Updated: April 07, 2026, 10:03 AM IST
|
Agency
| Guwahati
آسام: کھرگے کابی جے پی پر الزام، کہا: وہ صرف انتخابی وعدے کرتی ہے، عملی طور پر کچھ نہیں کرتی۔کیرالا:پرینکا گاندھی نے ریاستی حکومت ایل ڈی ایف کےساتھ ہی بی جے پی کو بھی نشانہ بنایا۔پڈوچیری:راہل گاندھی نے انتخابی منشور جاری کیا اور پڈوچیری کو مکمل ریاستی درجہ دینے کا مطالبہ کیا۔
یو ڈی ایف امیدوار کی حمایت میں پرینکا گاندھی کا عوامی خطاب- تصویر:پی ٹی آئی
آسام اور دیگر دو ریاستوں (کیرالا اور پڈوچیری) میں اسمبلی انتخابات بالکل آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ یہاں ۹؍ اپریل کو پولنگ ہونے والی ہے۔ اس سے قبل کانگریس نے ان تینوں ہی ریاستوں میں انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ پیر کو شمال مشرقی ریاست آسام سے لے کر جنوبی ہند کی کیرالا اور پڈوچیری میں کانگریس کی دھوا ں دھار انتخابی مہم دیکھنے کو ملی۔
کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے آسام کے سلچر علاقے میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی اور وزیر اعظم مودی کے ساتھ ہی ریاستی وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا شرما پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں یہاں عوام کے ساتھ سخت ناانصافیاں ہوئی ہیں اور انہیں مسلسل نظر انداز کیا گیا ہے۔انہوں نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ صرف انتخابی وعدے کرتی ہے لیکن عملی طور پر کچھ نہیں کرتی۔ آسام معاہدہ، سیلاب سے نجات اور مختلف طبقات کو درج فہرست ذات و قبائل کا درجہ دینے جیسے وعدے آج تک پورے نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کو صرف بڑے منصوبوں اور نجی کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کی فکر ہے۔
کانگریس سربراہ نے دراندازی کے مسئلے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اس مسئلے کو سیاسی فائدے کیلئے استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت کے دوران ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن کو ملک سے نکالا گیا جبکہ موجودہ حکومت اس معاملے ناکام رہی ہے۔ اس موقع پرکھرگے نے گاندھی خاندان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
تھرواننت پورم (ایجنسی):انتخابی مہم ختم ہونے سے ایک دن قبل پرینکا گاندھی نے کیرالا میں میراتھن ریلیاں کیں۔ انہیں ریلیوں کے دوران پیراوور میں ایک انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ریاست کی موجودہ ایل ڈی ایف حکومت اور مرکز کی بی جے پی حکومت پر سخت حملہ کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں تبدیلی کے حق میں فیصلہ کریں۔پرینکا گاندھی نے حاضرین سے سوال کیا کہ کتنے لوگ موجودہ حکومت کو بدلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دس برسوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو خود سے پوچھنا چاہئے کہ کیا اس مدت میں ان کی زندگی میں بہتری آئی ہے یا نہیں۔ ان کے مطابق مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے، روزگار کے مواقع کم ہوئے ہیں اور نوجوان بڑی تعداد میں بے روزگاری کا شکار ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ کیرالا جیسی تعلیم یافتہ ریاست میں یہ صورتحال تشویشناک ہے کہ نوجوانوں کو یا تو ملازمت نہیں مل رہی یا انہیں ریاست سے باہر جانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے پاس سیاحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بے پناہ امکانات موجود ہیں، مگر حکومت کی ناکامی کی وجہ سے ان کا فائدہ عوام تک نہیں پہنچ رہا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایل ڈی ایف حکومت گزشتہ دس برسوں میں بدعنوانی اور سخت حکمرانی کی علامت بن چکی ہے۔ ان کے مطابق صحت کا نظام کمزور ہو رہا ہے، معاہدوں کی تقسیم میں شفافیت نہیں ہے اور حکومت عوامی مسائل سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقتدار میں طویل عرصہ رہنے سے حکومت میں غرور اور جوابدہی کی کمی پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر الزام عائد کیاکہ ایل ڈی ایف اور بی جے پی کے درمیان خفیہ سمجھوتہ ہے۔
پڈوچیری(ایجنسی): انتخابی مہم کے ختم ہونے سے ایک دل انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈرراہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت کو نشانہ بنایا اور پڈوچیری کو مکمل ریاستی درجہ دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کیلئے پُرعزم ہیں کہ اگر ہمیں موقع ملا تو ہم اسے مکمل ریاستی درجہ دیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ریاست کی ترقی، نوجوانوں، خواتین اور عام شہریوں کے مفاد میں کئی اہم وعدوں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت بننے پر بے روزگار نوجوانوں کو ہر ماہ۲؍ ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی، جس سے انہیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ انہوں نے نجی اور سرکاری شعبوں میں۳۰؍ ہزار نئی ملازمتیں پیدا کرنے اور خواتین کو ریلیف کے طور پر پڈوچیری کی بسوں میں مفت سفر کی سہولت دینے کا وعدہ کیا۔ وہیں سرکاری ملازمتوں کیلئے عمر کی بالائی حد کو بڑھا کر۴۰؍ سال کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو موقع مل سکے۔ صحت کے شعبے میں کانگریس نے بڑا وعدہ کرتے ہوئے ہر خاندان کو۲۰؍ لاکھ روپے تک کا ہیلتھ انشورنس کور دینے کی بات بھی کہی۔ انہوں نے اقتدار میں آنے کے ۶؍ ماہ کے اندر مقامی بلدیاتی انتخابات کرانے کا بھی یقین دلایا ۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے مودی حکومت پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ پڈوچیری عوام کے ذریعے نہیں بلکہ دہلی سے چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے حکومت چلائی جا رہی ہے اور مقامی قیادت کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور بلدیاتی انتخابات بھی نہیں کرائے گئے۔انہوں نے کہا کہ یہاں کی صنعتی اور ٹیکسٹائل صنعت کمزور پڑ چکی ہے کیونکہ یہاں فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں۔