Inquilab Logo

دنیائے کھیل نے کی ٹوکیو اولمپکس ملتوی کرنے کے فیصلے کی ستائش

Updated: March 26, 2020, 10:36 AM IST | Agency | New Delhi

ہندوستان نے کہا: اس فیصلے سے ہمارے کھلاڑیوں کو بہت راحت ملی ہے۔ کھیلوں کی مختلف تنظیموں اور ممالک نے کورونا وائرس کی وجہ سے ٹوکیو اولمپک کھیلوں کو موخرکرنے کے فیصلے کی حمایت کی ہے

Tokyo Olympics 2020 - Pic : PTI
ٹوکیو اولمپکس ۔ تصویر : پی ٹی آئی

عالمی وبا کی شکل اختیار کرنے والے كووڈ ۱۹؍کورونا وائرس کے خطرے کو لے کر فکر میں ڈوبے دنیائے کھیل نے ٹوکیو اولمپک کھیلوں کو۲۰۲۱ء  تک ملتوی کرنے کے فیصلے کی ستائش کی  ہے۔کورونا وائرس کی وجہ سے منگل کو بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) اور میزبان جاپان اولمپکس کیلئے اگلے سال تک ملتوی کرنے پر اتفاق کیا تھا۔اولمپکس کا انعقاد۲۴؍ جولائی سے ۹؍ اگست تک کیا جانا تھا لیکن کورونا کے خطرے کو دیکھتے ہوئے اسے ۲۰۲۱ء میں جاپان میں ہی منعقد کیا جائے گا۔
 ہندوستان نے کی ستائش : ہندوستانی اولمپک اسوسی ایشن (آئی اواے) نے ٹوکیو اولمپکس کیلئے۲۰۲۱ء تک ملتوی کرنے کے میزبان ملک جاپان اور آئی او سی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔آئی اواےکے سیکریٹری جنرل راجیو مہتا نے کہاکہ آئی اواے جاپان اور آئی او سی کے اس فیصلے کاخیر مقدم کرتا ہے۔اس فیصلے کو لینے سے پہلے آئی او سی، منتظمین اور تمام متعلقین کے درمیان بات چیت ہوئی تھی۔اس فیصلے سے ہمارے کھلاڑیوں کو کافی راحت ملی ہے جو اس وبا کے دوران اپنی ٹریننگ کو لے کر فکر مند تھے کہ اب سے ۴؍ ماہ بعد وہ اپنی بہترین کارکردگی کس طرح  دکھا پائیں گے۔
 امریکہ نے خیر مقدم کیا: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جاپان کے وزیر اعظم شینزو آبے کو فون کرکے  اولمپکس ملتوی کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ مرکزی کابینہ سیکریٹری يوشهدی سگا نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے کورونا وائرس کی وجہ سےاولمپکس ملتوی کرنے کے فیصلے کو درست فیصلہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے اولمپکس ملتوی کرنے کو صحیح فیصلہ بتایا اورکہا کہ وہ وزیر اعظم آبے کے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔
 آسٹریلیا نے حمایت کی: آسٹریلوی اولمپک کمیٹی (اے او سی) نے بھی بیان جاری کر کے اس فیصلے کی حمایت کی ہے۔ اے اوسی نے کہاکہ ہم یہ مانتے ہیں کہ ایسے حالات میں اولمپکس کا انعقاد کرانا مشکل کام تھا لیکن ہمیں اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جاپان اگلے سال اس کا انعقاد بہترین انداز میں  کرے گا۔ آسٹریلیا پہلے ان کھیلوں سے ہٹ گیا تھا لیکن ان کھیلوں کے ملتوی ہونے کے بعد اس نے راحت کا سانس لیا ہے۔
 جوڈو فیڈریشن نے کہا صحیح فیصلہ: بین الاقوامی جوڈو فیڈریشن  (آئی جے ایف ) کے صدر ماريس وجر نے ٹوکیو اولمپکس ملتوی کئے جانے کے فیصلے کو صحیح بتایا ہے۔ آئی جے ایف  نے کہاکہ ہم  ہمیشہ اولمپک کھیلوں کی حمایت کرتے آئے ہیں لیکن ایسے حالات میں اسے ملتوی کرنے کا فیصلہ بالکل درست ہے۔کورونا  کا خطرہ ٹلنے کے بعد ہم اپنے  پروگرام کو از سرنو طے کریں گے۔
 عالمی ایتھلیٹکس نے راحت بتایا: ورلڈ ایتھلیٹکس نے بھی کہاکہ ہمیں لگتا ہے کہ اس فیصلے نے تمام کھلاڑیوں، تکنیکی حکام اور رضاکاروں کو ایسے مشکل وقت میں راحت دی ہے۔
 کھلاڑیوں کے مفاد کا فیصلہ: یونائٹیڈ ورلڈ کشتی نے کہا کہ یہ فیصلہ کھلاڑیوں کی صحت کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے جو اولمپک کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں۔اس فیصلے کو تاخیر سےکرنے کی وجہ سے کھلاڑیوں پر اس کا اثر پڑا۔ دیگر فیڈریشنوں کی طرح ہم بھی كوالیفکیشن عمل کے بارے میں آئی او سی کی وسیع ہدایات کا انتظار کر رہے ہیں۔
 تیر اندازی نے بھی فیصلہ سراہا: عالمی تیر اندازی ایڈمنسٹریٹر کمیٹی کے چیئرمین اگررڈنر نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے بنی نوع انسان پر آئے بحران کو دیکھتے ہوئے اس سال ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کرنے کےآئی او سی کے فیصلے کی ہم تعریف کرتے ہیں۔ یہ صورت حال درست نہیں ہے، خاص طورپر کھلاڑیوں کے لئے جنہوں نے اولمپکس کے لئے سخت محنت کی تھی۔ میں امید کرتا ہوں کہ سب اس فیصلے کی حمایت کریں گے اور میں دنیا بھر میں تیراندازوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی امیدیں برقرار رکھیں۔
 عالمی تیر اندازی فیڈریشن  نے ٹوکیو اولمپک کھیلوں کو موخرکرنے کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔ دنیا کی تیر اندازی کی گورننگ باڈی کے صدر ایگور ایرنر کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ٹوکیو۲۰۲۰ء اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی جانب سے انسانیت کے لئے ایک غیر معمولی چیلنج  کے پیش نظر اس موسم گرما کے کھیلوں میں تاخیر کرنے کے لئے دیئے گئے اخلاص اور جراتمندانہ فیصلے کی تعریف کرتے ہیں۔ بیان کے مطابق عالمی  تیر اندازی فیڈریشن بعد میں ٹوکیو۲۰۲۰ء کی آرگنائزنگ کمیٹی ، آئی او سی اور انٹرنیشنل پیرالمپک کمیٹی سے کھیلوں کے کوالیفکیشن طریقہ کار پر بات چیت کرے گی۔
 بین الاقوامی جمناسٹکس فیڈریشن(ایف آئی جی ) نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انٹرنیشنل جمناسٹکس فیڈریشن نے ٹوکیو میں ہونے والے اولمپک کھیلوں کو۲۰۲۰ء کے بعد  منعقد کرنے کے  فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ۔اس فیصلے سے جمناسٹ کو اولمپک کھیلوں کی تیاریوں  کو زیادہ اچھے طریقے سے کرنے کا موقع ملے گا۔ ایف آئی جی کے صدر موریناری وطنانبی نے کہا کہ جمناسٹکس عالمی گورننگ باڈی ٹوکیو اولمپک کھیلوں کے التوا کی حمایت کرتی ہے۔ ایف آئی جی نے اس التوا سے پیدا ہونے والے تمام مضمرات کا جائزہ لینے کیلئے  وقت نکالنے کا وعدہ کیا۔ کھلاڑیوں کی دلچسپی اور حفاظت کو کسی بھی فیصلے میں اولین ترجیح دی جائے گی۔
  مراکشی اولمپک کمیٹی نے بھی  ٹوکیو ۲۰۲۰ء اولمپک گیمز ملتوی کرنے کے فیصلے کی تعریف کی ہے ۔ کمیٹی نے ایک جراتمند اور ذمہ دار فیصلے کی  ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی  تمام شرکاء کی صحت کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ اولمپکس کی تیاری میں تمام کھلاڑیوں کے مابین مساوات کے اصول کو یقینی بنانے کے عزم کا واضح اظہار کرتی ہے۔ مراکشی کمیٹی نے ان کھیلوں کی کامیابی کو یقینی بنانے سے متعلق  نئے فیصلوں پر عمل درآمد اور ان کا احترام کرنے کیلئے آئی او سی اور ٹوکیو کی آرگنائزنگ کمیٹی کو اپنی بھرپور حمایت اور تعاون کی  تصدیق کی۔
 سلووانیہ کی اولمپک کمیٹی (اوکے ایس) کے صدر بوگدان گابروک نے ٹوکیو میں۲۰۲۰ء سمر اولمپکس  ملتوی کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ۔ گابروک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس فیصلے سے عالمی کھیل تنظیموں میں سکون کا ماحول قائم ہوا ہے اور کھلاڑی ہی اس فیصلے سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے جس نے ان پر بہت بڑا بوجھ بنایا ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK