Inquilab Logo Happiest Places to Work

کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ء: ہندوستان کا پہلا تمغہ یقینی، لولینا بورگوہین سیمی فائنل میں پہنچ گئیں

Updated: July 23, 2026, 7:10 PM IST | Glasgow

کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ء کی افتتاحی تقریب سے قبل ہی ہندوستان نے اپنا پہلا تمغہ یقینی بنا لیا ہے۔ اولمپک تمغہ یافتہ باکسر لولینا بورگوہین کوبائے (Bye) ملنے کے باعث وہ براہِ راست خواتین کے ۷۵؍کلوگرام زمرے کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔

Lovlina.Photo:X
لولینا۔ تصویر:ایکس

 کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ء کی افتتاحی تقریب سے قبل ہی ہندوستان نے اپنا پہلا تمغہ یقینی بنا لیا ہے۔ اولمپک تمغہ یافتہ باکسر لولینا بورگوہین کوبائے (Bye) ملنے کے باعث وہ براہِ راست خواتین کے ۷۵؍کلوگرام زمرے کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں، جس کے ساتھ ہی ان کا کم از کم کانسی کا تمغہ پکا ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:یوتھ ٹیسٹ: ہندوستان نے سری لنکا کو ۲۱۱؍ رنز سے شکست دے دی


ٹوکیو اولمپکس کی کانسی کی تمغہ یافتہ لولینا کو یہ فائدہ اس لیے ملا کیونکہ اس وزن کے زمرے میں صرف پانچ باکسرز شریک ہیں۔ ڈرا کے مطابق لولینا سمیت تین باکسرز سیدھے سیمی فائنل میں پہنچ گئے، جبکہ باقی دو کھلاڑیوں کے درمیان واحد کوارٹر فائنل مقابلہ کھیلا جائے گا۔ کامن ویلتھ گیمز کے باکسنگ قوانین کے مطابق سیمی فائنل میں شکست کھانے والے دونوں باکسرز کو بھی کانسہ کا تمغہ دیا جاتا ہے۔ اسی لیے لولینا نے اپنا پہلا مقابلہ کھیلے بغیر ہی تمغہ یقینی بنا لیا ہے۔
لولینا ۳۱؍ جولائی کو سیمی فائنل میں  تافاکی  کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔ اگر وہ کامیاب رہیں تو فائنل میں جگہ بنا کر کم از کم چاندی کا تمغہ یقینی کر لیں گی، جبکہ شکست کی صورت میں بھی انہیں کانسی کا تمغہ ملے گا۔ یہ کامن ویلتھ گیمز میں لولینا کا پہلا پوڈیم فِنش ہوگا۔ اس سے قبل گولڈ کوسٹ ۲۰۱۸ء میں وہ کوارٹر فائنل میں بعد میں چیمپئن بننے والی  سینڈی ریان  سے ہار گئی تھیں، جبکہ  برمنگھم ۲۰۲۲ء میں بھی وہ اپنا پہلا ہی مقابلہ ہار گئی تھیں۔ ان دونوں ایڈیشنز میں انہوں نے ۶۹؍ کلوگرام  زمرے میں حصہ لیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:’’رامائن‘‘ میں کون سا اداکار کون سا کردار ادا کرے گا؟


اس تمغے کے ساتھ لولینا ان تمام بڑے ملٹی اسپورٹس مقابلوں میں تمغہ جیتنے والی ہندوستانی کھلاڑی بن جائیں گی، جن میں وہ شرکت کی اہل رہی ہیں، جن میں  اولمپکس، ایشیائی کھیل اور کامن ویلتھ گیمز شامل ہیں۔ جمعرات کو افتتاحی تقریب میں ہندوستانی دستہ روایتی لباس میں شرکت کرے گا، جہاں لولینا بورگوہین  اور  ٹوکیو اولمپکس کی چاندی کی تمغہ یافتہ ویٹ لفٹر میرابائی چانو ہندوستان کی پرچم اور بیٹن بردار  ہوں گی۔لولینا نے  ٹوکیو اولمپکس ۲۰۲۰ءمیں کانسہ کا تمغہ،۲۰۲۳ء عالمی باکسنگ چیمپئن شپ  میں طلائی تمغہ اور  ہانگژو ایشین گیمز ۲۰۲۳ء میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK