Inquilab Logo

انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کے تمام۲۰؍ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے

Updated: July 01, 2020, 11:00 AM IST | Agency | London

ٹیسٹ کیلئے نمونے پیر کو ووسٹر میں لئے گئے تھے، گیند بازی کوچ وقاریونس اور فیزیو کلف ڈیکن کی ٹیسٹ ر پورٹ آنا باقی ہے

Pakistan - Pic : INN
پاکستان ٹیم ۔ تصویر : آئی این این

نگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام۲۰؍ کرکٹرز اور سپورٹ اسٹاف کے ۱۱؍ اراکین  کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آگئے ہیں۔یاد رہے کہ ٹیسٹ کیلئے نمونے پیر کو ووسٹر میں لئے گئے تھے۔ گیند بازی کوچ وقاریونس اور فیزیو کلف ڈیکن کی ٹیسٹ  ر پورٹ آنا باقی  ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم۲۸؍ جون کو انگلینڈ پہنچی تھی اور اسوقت وہ قرنطینہ کے ۱۴؍ دن مکمل کرنے کے بعد جولائی کے پہلے ہفتے میں ڈربی جائے گی جہاں وہ اپنی ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔
 اس سے قبل منگل کے روز ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ اعلان کیا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ۶؍ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ دوسری مرتبہ منفی آئے ہیں اور اس طرح وہ عنقریب منعقد ہونے والے دورہ انگلینڈ کے لیے اہل ہوگئے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں فخر زمان، محمد حفیظ، محمد رضوان، محمد حسنین، وہاب ریاض اور شاداب خان شامل ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان نے ۲۳؍جون کو میڈیا کو بتایا تھا کہ محمد حفیظ، وہاب ریاض، محمد رضوان، محمد حسنین اور فخر زمان سمیت ۷؍ کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس کے بعد ان میں سے محمد حفیظ اور وہاب ریاض نے اپنے طور پر بھی ٹیسٹ کروائے تھے جن کے نتائج منفی آئے تھے۔ان کھلاڑیوںکے۲۶؍  جون کو لیے گئے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے اور پھر۲۹؍ جون کو تیسری مرتبہ ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کے نتائج۳۰؍ جون یعنی منگل کو موصول ہوئے۔ ٹیسٹ منفی آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ان ۶؍ کھلاڑیوں کو جلد انگلینڈ بھیجنے کے انتظامات کر رہا ہے تاکہ وہ ووسٹر میں موجود  اسکواڈ میں شامل ہو سکیں۔ان کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر انگلینڈ میں موجود لیفٹ آرم اسپنر ظفر گوہر نے بھی ٹیم میں شمولیت اختیار کرلی ہے تاکہ وہ پریکٹس میں حصہ لے سکیں۔
 واضح رہے کہ دورے کے لیے ٹیم میں شامل کیے گئے لیفٹ آرم اسپنر کاشف بھٹی کے دونوں کووِڈ۱۹؍ ٹیسٹ مثبت آئے ہیں لہٰذا وہ انگلینڈ نہیں جاسکے ہیں۔ 
 ان کے علاوہ حیدرعلی، حارث رؤف اور عمران خان کے بھی دو دو ٹیسٹ مثبت آئے ۔دورہ انگلینڈ کیلئے روانہ ہونے والےا سکواڈ میں کپتان اظہر علی اور نائب کپتان بابر اعظم کے علاوہ اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، موسیٰ خان، نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شا ن مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔اس کے علاوہ ٹیم کے سا تھ۱۱؍ رکنی اسٹاف بھی روانہ ہو رہا ہے جن میں ہیڈ کوچ مصباح الحق، بیٹنگ کوچ یونس خان، اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد اور ٹیم مینیجر منصور رانا سمیت دیگر شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK