Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کیخلاف کراؤلی اور پوپ کا ’ٹیسٹ‘ ہوگا: جیفری بائیکاٹ

Updated: May 30, 2025, 12:49 PM IST | Agency | London

 اپنے زمانہ کے تجربہ کار بلے باز جیفری بائیکاٹ اس بات سے اتفاق نہیں کرتے کہ انگلینڈ کے جیک کراؤلی اور اولی پوپ نے زمبابوے کے خلاف سنچریاں بنانے کے باوجود اپنے تکنیکی اور ذہنی مسائل پر قابو پالیا ہے۔

Jeffrey Boycott. Photo: INN
جیفری بائیکاٹ۔ تصویر: آئی این این

 اپنے زمانہ کے تجربہ کار بلے باز جیفری بائیکاٹ اس بات سے اتفاق نہیں کرتے کہ انگلینڈ کے جیک کراؤلی اور اولی پوپ نے زمبابوے کے خلاف سنچریاں بنانے کے باوجود اپنے تکنیکی اور ذہنی مسائل پر قابو پالیا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ ان کا اصل امتحان اگلے ماہ ہندوستان کے خلاف ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ہوگا۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کراؤلی کے لئے بہت مشکل رہے ہیں۔ انہوں نے نیوزی لینڈ میں جدوجہد کی، جہاں ان کا اوسط ۹؍ سے کم تھا اور انہیں تمام ۶؍ اننگز میں میٹ ہنری نے آؤٹ کیا تھا۔ ۲۰۲۴ء بھی پوپ کے لئے اتار چڑھاؤ سے بھرا ہوا تھا۔ حیدرآباد میں ہندوستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ۱۹۶؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد ان کی کارکردگی میں مستقل مزاجی کا فقدان نظر آیا۔ 
  جیفری بائیکاٹ نے ڈیلی ٹیلی گراف میں اپنے کالم میں لکھا کہ ہم ابھی اس نتیجے پر نہیں پہنچ سکتے کہ کراؤلی اور پوپ نے اپنے تکنیکی اور ذہنی مسائل کو حل کرلیا ہے جو ان کے کریئر کو متاثر کر رہے تھے، کیونکہ زمبابوے کی بولنگ انتہائی معمولی تھی۔ انگلینڈ کے سرفہرست۳؍ بلے بازوں کراؤلی، بین ڈکٹ اور اولی پوپ نے سنچریاں اسکور کیں اور میزبان ٹیم نے زمبابوے کے خلاف۶؍ وکٹ پر ۵۶۵؍رنوں پر اننگز ڈکلیئر کر دی جسے انگلینڈ نے کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں اننگز اور ۴۵؍ رنوں سے جیت لیا تھا۔ 
  بائیکاٹ نے کہا کہ وہ میڈیم پیسر تھے جو کراؤلی اور پوپ کی بلے بازی میں کسی خامی کو سامنے لانے کے لئے اتنے اچھے نہیں تھے۔ ہمیں دونوں بلے بازوں کی تکنیکی صلاحیت دیکھنے کے لئے ہندوستان ٹیم کے خلاف سیریز تک انتظار کرنا پڑے گا کہ کیا واقعی بہتر گیند بازوں کے خلاف ان میں کوئی بہتری آئی ہے۔ یہ کارؤلی اور پوپ کے لئے ایک حقیقی امتحان ہو گا اور ہم بہتر اندازہ لگا سکیں گے کہ وہ اس وقت کہاں کھڑے ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ۲۰؍ جون سے لیڈز میں شروع ہوگا۔ اس کے بعد انگلینڈ کو ایشیز کھیلنے کے لئے آسٹریلیا جانا ہے، جہاں پہلا میچ۲۱؍ نومبرسے شروع ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK