Updated: September 14, 2026, 7:16 PM IST
| Riyadh
فٹبال کے میدان میں حریف ٹیم کے مداحوں کی جانب سےآنجہانی فٹبالر دیوگو ژوتا کا نام لے کر روبن نیویس کو مشتعل کرنے کی کوشش پر کرسٹیانو رونالڈو شدید برہم ہوگئے۔ رونالڈو نے سعودی پرو لیگ سے ایسے مداحوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں اسٹیڈیم میں داخلے سے تاحیات روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
رونالڈو۔ تصویر: آئی این این۔
کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی پرو لیگ سے مطالبہ کیا ہے کہ روبن نیویس کو ان کے آنجہانی سابق ساتھی اور قریبی دوست دیوگو ژوتا کا نام لے کر طعنے دینے والے مداحوں پر تاحیات پابندی عائد کی جائے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ال تعاؤن کے حامی، ال ہلال کے مڈفیلڈر روبن نیویس کو مشتعل کرنے کے لیے بار بار ’’ژوتا، ژوتا، ژوتا‘‘ کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس دوران نیویس نے آسمان کی طرف اشارہ کیا اور پھر اپنی آنکھوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے گویا مداحوں کو یہ پیغام دیا کہ ’’خدا دیکھ رہا ہے۔ ‘‘
میچ کے بعد جب نیویس سے ان نعروں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا: ’’مجھے امید ہے کہ وہ بعد میں نماز پڑھنے نہیں جائیں گے۔ ‘‘ ال ہلال نے یہ مقابلہ شاندار انداز میں ۶۔ صفر سے جیتا۔ سعودی عرب کے فٹبال منصوبے کا نمایاں چہرہ سمجھے جانے والے کرسٹیانو رونالڈو نے بھی انسٹاگرام پر ان مداحوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے نیویس کو مرحوم دوست کا نام لے کر طعنے دیئے۔ انہوں نے سعودی پرو لیگ سے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا:’’لیگ کو اس طرح کے مداحوں کے رویے کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے اور انہیں سزا دینی چاہیے۔ یہ اب فٹبال نہیں رہا، اس کی کچھ حدود ہونی چاہئیں۔ جو لوگ اس طرح کا رویہ اختیار کرتے ہیں، انہیں دوبارہ کبھی اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: کینی بیڈناریک نےالٹیمیٹ چمپئن شپ کا خطاب جیت لیا
لیورپول کے سابق فارورڈ دیوگو ژوتا جولائی۲۰۲۵ء میں ایک المناک کار حادثے میں اپنے بھائی آندرے سلوا کے ہمراہ انتقال کر گئے تھے، جس پر دنیا بھر کے فٹبال حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔ رونالڈو نے ورلڈ کپ میں ژوتا کو خراج عقیدت پیش کرنے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ کروشیا کے خلاف راؤنڈ آف۳۲؍ کی فتح کے بعد انہوں نے پرتگال کی ایسی شرٹ پہن کر خراج عقیدت پیش کیا تھا جس پر نمبر ۲۱؍ درج تھا، جو ژوتا کا سابق قومی ٹیم نمبر تھا۔ روبن نیویس نے بھی اپنی بائیں پنڈلی پر اپنی اور ژوتا کی تصویر کا ٹیٹو بنوا رکھا ہے۔ دونوں نے پرتگال اور وولورہیمپٹن وانڈرز کے لیے ایک ساتھ کھیلتے ہوئے فٹبال میں اپنی شناخت بنائی تھی۔ نیویس ژوتا کی آخری رسومات میں تابوت اٹھانے والوں میں بھی شامل تھے۔
سعودی عرب کے انٹرنیشنل کھلاڑی صالح ابو الشامات نے بھی ان نعروں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کے اس عمل کو ’’غلط اور ناقابل قبول‘‘ قرار دیا اور کہا کہ یہ اسلامی تعلیمات کے بھی خلاف ہے۔ ابو الشامات نے انسٹاگرام پر لکھا:’’میں آج ہم سب کے سامنے آنے والے ایک واقعے کی جانب توجہ دلانا چاہتا ہوں۔ بحیثیت مسلمان، میں نے اسے اپنا فرض سمجھا کہ اس معاملے کو سامنے لاؤں اور لوگوں میں آگاہی پیدا کروں۔ یقیناً کوئی بھی انسان کامل نہیں ہوتا، لیکن ال ہلال کے خلاف میچ کے دوران ال تعاؤن کے بعض مداحوں کا رویہ صرف ہمارے کلب کا معاملہ نہیں بلکہ اس کا تعلق ہمارے عظیم دین اسلام سے بھی ہے۔ رقابت کتنی ہی شدید کیوں نہ ہو یا صورتحال کتنی ہی کشیدہ کیوں نہ ہو، ہمیں کبھی بھی مردوں کی موت پر خوشی کا اظہار کرنے، تہمت لگانے، لوگوں کے خاندانوں یا مرحومین کو نشانہ بنانے کی سطح تک نہیں گرنا چاہیے۔ ‘‘