• Sun, 11 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرکٹ اسٹار اسمرتی مندھانا کے کندھوں پر ایک اور ذمہ داری

Updated: October 11, 2026, 9:06 PM IST | New Delhi

یونیسف انڈیا نے معروف بین الاقوامی کرکٹر اسمرتی مندھانا کو اقوام متحدہ کی بچوں کے حقوق کی ایجنسی کی سیلیبریٹی ایڈوکیٹ مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ اس نئی ذمہ داری کے تحت مندھانا بچوں اور نوجوانوں کے مساوی حقوق اور مواقع کی حمایت کے لیے اپنی سابقہ کوششوں کو مزید آگے بڑھائیں گی۔

Smriti Mandhana.Photo:X
اسمرتی مندھانا۔ تصویر:ایکس

 یونیسف انڈیا نے  اتوارکو معروف بین الاقوامی کرکٹر اسمرتی مندھانا کو اقوام متحدہ کی بچوں کے حقوق کی ایجنسی کی سیلیبریٹی ایڈوکیٹ مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ اس نئی ذمہ داری کے تحت مندھانا بچوں اور نوجوانوں کے مساوی حقوق اور مواقع کی حمایت کے لیے اپنی سابقہ کوششوں کو مزید آگے بڑھائیں گی۔

یہ تقرری ۱۱؍ اکتوبر کو منائے جانے والے بین الاقوامی یومِ بچیوں کے موقع پر کی گئی ہے، جو بچیوں کے حقوق، تحفظ، صلاحیتوں اور قیادت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان رکاوٹوں کی جانب بھی توجہ مبذول کراتا ہے جو اب بھی ان کے مواقع اور انتخاب کو محدود کرتی ہیں۔ ہندوستان کی معروف اسپورٹس آئیکن اور نوجوان خواتین و بچیوں کے لیے رول ماڈل مندھانا، بچیوں کو کھیلنے اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کی وکالت کریں گی۔ وہ یونیسف انڈیا کی کوششوں میں تعاون کرتے ہوئے نوعمر بچیوں کو بااختیار بنانے، ان کی صحت اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے اور انہیں اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے قابل بنانے کے لیے کام کریں گی۔

یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیا کی خاتون ٹیم نے بنگلہ دیش کو نو وکٹ سے شکست دے کر سیریز جیتی

مندھانا نے کہاکہ میں یونیسف انڈیا کی سیلیبریٹی ایڈوکیٹ کے طور پر اس مہم سے وابستہ ہوکر خود کو اعزاز یافتہ محسوس کر رہی ہوں۔ بچپن میں کرکٹ کھیلنے سے مجھے یہ سیکھنے کا موقع ملا کہ ہر خواب ایک موقع سے شروع ہوتا ہے۔ محنت، عزم اور حوصلہ افزائی سے یہی موقع کچھ غیر معمولی میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ ہر بچے اور نوجوان کو بڑے خواب دیکھنے اور اپنی مکمل صلاحیت حاصل کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔ 
ارجن ایوارڈ یافتہ اور ہندوستان کی سرکردہ کرکٹرز میں شامل مندھانا ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہیں۔ وہ اس ٹیم کا حصہ تھیں جس نے ۲۰۲۵ء میں ہندوستان کو پہلی آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ ٹرافی دلائی۔ اسی سال وہ ایک کیلنڈر سال میں ایک ہزار سے زیادہ ون ڈے رن بنانے والی پہلی خاتون بنیں اور پانچ ون ڈے سنچریاں بناکر ریکارڈ قائم کیا۔۲۰۲۶ء میں وہ خواتین کی بین الاقوامی کرکٹ اور خواتین کے ٹی ۲۰؍ بین الاقوامی مقابلوں میں سب سے زیادہ رن بنانے والی کھلاڑی بنیں۔ وہ دنیا کی نمبر ایک ون ڈے خواتین بلے باز ہیں اور دو مرتبہ آئی سی سی ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:امیتابھ بچن کی سالگرہ کے موقع پر سائرہ بانو نے پرانی یادیں تازہ کردیں

یونیسف انڈیا کی نمائندہ سنتھیا میک کیفری نے کہا کہ ہم  بین الاقوامی یومِ بچیوں کے موقع پر اسمرتی مندھانا کا یونیسف انڈیا کی سیلیبریٹی ایڈووکیٹ کے طور پر خیرمقدم کرتے ہوئے خوش ہیں۔ ایک باصلاحیت نوجوان ایتھلیٹ سے عالمی کرکٹ آئیکن تک اسمرتی کا سفر بچیوں کو دکھاتا ہے کہ جب صلاحیتوں کو مواقع ملتے ہیں تو کیا کچھ ممکن ہوسکتا ہے۔ ایسے وقت میں جب ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی بچوں اور نوجوانوں کی آبادی کا گھر ہے، بچیوں کے حقوق، قیادت اور فلاح و بہبود میں سرمایہ کاری ملک کے لیے سب سے دانشمندانہ سرمایہ کاری ہے۔ ہم اسمرتی کے ساتھ شراکت داری کے منتظر ہیں تاکہ ہر بچی کو سیکھنے، کھیلنے، قیادت کرنے اور اپنی مکمل صلاحیت حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔  مندھانا اس سے قبل صنفی مساوات اور زندگی کی مہارتوں پر مرکوز یونیسف-آئی سی سی کی مہمات کے علاوہ یونیسف کی پرامس ٹو چلڈرن  مہم کی بھی حمایت کرچکی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK