حال ہی میں نیشنز لیگ کے تربیتی کیمپ سے علاحدگی اختیار کی تھی۔ ناروے کے خلاف میچ میں وہ متبادل کھلاڑی رہے جبکہ انہیں بتایا گیا تھا کہ ڈنمارک کے خلاف بھی وہ ابتدائی الیون میں شامل نہیں ہوں گے۔ اس صورتحال کے بعد رونالڈو نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وہ مناسب وقت پر قومی ٹیم چھوڑنے کی وجوہات پرتگالی عوام کے سامنے تفصیل سے بیان کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے: آئرلینڈ کے اسٹاف رکن کا اسرائیلی کھلاڑی پر تھوکنے کا الزام
کوچ جارج جیسز نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ رونالڈو قومی ٹیم میں اپنے شاندار سفر کا اختتام اپنی مرضی کے مطابق کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ رونالڈو اب بھی ٹیم کیلئے انتہائی اہم ہیں تاہم ٹیم میں ان کی حتمی واپسی کا انحصار خود اسٹار فٹبالر کے اپنے فیصلے پر ہوگا۔ واضح رہے کہ جارج جیسز اس سے قبل سعودی کلب النصر میں بھی رونالڈو کے کوچ رہ چکے ہیں۔ کرسٹیانو رونالڈو اب تک پرتگال کی جانب سے۲۳۴؍ میچز کھیل چکے ہیں اور۱۴۶؍گول اسکورکئے ہیں جو دونوں عالمی ریکارڈز ہیں۔ انہوں نے پرتگال کو یورو۲۰۱۶ء اور۲؍ نیشنز لیگ ٹائٹلز جتوانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھئے: یامی گوتم اور آدتیہ دھر نے ممبئی کو خیربادکہا، ہماچل پردیش منتقل
دوسری جانب ٹیم چھوڑنے کے اس واقعے کے بعد پرتگال کی قومی ٹیم کو سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق رونالڈو کے کیمپ چھوڑنے کے بعد پرتگال ٹیم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے راتوں رات۲۰؍لاکھ (دو ملین) فالوورز کم ہوگئے۔ منتظمین کی جانب سے رات۲؍ بجے رونالڈو کے ٹیم چھوڑنے کے چند گھنٹوں بعد صبح۱۰؍ بجے ان کا مخصوص نمبر ۷؍کسی اور کھلاڑی کو الاٹ کر دیا گیا تھا جس پر دنیا بھر میں موجود رونالڈو کے مداحوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ اس اقدام کے بعد پرتگال کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد۲۵؍ ملین سے کم ہو کر۸ء۲۲؍ ملین پر آ گئی ہے اور اس میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے۔